وکرم مسری کی سری لنکا کی خارجہ سکریٹری ارونی رناراجا سے ملاقات

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-08-2026
وکرم مسری کی سری لنکا کی خارجہ سکریٹری ارونی رناراجا سے ملاقات
وکرم مسری کی سری لنکا کی خارجہ سکریٹری ارونی رناراجا سے ملاقات

 



کولمبو: ہندوستان کے خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے بدھ کے روز کولمبو میں سری لنکا کی خارجہ سکریٹری ارونی رناراجا سے ملاقات کی۔ دونوں فریقوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی حکمت عملی اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلۂ خیال کیا۔

سری لنکا میں ہندوستانی ہائی کمیشن نے ایکس پر جاری بیان میں کہا، ’’خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے اپنے جاری دورۂ کولمبو کے دوران سری لنکا کی خارجہ سکریٹری ارونی رناراجا سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر گفتگو کی اور قریبی دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے کے طریقوں پر تبادلۂ خیال کیا۔

ہندوستان کے خارجہ سکریٹری نے ہندوستان کی 'نیبرہڈ فرسٹ' پالیسی اور 'ویژن مہاساگر' کو آگے بڑھانے میں سری لنکا کے مرکزی کردار کا اعادہ کیا۔‘‘ اس سے قبل وکرم مسری نے سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتا ہیراتھ سے بھی ملاقات کی، جس میں ترجیحی شعبوں میں جاری دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا گیا۔ اس ملاقات میں سری لنکا میں ہندوستان کے ہائی کمشنر سنتوش جھا اور دونوں ممالک کے دیگر اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے۔

ہندوستانی ہائی کمیشن نے ایکس پر لکھا، ’’خارجہ سکریٹری وکرم مسری نے کولمبو کے دورے کے دوران سری لنکا کے وزیر خارجہ وجیتا ہیراتھ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر اہم ترجیحی شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا۔‘‘ اپنے دورۂ سری لنکا کے دوران وکرم مسری، صدر انورا کمارا ڈسانائیکے، وزیر اعظم ہرینی امراسوریا اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے۔

ہائی کمیشن نے کہا کہ ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان اعلیٰ سطح کے مسلسل رابطوں کی روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے یہ دورہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا اور اہم مشترکہ منصوبوں کو نئی رفتار دے گا۔ منگل کے روز سری لنکا میں ہندوستان کے ہائی کمشنر سنتوش جھا نے سری لنکا کے وزیر صحت ڈاکٹر نالندا جیاتیسا کو 500 لیٹر ٹیکنیکل میلاتھیون بطور تحفہ پیش کیا، تاکہ ملک میں ڈینگی پر قابو پانے کی جاری کوششوں میں مدد فراہم کی جا سکے۔

سنتوش جھا نے ایکس پر لکھا، ’’ہندوستان ڈینگی کے خلاف سری لنکا کی جدوجہد میں اس کے ساتھ کھڑا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ حکومت اور عوامِ ہندوستان کی جانب سے 500 لیٹر ٹیکنیکل میلاتھیون بطور تحفہ وزیر صحت ڈاکٹر نالندا جیاتیسا کے حوالے کیا، تاکہ ڈینگی پر قابو پانے کی کوششوں کو تقویت مل سکے۔‘‘

واضح رہے کہ سال 2025 میں وزیر اعظم نریندر مودی نے سری لنکا کا سرکاری دورہ کیا تھا۔ صدر انورا کمارا ڈسانائیکے کے 2024 میں عہدہ سنبھالنے کے بعد کسی بھی غیر ملکی سربراہِ مملکت یا حکومت کا یہ پہلا دورہ تھا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون، صحت، ذرائع ابلاغ، توانائی اور رابطہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں سات مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر دستخط کیے گئے تھے۔