"ہمیں فوراً غزہ میں جنگ روکنی ہوگی": ٹرمپ کا اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 23-09-2025
"ہمیں فوراً غزہ میں جنگ روکنی ہوگی": ٹرمپ کا اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب

 



 

نیویارک :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80 ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کے لیے "گہری شمولیت" کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا: "ہمیں فوراً غزہ میں جنگ روکنی ہوگی۔

ٹرمپ نے غزہ میں موجود تمام یرغمالیوں کی فوری رہائی پر بھی زور دیا۔انہوں نے کہا  کہ ہمیں فوراً غزہ کی جنگ کو روکنا ہے، ہمیں یہ ختم کرنا ہوگا۔ ہمیں مذاکرات کرنے ہوں گے۔ ہمیں امن قائم کرنا ہوگا۔یرغمالیوں کی بازیابی پر زور دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ ہمیں یرغمالیوں کو واپس لانا ہے۔ ہم سب 20 کو واپس چاہتے ہیں۔ ہمیں وہ ابھی واپس لانا ہوگا۔ ہم اصل میں وہ 38 لاشیں بھی واپس چاہتے ہیں۔"ٹرمپ نے الزام لگایا کہ حماس نے "امن کے لیے بار بار دیے گئے معقول پیشکشوں کو مسترد کیا ہے"، جس کی فلسطینی تنظیم نے تردید کی ہے اور اسرائیل پر جنگ بندی کے معاہدوں میں رکاوٹ ڈالنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ دنوں میں کئی مغربی ملکوں کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا جانا "حماس کو انعام دینے کے مترادف ہے"۔

دوسری جانب یورپی کمیشن کی صدر ارسلا فان ڈیر لیین نے اپنے خطاب میں یورپ کے دو ریاستی حل کے عزم کو دہرایا اور فلسطین کی حمایت اور غزہ کی تعمیرِ نو کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ہم ایک فلسطین ڈونر گروپ قائم کریں گے۔ کیونکہ مستقبل کی کوئی بھی فلسطینی ریاست معاشی طور پر قابلِ عمل ہونی چاہیے۔ اور ہم یورپی لوگ غزہ کی تعمیر نو کے لیے ایک خصوصی فنڈ قائم کریں گے۔ غزہ کو دوبارہ تعمیر کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جب رات سب سے زیادہ تاریک ہو، تب ہمیں اپنے قطب نما پر قائم رہنا چاہیے، اور ہمارا قطب نما دو ریاستی حل ہے۔ اس جنگ کے آغاز سے ہی یورپ فلسطینی اتھارٹی کے لیے زندگی کی ڈور رہا ہے۔ لیکن ہمیں سب کو مزید کچھ کرنا ہوگا۔

محمود عباس کا خطاب

فلسطینی صدر محمود عباس نے ویڈیو لنک کے ذریعے اسمبلی سے خطاب کیا اور حماس کو اپنے ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کرنے کی وارننگ دی۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین کی ریاست ہی واحد ادارہ ہے جو غزہ میں مکمل طور پر حکومت اور سلامتی کی ذمہ داری سنبھالنے کی اہل ہے۔ حماس کا حکمرانی میں کوئی کردار نہیں ہوگا۔"انہوں نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جولائی میں منظور شدہ "نیویارک ڈیکلریشن" کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ "ایک ناقابلِ واپسی راستے کا آغاز" ہے، جو انسانی بحران اور اسرائیلی قبضے کے خاتمے کی طرف جاتا ہے۔ اس اعلامیے میں ایک آزاد فلسطینی ریاست کا تصور پیش کیا گیا ہے جس کا دارالحکومت مشرقی یروشلم ہوگا اور جو اسرائیل کے ساتھ پرامن بقائے باہمی میں رہے گی۔

عباس نے مستقل جنگ بندی، اقوامِ متحدہ کے ذریعے انسانی امداد کی رسائی، یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی اور غزہ سے اسرائیلی افواج کے انخلا کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اعلامیے میں زور دیا گیا ہے کہ ہمارے عوام کے خلاف جنگ فوراً اور پائیدار طور پر ختم ہونی چاہیے۔انہوں نے مزید کہا کہ غزہ اور مغربی کنارے کی تعمیر نو کا آغاز قاہرہ انٹرنیشنل کانفرنس کے ذریعے ہونا چاہیے۔عباس نے 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے حملوں اور اسرائیلی کارروائیوں دونوں کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہم قبضے کے جرائم کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم شہریوں کے قتل اور حراست کی بھی مذمت کرتے ہیں، جن میں حماس کے 7 اکتوبر 2023 کے اقدامات بھی شامل ہیں۔انہوں نے اسرائیل کی بستیوں کے پھیلاؤ، زمین کے الحاق، آبادکاروں کے تشدد اور اسلامی و مسیحی مقدس مقامات پر حملوں کی بھی مذمت کی اور خبردار کیا کہ "گریٹر اسرائیل کا بیانیہ عرب قومی سلامتی اور عالمی امن کے لیے براہِ راست خطرہ ہے۔

دیگر پیش رفت

یہ اجلاس فرانس اور سعودی عرب کی مشترکہ صدارت میں ہوا، جہاں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے باضابطہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔اسرائیل کے مطابق 7 اکتوبر 2023 کے حماس حملوں میں 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے، جب کہ غزہ میں اسرائیلی جوابی حملوں کے نتیجے میں اب تک 65,000 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔