دبئی
امریکی فوج نے جمعرات کو ایک اور آئل ٹینکر کو قبضے میں لے لیا، جسے ایرانی تیل کی اسمگلنگ سے منسلک بتایا جا رہا ہے۔امریکی محکمہ دفاع کے مطابق ’’میجیسٹک ایکس‘‘ نامی آئل ٹینکر کو بحرِ ہند میں ضبط کیا گیا۔
محکمہ دفاع نے کہا کہ ہم عالمی سمندری نگرانی جاری رکھیں گے تاکہ غیر قانونی نیٹ ورکس کو روکا جا سکے اور ان جہازوں کو پکڑا جا سکے جو ایران کو مادی مدد فراہم کر رہے ہیں، چاہے وہ کہیں بھی کام کر رہے ہوں۔یہ کارروائی ایسے وقت میں کی گئی ہے جب ایران نے بدھ کے روز آبنائے ہرمز میں تین کارگو جہازوں پر حملہ کیا تھا، جن میں سے دو کو قبضے میں لے لیا گیا۔
محکمہ دفاع نے اس کارروائی کی ویڈیو بھی جاری کی، جس میں امریکی فوجیوں کو جہاز کے ڈیک پر دیکھا جا سکتا ہے۔
جہازوں کی نقل و حرکت کے ڈیٹا کے مطابق ’’میجیسٹک ایکس‘‘ بحرِ ہند میں سری لنکا اور انڈونیشیا کے درمیان موجود تھا، جو تقریباً وہی مقام ہے جہاں اس سے قبل امریکی افواج نے ’’ٹیفانی‘‘ نامی آئل ٹینکر کو بھی قبضے میں لیا تھا۔ یہ جہاز چین کے شہر ژوشان کی جانب جا رہا تھا۔