وائٹ ہاؤس کی ٹرمپ سے ملاقات سے پہلے نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ممدانی پر دوبارہ تنقید

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 21-11-2025
وائٹ ہاؤس کی ٹرمپ سے ملاقات سے پہلے نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ممدانی پر دوبارہ تنقید
وائٹ ہاؤس کی ٹرمپ سے ملاقات سے پہلے نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر ممدانی پر دوبارہ تنقید

 



 

واشنگٹن ڈی سی -وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرو لائین لیویٹ نے جمعرات کو کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ ’’ہر اُس شخص سے ملنے کے لیے تیار ہیں‘‘ اور وہ ’’امریکی عوام کی خاطر درست قدم اٹھانے‘‘ کی کوشش کرتے ہیں۔ یہ بات اُس وقت کہی گئی جب نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر زوہرن ممدانی جمعہ کے روز وائٹ ہاؤس میں اوول آفس میں ٹرمپ سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

وائٹ ہاؤس نے ملاقات سے پہلے ممدانی پر ایک بار پھر تنقید کرتے ہوئے انہیں ’’کمیونسٹ‘‘ قرار دیا۔

لیویٹ نے پریس بریفنگ میں کہا،"صدر نے کہا ہے کہ نومنتخب میئر کل اوول آفس آ رہے ہیں، اس لیے ہماری ٹیمیں انتظامات کر رہی ہیں… یہ بات بہت کچھ ظاہر کرتی ہے کہ کل ایک ’کمیونسٹ‘ وائٹ ہاؤس آ رہا ہے، کیونکہ یہی وہ شخص ہے جسے ڈیموکریٹ پارٹی نے ملک کے سب سے بڑے شہر کا میئر منتخب کیا ہے۔"

انہوں نے دعویٰ کیا کہ نیویارک سٹی ’’بہت تیزی سے بائیں بازو کی طرف جھک رہا ہے، جتنا صدر نے سوچا بھی نہیں تھا‘‘۔

ان کا کہنا تھا،"یہ سب کچھ حیران کرنے والا ہے، مگر اس سے یہ بھی پتا چلتا ہے کہ صدر ٹرمپ ہر کسی سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں—چاہے وہ نیلے (ڈیموکریٹ) ریاستوں کے ہوں، سرخ (ری پبلکن) ریاستوں کے یا پھر اُن شہروں کے رہنے والے ہوں جو صدر کی توقع سے کہیں زیادہ بائیں جانب جھک رہے ہیں، حالانکہ ٹرمپ نے خود بھی برسوں نیویارک میں گزارے ہیں۔"

بدھ کے روز صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ نیویارک سٹی کے نومنتخب میئر زوہرن ’کوامے‘ ممدانی جمعہ کو اوول آفس میں ان سے ملاقات کریں گے۔

انہوں نے ٹروتھ سوشل پر لکھا:"نیویارک سٹی کے کمیونسٹ میئر، زوہرن ’کوامے‘ ممدانی نے ملاقات کی درخواست کی ہے۔ ہم نے اتفاق کیا ہے کہ ملاقات جمعہ، 21 نومبر کو اوول آفس میں ہو گی۔ مزید تفصیلات بعد میں دی جائیں گی!"

یہ اعلان ایسے وقت آیا ہے جب دونوں کے درمیان کئی ماہ سے سخت جملوں اور تنقید کا تبادلہ جاری تھا۔

نیویارک ٹائمز کے مطابق، حال ہی میں ممدانی کی ٹیم نے وائٹ ہاؤس سے رابطہ کیا تھا تاکہ نیویارک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اور رہائش کے بحران پر بات کرنے کے لیے ملاقات کی جا سکے۔ یہ رویہ اُن کی انتخابی مہم میں ٹرمپ پر کی گئی سخت تنقید کے مقابلے میں ایک بڑی تبدیلی سمجھا جا رہا ہے۔مہم کے دوران، ممدانی نے ٹرمپ کو ’’جمہوریت کے لیے خطرہ‘‘ قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ’’صرف وہی ٹرمپ کا مقابلہ کرنے کی ہمت رکھتے ہیں‘‘۔