امریکہ نے طلبہ ویزا قوانین سخت کر دیے

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 18-07-2026
امریکہ نے طلبہ ویزا قوانین سخت کر دیے
امریکہ نے طلبہ ویزا قوانین سخت کر دیے

 



واشنگٹن: امریکہ کے محکمہ داخلی سلامتی (DHS) نے امیگریشن سے متعلق نئے ضوابط کو باضابطہ منظوری دے دی ہے، جن کے تحت ایف-1 طلبہ ویزا، جے-1 ایکسچینج ویزا اور آئی ویزا (غیر ملکی صحافیوں) پر امریکہ میں قیام کی زیادہ سے زیادہ مدت چار سال مقرر کر دی گئی ہے۔ اس فیصلے سے بڑی تعداد میں ہندوستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد متاثر ہو سکتے ہیں۔

امریکی محکمہ داخلی سلامتی کی جانب سے فیڈرل رجسٹر میں شائع کردہ اعلامیے کے مطابق نئے ضوابط کے تحت برسوں سے رائج "ڈیوریشن آف اسٹیٹس" (Duration of Status) کا لچکدار نظام ختم کر دیا گیا ہے۔ نئے نظام کے مطابق بین الاقوامی طلبہ اور ایکسچینج پروگرام کے شرکا کو صرف اپنے منظور شدہ تعلیمی یا تربیتی پروگرام کی مدت تک، اور ایک وقت میں زیادہ سے زیادہ چار سال تک امریکہ میں قیام کی اجازت ہوگی۔

اسی طرح آئی ویزا پر آنے والے غیر ملکی صحافیوں کے لیے بھی مقررہ مدتِ قیام نافذ کی جائے گی۔ یہ ضابطے ٹرمپ انتظامیہ کی امیگریشن پالیسی میں سختی کے وسیع تر اقدامات کا حصہ ہیں اور ان کے 15 ستمبر 2026 سے نافذ ہونے کا امکان ہے، تاہم ان پر امریکی کانگریس میں مزید غور بھی کیا جائے گا۔ ادھر، ہندوستان نے کہا ہے کہ وہ اس پیش رفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور اپنے شہریوں کے مفادات کے تحفظ کے لیے امریکی حکومت سے مسلسل رابطے میں ہے۔

ہفتہ وار پریس بریفنگ میں وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ویزا اور امیگریشن سے متعلق فیصلے ہر ملک کا خودمختار اختیار ہوتے ہیں، تاہم اگر حقیقی طلبہ یا مسافروں کو کسی قسم کی دشواری پیش آتی ہے تو ہندوستان ان کے مسائل امریکی حکام کے سامنے اٹھاتا ہے تاکہ مشکلات کو کم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا، "ہم نے ویزا قوانین سے متعلق بعض اطلاعات دیکھی ہیں۔

ویزا اور امیگریشن کے معاملات ہر ملک کا خودمختار اختیار ہیں، لیکن جب بھی حقیقی طلبہ یا دیگر مسافروں کو مشکلات پیش آتی ہیں اور وہ ہماری مدد چاہتے ہیں، تو ہم یہ معاملہ امریکی حکام کے ساتھ اٹھاتے ہیں۔" ہندوستان اس وقت امریکہ میں بین الاقوامی طلبہ بھیجنے والا سب سے بڑا ملک ہے۔ وزارت خارجہ کے مطابق 2023-24 کے تعلیمی سال کے دوران تقریباً 3 لاکھ 30 ہزار ہندوستانی طلبہ امریکی تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم تھے۔

اس کے علاوہ امریکہ میں تقریباً 5 لاکھ جے-1 ایکسچینج وزیٹرز اور 37 ہزار کے قریب آئی ویزا رکھنے والے غیر ملکی صحافی بھی موجود ہیں۔ نئے ضوابط کے مطابق اگر کسی طالب علم کو اپنی تعلیم مکمل کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہو تو اسے قیام میں توسیع کے لیے براہِ راست محکمہ داخلی سلامتی سے درخواست دینا ہوگی، یا پھر امریکہ سے باہر جا کر نئے منظور شدہ ویزا کے ساتھ دوبارہ داخل ہونا ہوگا۔

اس سے قبل طلبہ کے قیام میں توسیع کا اختیار متعلقہ یونیورسٹیوں کے پاس ہوتا تھا، لیکن نئے نظام میں یہ اختیار مکمل طور پر وفاقی امیگریشن حکام کو منتقل کر دیا گیا ہے۔ مزید برآں، تعلیم مکمل ہونے کے بعد طلبہ کو امریکہ چھوڑنے یا ویزا کی حیثیت تبدیل کرنے کے لیے ملنے والی مہلت بھی 60 دن سے کم کر کے 30 دن کر دی گئی ہے، جبکہ تعلیمی ادارہ تبدیل کرنے یا دوسرے پروگرام میں منتقل ہونے کے ضوابط بھی مزید سخت بنا دیے گئے ہیں۔ امریکی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد طلبہ ویزا کے ممکنہ غلط استعمال کو روکنا اور غیر ملکی طلبہ و ایکسچینج پروگرام کے شرکا کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔