اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کیا وزیر اعظم نریندر مودی کا پرتپاک استقبال

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 25-02-2026
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کیا  وزیر اعظم نریندر مودی کا پرتپاک استقبال
اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کیا وزیر اعظم نریندر مودی کا پرتپاک استقبال

 



یروشلم :اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے وزیر اعظم نریندر مودی کا پرتپاک استقبال کرتے ہوئے انہیں گلے لگا کر خوش آمدید کہا اور اپنے پیغام میں لکھا کہ میرے عزیز دوست اسرائیل میں آپ کا خیرمقدم ہے۔ نریندر مودی دو روزہ سرکاری دورے پر تل ابیب پہنچے جہاں یہ خیرسگالی کا منظر دونوں ممالک کے مضبوط ہوتے تعلقات کی عکاسی کر رہا تھا۔

نیتن یاہو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر وزیر اعظم مودی کی آمد کی ویڈیو شیئر کی جس میں بھارتی اور اسرائیلی پرچم نمایاں تھے اور نمستے کا اشارہ بھی شامل تھا۔ یہ پیغام دونوں رہنماؤں کے درمیان ذاتی ہم آہنگی اور قریبی تعلق کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ دورہ نیتن یاہو کی دعوت پر عمل میں آیا جس کا مقصد دونوں ممالک کے مضبوط اور ہمہ جہت اسٹریٹجک اشتراک کو مزید وسعت دینا ہے۔

بن گوریون ایئرپورٹ پر نریندر مودی کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ نیتن یاہو اپنی اہلیہ سارہ نیتن یاہو کے ہمراہ خود استقبال کے لیے موجود تھے اور دونوں رہنماؤں نے گرمجوشی سے معانقہ کیا۔ بھارت میں اسرائیل کے سفیر رووین آزار بھی اعلیٰ حکام کے ساتھ استقبال میں شریک تھے۔

روانگی سے قبل نریندر مودی نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان تعلقات گزشتہ برسوں میں غیر معمولی رفتار سے آگے بڑھے ہیں اور یہ دورہ دو طرفہ تعاون کو مزید گہرا کرنے کا موقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں اشتراک بڑھانے کے لیے اپنے اسرائیلی ہم منصب سے تفصیلی بات چیت کی امید ظاہر کی۔

دورے کے حوالے سے یروشلم میں بھی غیر معمولی جوش و خروش دیکھا گیا۔ بازاروں اور عمارتوں پر بھارتی ترنگا آویزاں تھا جبکہ مقامی بھارتی برادری نے خیرمقدمی تقریبات کی تیاری کی۔ ہندی زبان کی آوازیں محلوں میں سنائی دے رہی تھیں جہاں بھارتی کمیونٹی نمایاں حیثیت رکھتی ہے۔

اس اہم دورے کے دوران وزیر اعظم مودی اسحاق ہرزوگ سے ملاقات کریں گے اور اسرائیلی پارلیمان کنیسٹ سے خطاب بھی کریں گے۔ وہ اسرائیلی پارلیمان سے خطاب کرنے والے پہلے بھارتی وزیر اعظم ہوں گے۔ خطاب سے قبل ان کی نیتن یاہو سے مختصر ملاقات بھی طے ہے۔

اس سے قبل صدر اسحاق ہرزوگ نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم مودی کے دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست اسرائیل اور اس کے عوام ان کے استقبال کے منتظر ہیں جو دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور قریبی تعلقات کا اظہار ہے۔