امریکہ اور سعودی عرب کا عراق میں ایران نواز دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 29-07-2026
امریکہ اور سعودی عرب کا عراق میں ایران نواز دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
امریکہ اور سعودی عرب کا عراق میں ایران نواز دہشت گردوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ

 



واشنگٹن: امریکی سینٹرل کمانڈ اور سعودی مسلح افواج نے منگل کے روز مشرقی عراق میں مشترکہ ہدفی فضائی حملے کیے۔ امریکی فوج کا دعویٰ ہے کہ ان کارروائیوں میں ان ایران نواز مسلح گروہوں کو نشانہ بنایا گیا جنہیں اسلامی انقلابی گارڈ کور نے امریکی فوجیوں اور سعودی عرب کے اہم توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کی ہدایت دی تھی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ امریکی اور سعودی لڑاکا طیاروں نے متعدد اسلحہ گاہوں اور رسد کے مراکز کو نشانہ بنایا۔ یہ کارروائی 72 گھنٹوں کے دوران اسلامی انقلابی گارڈ کور کی ہدایت پر کیے گئے 30 سے زائد ڈرون حملوں کے جواب میں کی گئی۔

بیان میں کہا گیا کہ امریکی افواج اور سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی تھی تاہم امریکی فوج کے مطابق یہ حملے اپنے مقصد میں کامیاب نہیں ہوئے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ نے مزید دعویٰ کیا کہ فروری سے اپریل 2026 کے درمیان عراق میں ایران نواز مسلح گروہوں کی جانب سے امریکی شہریوں اور امریکی تنصیبات پر 600 سے زیادہ حملوں کی کوششیں کی گئیں۔

امریکی فوج نے خبردار کیا کہ اسلامی انقلابی گارڈ کور اور اس سے وابستہ گروہوں کو فوری طور پر اپنی کارروائیاں بند کر دینی چاہئیں۔ بصورت دیگر مزید امریکی فوجی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب نے بھی اس مشترکہ کارروائی کی تصدیق کی ہے۔

سعودی وزارت دفاع کے ترجمان میجر جنرل ترکی المالکی نے ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ سعودی فضائی دفاعی نظام نے عراق سے داغے گئے متعدد ڈرون کامیابی سے تباہ کر دیے۔ ان کے مطابق یہ ڈرون مشرقی صوبے اور ریاض کے علاقوں میں واقع اہم تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کے لیے بھیجے گئے تھے۔

ترجمان نے کہا کہ سعودی فوجی کارروائی اقوام متحدہ کے منشور کے آرٹیکل 51 کے تحت حاصل حق دفاع کے مطابق کی گئی۔

میجر جنرل ترکی المالکی نے کہا کہ سعودی مسلح افواج نے امریکی سینٹرل کمانڈ کے ساتھ مل کر عراق میں ان ملیشیاؤں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا جو سرحد پار حملوں سے براہ راست منسلک تھیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو اپنی سرزمین اور قومی صلاحیتوں کے دفاع کا مکمل جائز حق حاصل ہے اور وہ مناسب وقت اور مقام پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب منگل کی صبح شمالی عراق کے شہر اربیل میں امریکی قونصل خانے کے قریب سمیت مختلف مقامات پر کئی دھماکے ہوئے۔ اطلاعات کے مطابق ایرانی ڈرونز نے خطے میں متعدد مقامات کو نشانہ بنایا۔

الجزیرہ نے پولیس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کم از کم چار ایرانی ڈرونز نے اربیل کے شمال مشرق میں واقع خلیفان اور سوران کے علاقوں کو نشانہ بنایا۔

ادھر ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے عراقی ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ صوبہ الانبار میں ایک امریکی ڈرون تباہ کر دیا گیا ہے۔ مقامی ذرائع ابلاغ نے حدیثہ ڈیم کے قریب امریکی ڈرون کے گرنے کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق شمالی اور مغربی عراق میں فوجی سرگرمیوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے نے دعویٰ کیا کہ سلیمانیہ میں واقع خور مور گیس فیلڈ پر بھی حملہ کیا گیا۔