تہران۔: ایران کی ہلال احمر سوسائٹی نے کہا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے جاری فوجی مہم کے دوران ایران میں شہری ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ یہ کارروائیاں 28 فروری 2026 سے شروع ہوئی تھیں۔
ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے مطابق امریکی اور اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں ملک بھر میں 19000 سے زیادہ شہری یونٹس متاثر ہوئے ہیں۔
ادارے کے سربراہ پیر حسین کولیوند نے منگل کے روز جاری ایک بیان میں کہا کہ ابتدائی جائزوں کے مطابق پورے ملک میں مجموعی طور پر 19734 شہری یونٹس کو نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ متاثر ہونے والی عمارتوں میں 16191 رہائشی یونٹس۔ 3384 تجارتی یونٹس۔ 77 دوا ساز اور طبی مراکز اور کم از کم 69 اسکول شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ افراد کی مدد کے لیے ملک بھر میں امدادی کارروائیاں پوری صلاحیت کے ساتھ جاری ہیں۔
ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ نے ہنگامی ٹیموں کے فوری ردعمل کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ریسکیو ٹیمیں چار منٹ سے بھی کم وقت میں جائے حادثہ تک پہنچ گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ ملبے تلے دبے متعدد زخمیوں کو نکال کر طبی مراکز منتقل کیا گیا۔
پیر حسین کولیوند نے مزید کہا کہ حملوں میں خواتین اور 12 سال سے کم عمر بچے بھی متاثرین میں شامل ہیں جبکہ ہنگامی امدادی نظام کے ڈھانچے کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق اب تک ہلال احمر کے 13 مراکز اور شاخوں کے علاوہ کئی امدادی اور ریسکیو بیسز کو نقصان پہنچا ہے۔
ریسکیو کارروائیوں کے دوران سات امدادی کارکن زخمی ہوئے جبکہ ہلال احمر کا ایک رضاکار شہید بھی ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس وقت ہلال احمر کی ریسکیو ٹیمیں۔ ایمبولینسیں اور آپریشنل گاڑیاں متاثرہ علاقوں میں چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہیں۔
امدادی سرگرمیوں میں تلاش اور بچاؤ کی کارروائیاں۔ زخمیوں کو طبی مراکز منتقل کرنا۔ ہنگامی رہائش فراہم کرنا اور متاثرین میں ضروری اشیائے زندگی کی تقسیم شامل ہے۔
دریں اثنا ایران کے صوبہ لرستان کے گورنر نے کہا ہے کہ امریکی اور اسرائیلی حملوں میں اب تک 52 اسکول اور 5 طبی مراکز کو نقصان پہنچا ہے۔ الجزیرہ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق لرستان کے 10 اضلاع میں 2500 سے زیادہ رہائشی اور تجارتی یونٹس تباہ ہو چکے ہیں جبکہ 13 اسپورٹس سینٹرز اور ہلال احمر و ریسکیو کے 2 اڈوں کو بھی نشانہ بنایا گیا ہے۔ اے این آئی۔