تہران: اسلامی انقلابی گارڈ کور کے خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے ترجمان نے منگل کے روز کہا ہے کہ اگر کوئی بھی ملک ایران پر حملہ کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کا سخت جواب دیا جائے گا اور جارح کی “ٹانگیں کاٹ دی جائیں گی”، یہ بات ایرانی سرکاری میڈیا پریس ٹی وی نے نقل کی ہے۔
خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹر کے ترجمان ابراہیم ذوالفقاری کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایران کی مسلح افواج کسی بھی حملہ آور کے خلاف بھرپور کارروائی کریں گی۔
رپورٹس کے مطابق روسی چیچن یونٹس بھی ممکنہ امریکی زمینی حملے کی صورت میں ایران میں تعیناتی کے لیے تیار ہیں۔
اس سے قبل وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران کے خلاف جاری فوجی مہم کو ختم کرنے پر غور کر رہے ہیں چاہے آبنائے ہرمز بند ہی کیوں نہ رہے۔ انہوں نے اپنے مشیروں کو اشارہ دیا ہے کہ وہ چار سے چھ ہفتوں کے اندر فوجی کارروائیاں سمیٹنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ فیصلہ ایران کے لیے اس اہم آبی گزرگاہ پر کنٹرول کو مزید مضبوط کر سکتا ہے اور توجہ سفارتی کوششوں کی جانب منتقل ہو سکتی ہے۔ ٹرمپ کا ماننا ہے کہ ایران کی بحری اور میزائل صلاحیتوں کو کمزور کر کے بنیادی فوجی اہداف حاصل کیے جا چکے ہیں۔
دوسری جانب ایرانی پارلیمان کی سکیورٹی کمیٹی نے پیر کے روز آبنائے ہرمز مینجمنٹ پلان کی منظوری دی ہے جس میں اس اہم راستے سے گزرنے والے جہازوں پر ٹول ٹیکس عائد کرنے کی تجاویز شامل ہیں۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اس منصوبے میں سکیورٹی انتظامات جہازوں کی حفاظت ماحولیاتی تحفظ اور مالی امور جیسے نکات شامل ہیں۔
اس منصوبے کے تحت امریکی اور اسرائیلی جہازوں کے گزرنے پر پابندی عائد کی گئی ہے جبکہ ایران کی خودمختاری اور اس کی مسلح افواج کے کردار کو مزید مضبوط کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عمان کے ساتھ قانونی فریم ورک قائم کرنے کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔
یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب مغربی ایشیا میں ایران اور امریکہ اسرائیل اتحاد کے درمیان کشیدگی اپنے دوسرے مہینے میں داخل ہو چکی ہے اور ایران دنیا کی اہم ترین سمندری گزرگاہوں میں سے ایک پر اپنا کنٹرول مضبوط کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
قبل ازیں ایرانی پارلیمان کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے امریکہ پر خفیہ طور پر زمینی حملے کی سازش کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ایران اس کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ خلیجی ممالک جو امریکہ کو اپنی سرزمین استعمال کرنے کی اجازت دے رہے ہیں انہیں بھی سزا دی جائے گی۔