اقوام متحدہ کا اجلاس ۔امریکہ کا فلسطینی حکام کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 30-08-2025
امریکہ کا فلسطینی حکام کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان، اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت پر پابندی
امریکہ کا فلسطینی حکام کے ویزے منسوخ کرنے کا اعلان، اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت پر پابندی

 



واشنگٹن ڈی سی، :امریکہ کے وزیر خارجہ مارکو روبیو نے جمعہ کے روز اعلان کیا ہے کہ امریکہ فلسطینی حکام کو آئندہ ماہ نیویارک میں ہونے والے سالانہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کی اجازت نہیں دے گا۔امریکی محکمہ خارجہکی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ویزہ پابندی ان فلسطینی حکام پر لاگو ہو گی جو اقوام متحدہ میں فلسطینی مشن سے وابستہ نہیں ہیں اور جو فلسطینی اتھارٹی(PA)یا فلسطینی لبریشن آرگنائزیشن(PLO)سے تعلق رکھتے ہیں۔بیان میں کہا گیا:"امریکی قانون کے مطابق، وزیر خارجہ مارکو روبیو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے قبل پی ایل او اور پی اے کے اراکین کے ویزے منسوخ اور جاری کرنے سے انکار کر رہے ہیں۔ ٹرمپ انتظامیہ کا مؤقف واضح ہے: ہمارا قومی سلامتی مفاد اس بات کا متقاضی ہے کہ فلسطینی اتھارٹی اور پی ایل او کو اُن کی خلاف ورزیوں اور قیامِ امن کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے پر جوابدہ ٹھہرایا جائے۔"

"فلسطینی اتھارٹی کو دہشتگردی سے لاتعلقی کا اظہار کرنا ہوگا"

بیان میں مزید کہا گیا کہ جب تک پی اے اور پی ایل او کھلے عام دہشتگردی کی مذمت نہ کریں، خاص طور پر 7 اکتوبر کے حملےکی، اور تعلیمی نصاب میں دہشتگردی کی ترغیب ختم نہ کریں، انہیں امن کے شراکت دار کے طور پر تسلیم نہیں کیا جا سکتا۔"پی اے کو بین الاقوامی عدالت انصاف(ICJ) اور بین الاقوامی فوجداری عدالت(ICC) جیسے اداروں کے ذریعے مذاکرات کو بائی پاس کرنے کی کوششیں بند کرنی ہوں گی، کیونکہ ان اقدامات نے حماس کے ہاتھوں یرغمالیوں کی رہائی کو روکنے میں کردار ادا کیا ہے، اور غزہ میں جنگ بندی مذاکرات کی ناکامی کا سبب بھی بنے۔"

اقوام متحدہ مشن کو استثنا حاصل، لیکن امریکی قانون پر عمل لازم

محکمہ خارجہ نے واضح کیا کہ اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹر معاہدے کے تحت نیویارک میں فلسطینی مشن کو استثنا حاصل رہے گا، تاہم انہیں امریکی قوانین کی پاسداری کرنی ہو گی۔"اقوام متحدہ میں فلسطینی مشن کو ہیڈکوارٹر معاہدے کے تحت ویزہ استثنا حاصل ہو گا۔ تاہم، اگر فلسطینی اتھارٹی اور پی ایل او اپنی ذمہ داریوں پر عمل کرتے ہوئے امن اور بقائے باہمی کے راستے پر لوٹ آئیں، تو امریکہ دوبارہ رابطے کے لیے تیار ہو گا۔"

صدر محمود عباس کی شرکت غیر یقینی

الجزیرہکے مطابق یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ ویزے کی منسوخی سے کن فلسطینی حکام کو متاثر کیا جائے گا۔ عام طور پر اقوام متحدہ کے رکن ممالک اور مبصرین جیسے فلسطین بڑی تعداد میں وفود بھیجتے ہیں۔اقوام متحدہ میں فلسطینی سفیر ریاض منصور نے کہا ہے کہ فلسطینی صدر محمود عباس آئندہ ماہ اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں، جس میں 22 ستمبرکو فلسطینی حقوق پر ایک خصوصی اجلاس بھی شامل ہے۔منصور کے مطابق، یہ تاحال واضح نہیں کہ امریکی فیصلے کا صدر عباس کے دورے پر کیا اثر پڑے گا۔