امریکی وزیر خزانہ کا دعویٰ: پابندیوں سے ایران کی تیل صنعت دباؤ میں، یومیہ 170 ملین ڈالر نقصان کا خدشہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-04-2026
امریکی وزیر خزانہ کا دعویٰ: پابندیوں سے ایران کی تیل صنعت دباؤ میں، یومیہ 170 ملین ڈالر نقصان کا خدشہ
امریکی وزیر خزانہ کا دعویٰ: پابندیوں سے ایران کی تیل صنعت دباؤ میں، یومیہ 170 ملین ڈالر نقصان کا خدشہ

 



واشنگٹن: امریکہ کے وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے کہا ہے کہ ایران کا مرکزی تیل برآمدی مرکز خارگ آئی لینڈ اپنی ذخیرہ گنجائش کی حد کے قریب پہنچ چکا ہے، جس کے باعث تہران کو تیل کی پیداوار کم کرنا پڑ سکتی ہے۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ اس صورتحال کے نتیجے میں ایران کو روزانہ تقریباً 170 ملین ڈالر تک کے مالی نقصان کا سامنا ہو سکتا ہے اور اس کے توانائی کے ڈھانچے کو طویل مدتی نقصان بھی پہنچ سکتا ہے۔

بیسنٹ کے مطابق امریکی محکمہ خزانہ "آپریشن فیوری" کے تحت مالی پابندیوں کو مزید سخت کر رہا ہے، جس میں ایران کے بین الاقوامی مالیاتی نیٹ ورک، کرپٹو تک رسائی، شیڈو فلیٹ، ہتھیاروں کی خریداری کے نیٹ ورک، خطے میں اتحادی گروہوں کی فنڈنگ اور چین کی چھوٹی ریفائنریوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد ایران کی آمدنی کے ان ذرائع کو ختم کرنا ہے جو عالمی سطح پر دہشت گردی کی مالی معاونت کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق امریکی بحری ناکہ بندی کے باعث ایران کی تیل صنعت شدید دباؤ کا شکار ہے اور جلد ہی اس کی پیداواری صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔

ادھر وائٹ ہاؤس میں ہونے والے ایک سرکاری عشائیے کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کے بادشاہ شاہ چارلس سوم کی موجودگی میں کہا کہ ایران کو عسکری طور پر شکست دی جا چکی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اور برطانیہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ایران کو کبھی بھی جوہری ہتھیار حاصل نہ ہوں۔

رپورٹ کے مطابق دی وال اسٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ صدر ٹرمپ نے اپنے معاونین کو ایران کے خلاف طویل مدت تک ناکہ بندی جاری رکھنے کی تیاری کی ہدایت دی ہے تاکہ اس کی معیشت پر دباؤ بڑھا کر جوہری پروگرام کے حوالے سے رعایت حاصل کی جا سکے۔