جنیوا/ آواز دی وائس
عالمی ادارۂ صحت نے ہندوستان میں تیار کی گئی تین مضر صحت کھانسی کی شربتوں کے سلسلے میں ایک طبی انتباہ جاری کیا ہے۔ ادارے نے خبردار کیا ہے کہ یہ مشتبہ شربتیں، جو عام طور پر زکام، فلو اور کھانسی کے علاج کے لیے استعمال کی جاتی ہیں، شدید بیماریوں اور بچوں کی اموات سے منسلک پائی گئی ہیں اور یہ انسانی صحت کے لیے انتہائی خطرناک اور جان لیوا ثابت ہو سکتی ہیں۔
ڈبلیو ایچ او نے دنیا بھر کے صحت حکام سے اپیل کی ہے کہ اگر یہ مصنوعات ان کے ممالک میں دستیاب ہوں تو فوری طور پر ادارے کو مطلع کریں۔ ادارے نے واضح کیا کہ ایسی دوائیں دو سال سے کم عمر کے بچوں کو نہیں دی جانی چاہئیں اور عام طور پر پانچ سال سے کم عمر کے بچوں کے لیے ان کا استعمال تجویز نہیں کیا جاتا۔
ڈبلیو ایچ او نے تین مخصوص دوائیں متاثرہ کے طور پر شناخت کی ہیں
کولڈرف – سِریسن فارماسیوٹیکل
ریسپی فریش ٹی آر – ریڈنیکس فارماسیوٹیکل
ری لائف – شیپ فارما
ادارے کے مطابق یہ مصنوعات معیاری معیار اور تکنیکی وضاحتوں پر پورا نہیں اترتیں، اس لیے انہیں غیر معیاری قرار دیا گیا ہے۔ 8 اکتوبر کو ہندوستان کے سینٹرل ڈرگز اسٹینڈرڈ کنٹرول آرگنائزیشن نے ڈبلیو ایچ او کو اطلاع دی کہ ان تین مصنوعات — کولڈرف، ریسپی فریش ٹی آر، اور ری لائف — میں ڈائی ایتھیلین گلائکول کی موجودگی پائی گئی ہے۔ گزشتہ ہفتے مدھیہ پردیش میں کئی بچوں کی اموات کے بعد، جو کولڈرف شربت کے استعمال سے منسلک تھیں، حکومتِ ہند نے تمام ریاستوں اور مرکز کے زیرِ انتظام علاقوں کو مشورہ دیا کہ بچوں کے لیے کھانسی کی شربت تجویز کرنے میں انتہائی احتیاط برتی جائے۔
کولڈرف شربت، جو تمل ناڈو میں سِریسن فارماسیوٹیکل کے ذریعہ تیار کی گئی تھی، میں زہریلے کیمیکل ڈائی ایتھیلین گلائکول کی خطرناک مقدار پائی گئی۔ اس کے بعد کمپنی کا مینوفیکچرنگ لائسنس منسوخ کر دیا گیا اور اس کے مالک جی رنگناتھن کو گرفتار کر لیا گیا۔
ڈبلیو ایچ او نے وضاحت کی کہ ڈائی ایتھیلین گلائکول انسان کے لیے زہریلا ہے اور اس کے استعمال سے موت واقع ہو سکتی ہے۔ یہ آلودہ مائع دوائیں غیر محفوظ ہیں اور ان کا استعمال، خصوصاً بچوں میں، سنگین نقصان یا موت کا سبب بن سکتا ہے۔ اس کے زہریلے اثرات میں پیٹ درد، قے، اسہال، پیشاب کی بندش، سردرد، ذہنی انتشار، اور گردوں کی ناکامی شامل ہیں جو موت تک پہنچا سکتے ہیں۔ سی ڈی ایس سی او نے تصدیق کی ہے کہ متعلقہ ریاستی حکام نے متاثرہ کمپنیوں کی پیداوار فوری طور پر بند کروا دی ہے، اور ان مصنوعات کا بازار سے واپس بلانے (ری کال) کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
ادارے نے مزید بتایا کہ آلودہ دواؤں کی کوئی بھی کھیپ ہندوستان سے برآمد نہیں کی گئی اور اس وقت غیر قانونی برآمدات کا کوئی ثبوت موجود نہیں ہے۔ تاہم، ڈبلیو ایچ او نے تمام ممالک کے قومی ریگولیٹری اتھارٹیز کو ہدایت دی ہے کہ وہ بازار میں موجود غیر رسمی یا غیر منظم سپلائی چینز پر خصوصی نظر رکھیں جہاں ایسی مصنوعات ممکنہ طور پر گردش کر سکتی ہیں۔
اس نے یہ بھی کہا کہ این آر اے کو اُن تمام مائع دواؤں کا بغور جائزہ لینا چاہیے جو انہی مینوفیکچرنگ مراکز سے تیار کی گئی ہوں ۔خاص طور پر وہ جو دسمبر 2024 کے بعد تیار کی گئی ہیں۔
ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ وہ ہندوستانی صحت حکام کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ صورتحال کی نگرانی، آلودگی کے اصل منبع کی شناخت، اور عوامی صحت کے خطرات کو کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے جا سکیں۔