’ہم تو فنا ہوگئے، آپ خود کو بچائیے،‘ اقوامِ متحدہ میں ڈائنوسار کا پیغام

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 01-11-2021
’ہم تو فنا ہوگئے، آپ خود کو بچائیے،‘ اقوامِ متحدہ میں ڈائنوسار کا پیغام
’ہم تو فنا ہوگئے، آپ خود کو بچائیے،‘ اقوامِ متحدہ میں ڈائنوسار کا پیغام

 

 

نیویارک: ’معدومیت کو منتخب نہ کیجیے!‘ یہ اہم پیغام کمپیوٹر گرافکس سے بنے ایک ڈائنوسار کی ویڈیو میں دیکھی جاسکتی ہے۔ یہ ویڈیو بدلتے ہوئے موسمی اور ماحولیاتی تناظر میں عالمی تقریب، یعنی ’کانفرنس آف پارٹیز‘ (سی او پی)26 کے موقع پر جاری کی گئی ہے جسے خود عالمی ادارے نے سراہا اور ٹویٹ کیا ہے۔

ویڈیو میں فرینکی نامی ڈائنوسار نیویارک میں اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اندرداخل ہوتا ہے۔ سیکیورٹی گارڈ سے مضحکہ خیز مکالمے کے بعد فرینکی ڈائس پر جاتا ہے اور اپنی مختصر تقریر کرتا ہے جسے وہ انسانیت کے لیے ایک سبق قرار دیتا ہے۔ ڈائنوسارفرینکی کہتا ہے کہ ’ میں ناپیدگی (ایکسٹنکشن) کے متعلق ایک دو باتیں جانتا ہوں۔ میں کہنا چاہوں گا کہ ناپید ہونا ایک خوفناک عمل ہے۔

ہم تو آسمانی پتھر یعنی شہابی ٹکر سے فنا ہوئے لیکن اب آپ انسانوں کے پاس کیا عذر ہے؟ آپ موسمیاتی تباہی کے دھانے پر کھڑے ہیں اور طرفہ تماشہ یہ ہے کہ عالمی حکومتیں ہر سال رکازی ایندھن پر کروڑوں اربوں ڈالر کی سبسڈی دے رہی ہیں۔ یہ بالکل ایسا ہی ہے کہ کوئی زمین سے ٹکرانے کے لیے آسمانی پتھر کو خود دعوت دے۔ ـ ڈائنوسار نے اقوامِ متحدہ میں اپنے خطاب میں کووڈ 19 وبا کا بھی ذکر کیا اور دنیا سے کہا کہ وہ اس سیارے کو بچانے کے لیے سنجیدہ کوشش کرے۔ واضح رہے کہ سی اوپی کانفرنس میں دنیا کے سربراہان اور دیگر ماہرین بدلتی ہوئی آب وہوا سے انسانیت کو لاحق ہونے والے خطرات اور ان کے حل پر غور کرے گی جس کے بعد عالمی بیانیہ جاری کیا جائے گا۔