تہران
مشرقِ وسطیٰ میں امریکہ اور ایران کے درمیان کشیدگی ایک بار پھر خطرناک حد تک بڑھ گئی ہے۔ امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایران کے جنوبی حصوں اور آبنائے ہرمز کے آس پاس موجود متعدد فضائی دفاعی اور ریڈار تنصیبات پر کامیاب حملے کیے ہیں۔ ان حملوں کے بعد پورے خلیجی خطے میں سکیورٹی الرٹ بڑھا دیا گیا ہے۔ کویت اور بحرین نے اپنے فضائی دفاعی نظام کو فعال کر دیا ہے، جبکہ کئی ممالک نے علاقائی کشیدگی کم کرنے کی اپیل کی ہے۔
امریکی فوجی کمان سینٹکام کے مطابق یہ کارروائی اس واقعے کے بعد کی گئی جس میں ایران پر ایک امریکی ہیلی کاپٹر کو مار گرانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس واقعے کے بعد سخت ردعمل کی دھمکی دی تھی۔ اس کے بعد امریکی افواج نے ایرانی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب ایران کی انقلابی گارڈز نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے اردن میں موجود ایک امریکی فوجی اڈے پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے حملہ کیا۔ ایران کے مطابق اس حملے میں چار اہم ٹھکانے نشانہ بنے، جن میں ایف-35 لڑاکا طیاروں کے شیڈز اور ایک کمانڈ سینٹر بھی شامل تھا۔
خطے میں بڑھتی کشیدگی کے دوران کویت نے اعلان کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے کئی مشتبہ فضائی اہداف کو کامیابی سے روک لیا ہے۔ جبکہ بحرین نے فضائی حملے کا الرٹ جاری کیا ہے۔ بحرین کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کی ایئر ڈیفنس یونٹس نے ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں اور ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔بحرین ڈیفنس فورس کی جنرل کمان نے کہا ہے کہ ملک کی تمام عسکری اکائیوں کو انتہائی اعلیٰ سطح کی چوکسی پر رکھا گیا ہے۔ انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی مشتبہ شے یا حملے کے ملبے کے قریب نہ جائیں اور فوری طور پر سکیورٹی اداروں کو اطلاع دیں۔
اس دوران متحدہ عرب امارات نے بحرین، کویت اور اردن پر ہونے والے میزائل اور ڈرون حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔ یو اے ای وزارتِ خارجہ نے کہا ہے کہ یہ حملے متعلقہ ممالک کی خودمختاری کی خلاف ورزی ہیں اور علاقائی استحکام کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ یو اے ای نے ان تینوں ممالک کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔دوسری طرف چین نے بھی صورتحال پر تشویش ظاہر کی ہے۔ چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا کہ تمام فریقین کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور کشیدگی میں مزید اضافہ سے گریز کرنا چاہیے۔ انہوں نے کشیدگی کم کرنے کے لیے عملی اقدامات کی اپیل کی۔
ایران کی وزارتِ خارجہ نے امریکہ پر امن کوششوں کو نقصان پہنچانے کا الزام عائد کیا ہے۔ وزارت کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکی حملے جاری سفارتی عمل کو کمزور کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق کسی بھی تنازع کا حل طاقت کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے ہونا چاہیے۔
اسی دوران ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ترکی اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ انہوں نے امریکی حملوں کو ایران کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی قرار دیا اور کہا کہ جوابی کارروائی ایران کا جائز حق ہے۔
مسلسل بڑھتی ہوئی فوجی کشیدگی کے باعث پورے مشرقِ وسطیٰ میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور بین الاقوامی برادری حالات کو قابو میں لانے کی کوشش کر رہی ہے۔