نیویارک:امریکہ نے جمعرات کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پیش کی جانے والی اُس قرارداد کو ویٹو کردیا جس میں غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا، جب کہ اسرائیل نے غزہ شہر پر اپنی فوجی کارروائی مزید تیز کردی ہے۔یہ مسودہ سلامتی کونسل کے 10 منتخب اراکین کی جانب سے پیش کیا گیا تھا اور اسے 15 میں سے 14 اراکین کی حمایت حاصل تھی۔ قرارداد میں کہا گیا تھا کہ غزہ میں "فوری، غیر مشروط اور مستقل جنگ بندی" ہونی چاہیے جسے تمام فریق تسلیم کریں، حماس اور دیگر گروپوں کے قبضے میں موجود تمام یرغمالیوں کو رہا کیا جائے اور انسانی امداد پر عائد پابندیاں ختم کی جائیں۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق، مشرقِ وسطیٰ کے لیے امریکہ کی نائب خصوصی ایلچی مورگن اورٹاگس نے واشنگٹن کے ویٹو کا دفاع کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ کی اس قرارداد کی مخالفت کسی کو حیران نہیں کرے گی۔ یہ مسودہ حماس کی مذمت نہیں کرتا، نہ ہی اسرائیل کے اپنے دفاع کے حق کو تسلیم کرتا ہے، بلکہ یہ حماس کے فائدے کے لیے پھیلائے گئے جھوٹے بیانیے کو تقویت دیتا ہے، جو افسوسناک طور پر اس کونسل میں جگہ پاگیا ہے۔اس ویٹو کے بعد فلسطینی اور عرب نمائندوں نے شدید ردِ عمل ظاہر کیا۔ فلسطینی مندوب ریاض منصور نے کہا کہ یہ فیصلہ ظاہر کرتا ہے کہ کونسل کی "خاموشی اس کی ساکھ اور اختیار کے لیے بھاری قیمت پر آتی ہے"، اور مزید کہا کہ "ویٹو پاور کا استعمال اُس وقت نہیں ہونا چاہیے جب مظالم اور انسانیت سوز جرائم کا معاملہ ہو۔
الجزائر کے اقوام متحدہ میں سفیر عمار بن جامعہ نے کہاکہ فلسطینی بھائیو، فلسطینی بہنو، ہمیں معاف کردیں۔ معاف کردیں کیونکہ دنیا حقوق کی بات کرتی ہے مگر فلسطینیوں کو ان سے محروم رکھتی ہے۔ معاف کردیں کیونکہ ہماری مخلصانہ کوششیں اس انکار کی دیوار سے ٹکرا کر بکھر گئیں۔دوسری جانب اسرائیلی سفیر ڈینی ڈینن نے کہا کہ اسرائیل کو اپنی جنگ کے لیے "کسی جواز کی ضرورت نہیں" اور انہوں نے امریکہ کا ویٹو استعمال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔یہ ووٹ اقوام متحدہ کی تشکیل کی 80ویں سالگرہ کے موقع پر ہوا، جسے الجزیرہ کے ڈپلومیٹک ایڈیٹر جیمز بے نے "یادگار مگر اداس لمحہ" قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کا یہ مؤقف "امریکہ-اول" کی سوچ کی عکاسی کرتا ہے، ایسے وقت میں جب دنیا کے بیشتر ممالک کثیر الجہتی سفارت کاری کو فروغ دے رہے ہیں۔