ٹرمپ گرین لینڈ کے حصول کے لیے تبادلہ خیال کر رہے ہیں: وائٹ ہاؤس

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 08-01-2026
ٹرمپ گرین لینڈ کے حصول کے لیے تبادلہ خیال کر رہے ہیں: وائٹ ہاؤس
ٹرمپ گرین لینڈ کے حصول کے لیے تبادلہ خیال کر رہے ہیں: وائٹ ہاؤس

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
وائٹ ہاؤس نے عندیہ دیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ گرین لینڈ کو حاصل کرنے کے لیے مختلف طریقوں پر غور کر رہے ہیں، اور یہ بات واضح کر دی گئی ہے کہ امریکی فوج کے استعمال کے امکان کو بھی خارج از امکان نہیں سمجھا جا رہا۔
منگل کو جاری ایک بیان میں وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیویٹ نے سی این این کو بتایا کہ کہ صدر ٹرمپ یہ بات کھل کر کہہ چکے ہیں کہ گرین لینڈ کا حصول امریکا کی قومی سلامتی کی ترجیح ہے، اور آرکٹک خطے میں اپنے مخالفین کو روکنے کے لیے یہ انتہائی اہم ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ صدر اور ان کی ٹیم اس اہم خارجہ پالیسی ہدف کو حاصل کرنے کے لیے مختلف آپشنز پر غور کر رہی ہے، اور ظاہر ہے کہ کمانڈر اِن چیف کے اختیار میں امریکی فوج کا استعمال بھی ایک آپشن ہے۔ یہ بیانات ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اس ہفتے قانون سازوں کو گرین لینڈ خریدنے میں انتظامیہ کی نئی دلچسپی کے بارے میں بریفنگ دی، تاہم فوری طور پر امریکی فوجی کارروائی کے امکان کو کم اہم قرار دیا۔ سی این این کے مطابق، اس بریفنگ سے واقف دو ذرائع نے یہ معلومات فراہم کیں۔
اگرچہ حالیہ مہینوں میں وسائل سے مالا مال اور خود مختار ڈینش علاقے گرین لینڈ میں انتظامیہ کی دلچسپی کو عوامی طور پر زیادہ اجاگر نہیں کیا گیا، لیکن رپورٹ کے مطابق حکام اس معاملے پر اندرونی سطح پر غور و خوض جاری رکھے ہوئے ہیں۔ روبیو کی ٹیم کی درخواست پر امریکی محکمہ خارجہ نے حال ہی میں گرین لینڈ کے غیر استعمال شدہ قدرتی وسائل، بشمول نایاب ارضی معدنیات، کا جائزہ لیا۔ سی این این کے حوالے سے ایک ذریعے نے بتایا کہ اس تجزیے میں ان وسائل کے حجم کے بارے میں کوئی قابلِ اعتماد تخمینہ سامنے نہیں آ سکا، اور یہ بھی نشاندہی کی گئی کہ سخت موسمی حالات اور محدود انفراسٹرکچر کے باعث ان وسائل کا استخراج بے حد مہنگا ہوگا۔
حالیہ دنوں میں ٹرمپ نے توسیع پسندانہ خارجہ پالیسی رویہ اختیار کیا ہے، جس میں گرین لینڈ پر دوبارہ توجہ شامل ہے۔ یہ پیش رفت وینزویلا کے رہنما نکولس مادورو کی امریکی گرفت کے بعد سامنے آئی ہے۔
اتوار کے روز ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا  کہ قومی سلامتی کے نقطۂ نظر سے ہمیں گرین لینڈ کی ضرورت ہے، اور ڈنمارک یہ کام نہیں کر سکے گا۔
وائٹ ہاؤس کے سینئر معاون اسٹیفن ملر نے پیر کو انتظامیہ کے مؤقف کو مزید مضبوط کرتے ہوئے سی این این کے جیک ٹیپر کو بتایا کہ “گرین لینڈ کے مستقبل پر کوئی بھی ملک امریکا کے خلاف فوجی طور پر نہیں لڑے گا”، اور ساتھ ہی نیٹو اتحادی ہونے کے باوجود ڈنمارک کے اس علاقے پر دعوے پر سوال اٹھایا۔
امریکا کی اس نئی دلچسپی کے بعد یورپی رہنماؤں نے ڈنمارک کی حمایت میں ایک مشترکہ بیان جاری کیا، جس میں کہا گیا کہ گرین لینڈ اس کے عوام کا ہے، اور اس بات پر زور دیا گیا کہ آرکٹک کی سلامتی نیٹو اتحادیوں، بشمول امریکا، کے ساتھ مل کر یقینی بنائی جانی چاہیے۔ فرانس، جرمنی، اٹلی، پولینڈ، اسپین، برطانیہ اور ڈنمارک کے رہنماؤں نے منگل کو یہ بیان جاری کیا۔
ڈنمارک کی وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن نے خبردار کیا کہ ٹرمپ کے عزائم کو  سنجیدگی سے لیا جانا چاہیے اور کہا کہ گرین لینڈ کے خلاف کسی بھی امریکی فوجی کارروائی کا مطلب عملی طور پر نیٹو کا خاتمہ ہو سکتا ہے۔ گرین لینڈ کی حکومت نے بھی منگل کو تصدیق کی کہ ٹرمپ انتظامیہ کے حالیہ بیانات کے بعد اس نے وزیر خارجہ روبیو سے ملاقات کی درخواست کی ہے۔
ٹرمپ طویل عرصے سے گرین لینڈ میں دلچسپی کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ یہ جزیرہ، جو تقریباً 8 لاکھ 36 ہزار مربع میل پر محیط ہے، امریکا، یورپ اور روس کے درمیان ایک اسٹریٹجک مقام رکھتا ہے اور تیل، گیس اور نایاب ارضی معدنیات کے ذخائر کے لیے جانا جاتا ہے۔ 2024 کا انتخاب جیتنے کے فوراً بعد انہوں نے اپنی پہلی مدتِ صدارت کے دوران پیش کی گئی گرین لینڈ خریدنے کی تجویز کو دوبارہ زندہ کیا، جسے ایک بار پھر مسترد کر دیا گیا۔
تقریباً ایک سال قبل، ٹرمپ نے فلوریڈا میں اپنے مار-اے-لاگو اسٹیٹ پر ایک نیوز کانفرنس کی تھی، جہاں انہوں نے گرین لینڈ پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے فوجی کارروائی کے امکان کو رد نہیں کیا تھا۔ گزشتہ مارچ میں کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا تھا، “میرا خیال ہے کہ ہم اسے حاصل کر لیں گے۔ ایک نہ ایک طریقے سے، ہم اسے حاصل کر لیں گے۔”
اسی مہینے کے آخر میں نائب صدر جے ڈی وینس نے گرین لینڈ کا ایک متنازع دورہ کیا، جس کی مقامی رہنماؤں نے مخالفت کی۔ امریکی پٹوفک اسپیس بیس پر خطاب کرتے ہوئے وینس نے کہا کہ ڈنمارک کے لیے ہمارا پیغام بہت سادہ ہے: آپ نے گرین لینڈ کے عوام کے لیے اچھا کام نہیں کیا۔
وینس بار بار یہ دلیل دیتے رہے کہ یہ جزیرہ کمزور ہے اور امریکا کے پاس وہاں اپنی موجودگی بڑھانے کے سوا “کوئی اور آپشن” نہیں۔ انتظامیہ کی اس نئی توجہ پر ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز دونوں نے تنقید کی ہے۔ ایریزونا سے ڈیموکریٹ سینیٹر روبن گالیگو نے اعلان کیا کہ وہ گرین لینڈ پر کسی بھی امریکی حملے کو روکنے کے لیے ایک قرارداد پیش کریں گے۔ انہوں نے ایکس پر لکھا کہ ٹرمپ ہمیں صاف صاف بتا رہے ہیں کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔ ہمیں انہیں کسی اور ملک پر من مانی حملے سے پہلے روکنا ہوگا۔
ریپبلکن رکنِ کانگریس ڈان بیکن، جو ہاؤس آرمڈ سروسز کمیٹی کے رکن ہیں، نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ اس خیال کو ترک کر دے، اور ریپبلکنز سے اپیل کی کہ گرین لینڈ کی جانب کسی بھی فوجی قدم کی “متفقہ مخالفت” کریں۔
منگل کو سی این این کے پروگرام دی لیڈ میں جیک ٹیپر سے بات کرتے ہوئے بیکن نے کہا کہ یہ انتہائی تشویشناک ہے۔ گرین لینڈ نیٹو کا اتحادی ہے۔ وہاں ہماری ایک بیس موجود ہے۔ ہم چار یا پانچ بیسیں بھی بنا سکتے ہیں، اور انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔
ڈنمارک کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ وہ ایک ثابت شدہ اتحادی ہیں، اس لیے جس طرح ہم ان کے ساتھ برتاؤ کر رہے ہیں وہ واقعی توہین آمیز ہے، اور اس کا کوئی فائدہ نہیں۔
ایک مشترکہ بیان میں ڈیموکریٹ سینیٹر جین شاہین اور ریپبلکن سینیٹر تھام ٹِلس، جو دو جماعتی سینیٹ نیٹو آبزرور گروپ کے شریک چیئرمین ہیں، نے ڈنمارک کے ساتھ امریکی شراکت داری کی توثیق کی اور اسے ایسا اتحادی قرار دیا جس نے “ہماری غیر متزلزل عزت کمائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈنمارک “نمایاں طور پر اپنے دفاعی اخراجات بڑھا رہا ہے اور آرکٹک سلامتی میں ایک اہم شراکت دار ہے۔
سینیٹرز نے کہا کہ یہ تجویز دینا کہ ہمارا ملک کسی نیٹو اتحادی کو دباؤ یا جبر کا نشانہ بنائے گا، خود ارادیت کے ان بنیادی اصولوں کو کمزور کرتا ہے جن کے دفاع کے لیے ہمارا اتحاد قائم ہے۔