وکرم مصری کا دورہ سری لنکا: ماہی گیروں کے مسئلے پر انسانی ہمدردی اپنانے پر زور

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 07-08-2026
وکرم مصری کا دورہ سری لنکا: ماہی گیروں کے مسئلے پر انسانی ہمدردی اپنانے پر زور
وکرم مصری کا دورہ سری لنکا: ماہی گیروں کے مسئلے پر انسانی ہمدردی اپنانے پر زور

 



نئی دہلی: ہندوستان نے جمعہ کو کہا کہ سری لنکا کے دورے کے دوران خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے دونوں ملکوں کے درمیان ماہی گیروں کے مسئلے پر بات چیت میں ایک بار پھر انسانی ہمدردی کے نقطۂ نظر کو اپنانے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ ماہی گیروں کے روزگار سے متعلق خدشات کو مناسب اہمیت دی جانی چاہیے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران اے این آئی کے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان بات چیت میں ماہی گیروں کا مسئلہ نمایاں طور پر زیر بحث آیا۔ انہوں نے کہا، ’’ماہی گیروں کا مسئلہ بھی بات چیت میں شامل رہا۔ ہم نے ایک بار پھر زور دیا کہ اس معاملے کو انسانی ہمدردی کے نقطۂ نظر سے دیکھا جائے، کیونکہ ماہی گیروں کے روزگار سے متعلق مسائل ہیں۔ ہم نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اپنے ماہی گیروں کی فلاح و بہبود کے لیے جن مسائل کو ہم اٹھاتے ہیں، ان پر ان کے روزگار اور انسانی ہمدردی کے پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے مناسب غور کیا جائے۔‘

‘ خارجہ سکریٹری وکرم مصری نے سری لنکا کے دورے کے دوران اعلیٰ سطح پر ملاقاتیں اور بات چیت کی۔ انہوں نے سری لنکا کے صدر انورا کمارا ڈسانایاکے، وزیر اعظم ہرینی امراسوریا اور وزیر خارجہ، غیر ملکی روزگار اور سیاحت وجیتا ہیراتھ سے ملاقات کی۔ جیسوال نے مزید کہا، ’’انہوں نے ترقیاتی تعاون، وہاں جاری تمام پروگراموں اور سمندری طوفان دِتواہ کے بعد شروع کیے گئے کچھ نئے پروگراموں پر بھی تبادلۂ خیال کیا۔‘‘

وکرم مصری نے بدھ کو کولمبو کا اپنا سرکاری دورہ مکمل کیا۔ اس دوران انہوں نے ’نیبرہُڈ فرسٹ‘ پالیسی اور ’وژن مہاساگر‘ کے تحت سری لنکا کے لیے ہندوستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں وفود نے متعدد ترقیاتی منصوبوں میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا، جن میں سمندری طوفان دِتواہ کے بعد فراہم کی گئی 450 ملین امریکی ڈالر کی تعمیر نو کی امداد بھی شامل ہے۔

دورے کی ایک اہم پیش رفت ہندوستانی روپے میں مالیت والی دو لائن آف کریڈٹ معاہدوں کا تبادلہ تھا۔ ان میں 250 ملین امریکی ڈالر ریلوے کے منصوبوں اور 100 ملین امریکی ڈالر مویشیوں اور ترجیحی شعبوں کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔ ان معاہدوں کا تبادلہ صدر ڈسانایاکے کی موجودگی میں ہندوستانی ہائی کمشنر اور سری لنکا کے خزانے کے سکریٹری کے درمیان ہوا۔ اس سرکاری دورے نے صدر ڈسانایاکے کے دسمبر 2024 کے دورۂ ہندوستان اور وزیر اعظم نریندر مودی کے اپریل 2025 کے دورۂ سری لنکا کے دوران طے پانے والے دو طرفہ معاہدوں کے تحت قائم وژن پر عمل درآمد کے لیے نئی دہلی کے جاری عزم کی بھی توثیق کی۔