نیویارک۔ بین الاقوامی یومِ یوگا کے موقع پر نیویارک کے مشہور ٹائمز اسکوائر میں "اوم" کی گونج سنائی دی جہاں سیکڑوں یوگا کے شوقین افراد۔ ہندستانی برادری کے ارکان اور صحت و تندرستی کے فروغ کے لیے کام کرنے والے افراد نے شرکت کی۔ اس سال کی تقریبات کا موضوع "صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا" تھا جس نے قدیم ہندستانی مشق یوگا کی عالمی مقبولیت کو نمایاں کیا۔
وزیر اعظم نریندر مودی کے یوگا گرو کے طور پر معروف یوگا آچاریہ ڈاکٹر ایچ آر ناگیندر نے اے این آئی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے یوگا کو عالمی سطح پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ایک عظیم دن ہے کیونکہ ہمارے وزیر اعظم نریندر مودی نے بین الاقوامی یومِ یوگا کو پوری دنیا تک پہنچایا۔ یوگا صحت مند بڑھاپے کے لیے نہایت ضروری ہے۔ یہ ایک قدیم علم ہے جو جدید سائنس کو جسمانی حدود سے آگے بڑھنے کی رہنمائی دیتا ہے۔ ہر شخص کو یوگا کرنا چاہیے تاکہ ہم دنیا کو ایک خاندان بنانے کے خواب کو حقیقت میں بدل سکیں۔
ہندستانی برادری کے افراد نے بھی صحت۔ باطنی سکون اور عالمی ہم آہنگی کے فروغ میں یوگا کی اہمیت پر زور دیا۔پریم بھنڈاری نے کہا کہ میں یوگا آچاریہ ڈاکٹر ایچ آر ناگیندر جی کا شکر گزار ہوں جنہوں نے آج یہاں سے یوگا کا پیغام دیا۔ ان کا خواب ہے کہ ویاسا یونیورسٹی یہاں قائم ہو۔ ہم اس مشن کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ میں ہندستان کے وزیر اعظم کا بھی شکر گزار ہوں جن کی کوششوں سے اکیس جون کو بین الاقوامی یومِ یوگا قرار دیا گیا۔ باطنی سکون کے لیے یوگا بے حد ضروری ہے اور میں اس کے فروغ کے لیے بھرپور کوشش کر رہا ہوں۔
کاروباری شخصیت اور سماجی خدمت گار ستیش گپتا نے یوگا پر مبنی تحقیق اور علاج کے فروغ میں ایس ویاسا یونیورسٹی کی خدمات کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہا کہ ہماری پوری ٹیم ڈلاس سے یہاں آئی ہے۔ یوگا ایک مؤثر علاجی طریقہ ہے اور دنیا کے اس معروف مقام پر اس کا جشن منانا ہمارے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ایس ویاسا تحقیق پر مبنی علاج فراہم کر رہی ہے اور ہماری امید ہے کہ یوگا ہر گھر کا حصہ بن جائے۔
ایس ویاسا یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر منجوناتھ شرما نے کہا کہ اس سال کی تقریبات کا موضوع "صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا" ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کے لیے ایک خاص موقع ہے۔ ہر شخص چاہتا ہے کہ وہ صحت مند انداز میں عمر گزارے اور یوگا اس مقصد کے حصول کا بہترین ذریعہ ہے۔ اگر لوگ روزانہ یوگا کریں تو انہیں صحت مند اور متوازن زندگی گزارنے کا موقع ملے گا۔
اس سال کا موضوع "صحت مند بڑھاپے کے لیے یوگا" اس عالمی رجحان کی عکاسی کرتا ہے جس میں عمر کے ہر مرحلے میں فعال اور صحت مند زندگی پر زور دیا جا رہا ہے۔ دنیا بھر میں عمر رسیدہ آبادی میں اضافے۔ غیر متعدی بیماریوں اور طرزِ زندگی سے جڑے صحت کے مسائل کے پیش نظر اب صرف عمر بڑھانے کے بجائے بہتر صحت۔ اعلیٰ معیارِ زندگی اور مجموعی فلاح و بہبود کو اہمیت دی جا رہی ہے۔بین الاقوامی یومِ یوگا ہر سال اکیس جون کو منایا جاتا ہے۔ اس کا مقصد یوگا کے جسمانی۔ ذہنی اور روحانی فوائد کے بارے میں دنیا بھر میں آگاہی پیدا کرنا ہے اور یہ دن مختلف ممالک میں بھرپور انداز میں منایا جاتا ہے۔