جہاں سب سے زیادہ تکلیف ہوگی وہاں سخت وار کریں گے- ٹرمپ کی ایران کو وارننگ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 10-01-2026
جہاں سب سے زیادہ تکلیف ہوگی وہاں سخت وار کریں گے- ٹرمپ کی ایران کو وارننگ
جہاں سب سے زیادہ تکلیف ہوگی وہاں سخت وار کریں گے- ٹرمپ کی ایران کو وارننگ

 



 واشنگٹن ڈی سی :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کے روز مقامی وقت کے مطابق کہا کہ ایران کی صورتحال پر نہایت گہری نظر رکھی جا رہی ہے اور انہوں نے ملک میں جاری احتجاج میں شامل افراد کے محفوظ رہنے کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر مظاہرین کو قتل کیا گیا تو امریکہ مداخلت کرے گا اور ایران کو وہاں نشانہ بنایا جائے گا جہاں سب سے زیادہ تکلیف ہو۔

ٹرمپ نے یہ باتیں وائٹ ہاؤس میں تیل اور گیس کے شعبے سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ملاقات کے دوران میڈیا کے سوالات کے جواب میں کہیں۔

ایران کے بارے میں سوال پر امریکی صدر نے کہا کہ ایران بڑے بحران میں ہے۔ ان کے مطابق ایسا لگتا ہے کہ عوام کچھ شہروں پر کنٹرول حاصل کر رہے ہیں جن کے بارے میں کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم صورتحال کو بہت احتیاط سے دیکھ رہے ہیں۔ میں نے نہایت واضح انداز میں کہا ہے کہ اگر انہوں نے ماضی کی طرح لوگوں کو قتل کرنا شروع کیا تو ہم مداخلت کریں گے۔ ہم انہیں وہاں سخت نشانہ بنائیں گے جہاں سب سے زیادہ تکلیف ہو۔ اس کا مطلب زمینی فوجی مداخلت نہیں ہے بلکہ ایسے اقدامات ہیں جو انہیں شدید نقصان پہنچائیں گے اور ہم نہیں چاہتے کہ نوبت وہاں تک پہنچے۔

امریکی صدر نے مزید کہا کہ ایران میں جو کچھ ہو رہا ہے وہ غیر معمولی ہے اور دیکھنے کے قابل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک حیران کن صورتحال ہے۔ حکومت نے اپنے عوام کے ساتھ بہت برا سلوک کیا ہے اور اب اس کا جواب مل رہا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آگے کیا ہوتا ہے۔ ہم اس پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔

مظاہرین کے حوالے سے ٹرمپ نے کہا کہ وہ صرف یہی امید کرتے ہیں کہ ایران میں مظاہرین محفوظ رہیں کیونکہ اس وقت وہاں حالات نہایت خطرناک ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر ایرانی قیادت کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بہتر ہے کہ وہ فائرنگ شروع نہ کریں کیونکہ اگر ایسا ہوا تو ہم بھی جواب دیں گے۔

پالیسی ریسرچ ادارے انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف وار کے مطابق 7 جنوری کے بعد سے ایران میں احتجاجی سرگرمیوں میں رفتار اور وسعت دونوں اعتبار سے غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔ ان سرگرمیوں میں تہران سمیت بڑے شہر اور شمال مغربی ایران کے علاقے شامل ہیں۔ تھنک ٹینک کے مطابق ایرانی حکومت نے کریک ڈاؤن میں شدت پیدا کی ہے اور کم از کم ایک صوبے میں مظاہروں کو دبانے کے لیے اسلامی انقلابی گارڈز کور کی زمینی فورسز کا استعمال بھی کیا گیا ہے۔

اس سے قبل 9 جنوری کو ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے بڑے پیمانے پر ہونے والے احتجاج کے پیچھے امریکی انتظامیہ کا ہاتھ ہونے کا الزام عائد کیا تھا۔ ایک عوامی خطاب میں انہوں نے کہا کہ مظاہرین امریکی صدر کو خوش کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ کچھ عناصر ایسے بھی ہیں جن کا کام صرف تخریب کاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات تہران اور بعض دیگر مقامات پر چند شرپسندوں نے اپنے ہی ملک کی عمارتوں کو نقصان پہنچایا۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ کسی عمارت یا دیوار کو صرف اس لیے تباہ کیا گیا تاکہ امریکی صدر کو خوش کیا جا سکے کیونکہ اس نے غیر متعلق باتیں کی تھیں اور کہا تھا کہ اگر ایرانی حکومت ایسا کرے گی تو وہ ان کے ساتھ آ کھڑا ہوگا۔ خامنہ ای نے کہا کہ یہ لوگ انہی شرپسندوں اور ملک کو نقصان پہنچانے والوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی بات کر رہا ہے اور یہی لوگ اس سے امیدیں لگائے بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر وہ کر سکتا ہے تو پہلے اپنے ملک کو سنبھالے کیونکہ اس کے اپنے ملک میں بھی کئی واقعات ہو رہے ہیں۔

آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی صدر ٹرمپ پر آمرانہ رویہ اختیار کرنے کا الزام بھی لگایا اور کہا کہ آمروں کا انجام غرور کے عروج پر ہی ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اری قوم غیر ملکی طاقتوں کے لیے کرائے پر کام کرنے والوں کو برداشت نہیں کرتی۔ جو بھی کسی غیر ملکی کا آلہ کار بنتا ہے قوم اسے مسترد کر دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص غرور اور تکبر کے ساتھ بیٹھ کر پوری دنیا پر فیصلے صادر کرتا ہے اسے یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ تاریخ میں فرعون نمرود رضا خان محمد رضا اور دیگر آمر اسی وقت اقتدار سے ہٹائے گئے جب وہ اپنے غرور کے عروج پر تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا انجام بھی مختلف نہیں ہوگا۔