تل ابیب
اسرائیل اور لبنان کے درمیان سیکیورٹی صورتحال میں مسلسل تبدیلی کے درمیان امریکہ نے اشارہ دیا ہے کہ وہ اسرائیل سے یہ توقع نہیں کرتا کہ وہ اپنے شہریوں پر ہونے والے حملوں کو برداشت کرے۔ اسرائیلی اخبار یروشلم پوسٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، اس موقف کو اسرائیلی فوج کے لیے بیروت میں اپنی کارروائیوں میں توسیع کی ممکنہ اجازت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
اسرائیلی اخبار نے دو ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل کے اعلیٰ حکام نے ہفتے کے آخر میں واشنگٹن سے رابطہ کیا اور لبنان کے ساتھ جاری سرحدی کشیدگی کے دوران اسرائیلی دفاعی افواج (آئی ڈی ایف) کی مہم کو مزید وسعت دینے کے لیے منظوری طلب کی۔امریکی عہدیدار نے پیر کے روز یروشلم پوسٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’امریکہ یہ توقع نہیں کرتا کہ اسرائیل کسی دہشت گرد تنظیم کی جانب سے اپنے شہریوں پر مسلسل حملوں کو برداشت کرے۔
عہدیدار نے مزید کہا کہ کشیدگی کم کرنے اور دونوں جانب کے شہریوں کے تحفظ کا تیز ترین راستہ یہ ہے کہ حزب اللہ فوری طور پر فائرنگ بند کرے۔ذرائع کے مطابق، اسرائیلی حکام کو امید تھی کہ واشنگٹن کا جواب ان کے حق میں ہوگا، کیونکہ ایک طرف واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات میں کوئی خاص پیش رفت نہیں ہوئی، جبکہ دوسری جانب اسرائیل اور لبنان کے درمیان بات چیت بھی تعطل کا شکار ہے۔
امریکی عہدیدار نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اسرائیلی وزیر اعظم بینجامن نیتین یاہو اور لبنانی صدر کے سامنے کشیدگی کم کرنے کے لیے ایک فریم ورک پیش کیا تھا۔عہدیدار کے مطابق، اس منصوبے کے تحت حزب اللہ کو اسرائیل پر اپنے تمام حملے روکنے تھے، جبکہ اس کے بدلے میں اسرائیلی فوج بیروت میں مزید عسکری کارروائیوں سے گریز کرتی۔
عہدیدار نے کہا کہ اس فریم ورک سے کشیدگی میں بتدریج کمی اور مؤثر جنگ بندی کے لیے سازگار ماحول پیدا ہو سکتا تھا۔یروشلم پوسٹ کے مطابق، صدر جوزف عون نے اس تجویز کو آگے بڑھانے اور اتفاق رائے حاصل کرنے کی کوشش کی، تاہم لبنانی پارلیمنٹ کے اسپیکر بیری کا ردعمل غیر واضح اور مایوس کن رہا۔
رپورٹ کے مطابق، نبیہ بری نے دعویٰ کیا کہ وہ حزب اللہ کی جانب سے جنگ بندی کی پابندی کی ’’ضمانت‘‘ دے سکتے ہیں، لیکن انہوں نے شرط رکھی کہ پہلے اسرائیل فائر بندی کرے۔