امریکہ نے عالمی شپنگ کمپنیوں کو خبردار کیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 02-05-2026
امریکہ نے عالمی شپنگ کمپنیوں کو خبردار کیا
امریکہ نے عالمی شپنگ کمپنیوں کو خبردار کیا

 



دبئی: امریکہ نے عالمی شپنگ کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ اگر وہ آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرنے کے بدلے ایران کو ادائیگیاں کرتی ہیں تو ان پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔ یہ اقدام اس اہم آبی راستے پر کنٹرول کے حوالے سے جاری کشیدگی کے دوران دباؤ میں اضافے کی علامت ہے۔

جمعہ کے روز جاری کیے گئے ایک ایڈوائزری میں امریکی دفتر برائے غیر ملکی اثاثہ جات کنٹرول (OFAC) نے کہا کہ امریکی اور غیر امریکی دونوں ادارے اس صورت میں سزا کے مستحق ہو سکتے ہیں اگر وہ ایران کو آبنائے سے گزرنے کے لیے “ٹول” (ٹیکس) ادا کریں۔

یہ انتباہ صرف براہ راست نقد ادائیگیوں تک محدود نہیں بلکہ متبادل طریقوں پر بھی لاگو ہوتا ہے، جن میں ڈیجیٹل اثاثے، بارٹر (اشیاء کے بدلے اشیاء کا تبادلہ)، غیر رسمی تبادلے، حتیٰ کہ خیراتی عطیات یا ایرانی سفارتی مشنز کے ذریعے کی جانے والی ادائیگیاں بھی شامل ہیں۔ یہ اقدام خلیج میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے، جہاں آبنائے ہرمز سے معمول کی شپنگ میں خلل پڑا ہے۔

اس راستے سے دنیا کی تقریباً 20 فیصد سمندری تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل ہوتی ہے۔ حالیہ ہفتوں میں واشنگٹن اور تہران کے درمیان کشیدگی کے باعث اس راستے سے بحری آمدورفت میں نمایاں کمی آئی ہے۔ یہ ایڈوائزری ایسے وقت میں جاری ہوئی ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ایران کی حالیہ تجویز سے مطمئن نہیں ہیں، جو تنازع ختم کرنے کے لیے دی گئی تھی۔

انہوں نے اس کی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن ایران کی قیادت کو غیر منظم قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذاکرات ابھی غیر یقینی ہیں۔ اطلاعات کے مطابق ایران کی یہ تجویز پاکستان کے ذریعے ثالثی کے طور پر منتقل کی گئی، جبکہ علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر سفارتی رابطے جاری ہیں۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی یورپی ہم منصبوں سے مشاورت کی ہے تاکہ خطے میں استحکام کی کوششیں آگے بڑھائی جا سکیں۔

دوسری جانب چین نے جنگ بندی برقرار رکھنے اور آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کی اپیل کی ہے، اور کشیدگی کم کرنے اور تجارتی بحری آمدورفت بحال کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کی ہے۔ طویل کشیدگی نے عالمی سپلائی چین، ایندھن کی قیمتوں اور توانائی کی سلامتی پر اثر ڈالنا شروع کر دیا ہے، خاص طور پر گلوبل ساؤتھ کی معیشتوں کو، جو مسلسل توانائی کی درآمدات پر انحصار کرتی ہیں۔