امریکہ وزیر اعظم مودی کو روس اور چین کے قریب دھکیل رہا ہے: سابق ٹرمپ مشیر جان بولٹن

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 04-09-2025
امریکہ  وزیر اعظم مودی کو روس اور چین کے قریب دھکیل رہا ہے: سابق ٹرمپ مشیر جان بولٹن
امریکہ وزیر اعظم مودی کو روس اور چین کے قریب دھکیل رہا ہے: سابق ٹرمپ مشیر جان بولٹن

 



واشنگٹن ڈی سی:امریکہ کے سابق قومی سلامتی مشیر جان بولٹن نے جمعرات کو صدر ڈونالڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پالیسیوں کی وجہ سے وزیر اعظم نریندر مودی روس اور چین کے زیادہ قریب ہوتے جا رہے ہیں۔ بولٹن نے الزام لگایا کہ بھارت پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے فیصلے نے گزشتہ امریکی حکومتوں کی دہائیوں کی محنت ضائع کر دی ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس" پر اپنے بیان میں بولٹن نے کہا:"وہائٹ ہاؤس نے امریکہ-بھارت تعلقات کو دہائیوں پیچھے دھکیل دیا ہے، مودی کو روس اور چین کے قریب لے جا رہا ہے۔ بیجنگ نے خود کو امریکہ کے متبادل کے طور پر پیش کیا ہے اور ڈونالڈ ٹرمپ اس کا سہارا بن گئے ہیں۔"انہوں نے ٹرمپ کی ٹیرف پالیسی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس نے مغرب کی برسوں کی کوششوں کو "چیر پھاڑ" دیا ہے، جن کا مقصد بھارت کو سرد جنگ کے دور کے سوویت یونین/روس کے تعلقات سے دور رکھنا اور چین کے بڑھتے ہوئے خطرے سے خبردار کرنا تھا۔

جان بولٹن نے پیر کے روز ایک سلسلے وار پوسٹس میں کہا کہ ٹرمپ نے اپنی اقتصادی پالیسی کے ذریعے اسٹریٹجک کامیابیوں کو داؤ پر لگا دیا ہے اور اس سے چینی صدر شی جن پنگ کو مشرق میں جغرافیائی سیاسی نقشہ بدلنے کا موقع مل گیا ہے۔

ایک اور پوسٹ میں انہوں نے لکھا:"مغرب نے دہائیوں اس پر لگائیں کہ بھارت کو سرد جنگ کے دور کے سوویت یونین/روس کے لگاؤ سے الگ کیا جائے اور چین کے خطرے سے خبردار کیا جائے۔ ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنی تباہ کن ٹیرف پالیسی سے ان دہائیوں کی کوششوں کو برباد کر دیا ہے۔"

جان بولٹن نے مزید کہا:"ڈونالڈ ٹرمپ کی یہ نااہلی کہ وہ سفارتی اقدامات کو بڑے اسٹریٹجک تناظر میں دیکھیں، شی جن پنگ کو مشرق میں توازن بدلنے کا موقع فراہم کر رہی ہے۔"

جان بولٹن 2018 سے 2019 تک صدر ٹرمپ کے قومی سلامتی مشیر رہے۔ بعد میں انہوں نے اس وقت کی امریکی خارجہ پالیسی پر اختلافات کے باعث استعفیٰ دے دیا تھا۔

ان کے یہ بیانات ایسے وقت پر سامنے آئے ہیں جب نئی دہلی امریکی حکومت کی جانب سے بھارتی درآمدات پر 50 فیصد ٹیرف عائد کرنے کے بعد اقتصادی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے، جس پر مزید 25 فیصد اضافہ روسی خام تیل کی خریداری کی وجہ سے کیا گیا۔

یہ تبصرے ایسے وقت پر بھی سامنے آئے ہیں جب چین کے شہر تیانجن میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے 25 ویں سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے روسی صدر ولادیمیر پوتن اور چینی صدر شی جن پنگ سے دو طرفہ ملاقاتیں کیں۔

مودی اور شی جن پنگ کی ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اس بات کو تسلیم کیا کہ بھارت اور چین کی معیشتیں عالمی تجارت کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔

دوسری جانب صدر پوتن کے ساتھ ملاقات میں وزیر اعظم مودی نے بھارت اور روس کے مضبوط تعلقات کو اجاگر کیا اور کہا کہ دونوں ممالک نے ہمیشہ مشکل ترین حالات میں بھی ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ مودی نے اس بات پر زور دیا کہ نئی دہلی اور ماسکو کے درمیان تعاون عالمی امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے نہایت اہم ہے۔

پوتن نے بھی اس بات کی نشاندہی کی کہ یہ سال بھارت-روس "خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹجک شراکت داری" کی 15ویں سالگرہ ہے۔