واشنگٹن: امریکہ کی ریاست یوٹا کے ویلی فیئر مال میں ہند نژاد مسلمان ملازم سید سہیل الدین پر مبینہ نفرت انگیز حملے کے بعد وہ شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق عدالت میں پیش کی گئی دستاویزات سے ظاہر ہوتا ہے کہ ملزم نے پولیس کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ اس نے مبینہ طور پر سید سہیل الدین کو ان کے مسلمان ہونے کی وجہ سے قتل کرنے کی نیت سے حملہ کیا۔
رپورٹ کے مطابق 48 سالہ ملزم پیٹر مائیکل لارسن پیر کی شام مال میں واقع ایک کیوسک پر پہنچا جہاں سید سہیل الدین کام کر رہے تھے۔ حملے سے پہلے اس نے ان سے ان کا نام۔ آبائی تعلق اور یہ سوال کیا کہ آیا وہ مسلمان ہیں۔
سید سہیل الدین کی ساتھی ملازمہ لونا نونیز نے بتایا کہ مختصر گفتگو کے فوراً بعد ملزم نے چاقو نکالا اور ان پر پے در پے وار کرنا شروع کر دیے۔
عینی شاہدین کے مطابق مال میں موجود چند افراد نے فوری مداخلت کرتے ہوئے ملزم کو قابو میں کر لیا۔ اسے زمین پر گرا دیا اور اس کے ہاتھ سے چاقو چھین لیا جس کے بعد مزید نقصان ہونے سے بچ گیا۔
ہند نژاد سید سہیل الدین اس وقت اسپتال میں انتہائی تشویشناک حالت میں زیر علاج ہیں۔ ان کے آجر اور قریبی خاندانی دوست عدنان محمد نے بتایا کہ ان کے جسم کے مختلف حصوں پر گہرے زخم آئے ہیں اور ڈاکٹروں کی خصوصی ٹیم مسلسل ان کے دل اور دیگر اہم اعضا کی نگرانی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا زندہ بچ جانا کسی معجزے سے کم نہیں۔
اس واقعے کے بعد مقامی مسلم برادری میں خوف کی فضا پھیل گئی ہے۔ عدنان محمد نے کہا کہ وہ اپنے بچوں کی سلامتی کے بارے میں شدید فکر مند ہیں۔ ان کے بقول اتنا خون دیکھنا اور اس کے بعد نفرت پر مبنی تبصرے سننا ان کے اور ان کے خاندان کے لیے انتہائی تکلیف دہ تجربہ رہا ہے۔
مال میں واقع ایک دوسری دکان کے ملازم سلواڈور مینڈیز نے بتایا کہ جب پولیس ملزم کو گرفتار کر کے لے جا رہی تھی تو اس کے کپڑوں پر خون لگا ہوا تھا اور اس کی نگاہوں میں شدید نفرت نمایاں تھی۔
پولیس نے پیٹر مائیکل لارسن کو قتل کی کوشش کے شبہے میں گرفتار کر کے سالٹ لیک کاؤنٹی میٹرو جیل منتقل کر دیا ہے۔ پولیس کی حلفیہ رپورٹ کے مطابق ملزم نے دوران تفتیش کہا کہ وہ خود کو ایک محرک سمجھتا ہے اور اس کا ارادہ مسلمانوں کو قتل کرنے کا ہے۔
پولیس نے عدالت سے کہا ہے کہ ملزم کے مبینہ انتہا پسندانہ نظریات اور پرتشدد رویے کو دیکھتے ہوئے اسے ضمانت پر رہا کرنا عوامی سلامتی کے لیے خطرناک ہو سکتا ہے۔ بدھ کی دوپہر تک اس کے خلاف باضابطہ فرد جرم عائد نہیں کی گئی تھی۔
یوٹا اسلامک سینٹر کے امام شعیب دین نے کہا کہ گزشتہ چند برسوں کے دوران ریاست میں مسلمانوں کے خلاف ہراسانی۔ دھمکیوں اور نفرت پر مبنی واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ تاہم ان کے مطابق پیر کا حملہ ریاست کی تاریخ میں مسلم برادری کے کسی فرد پر ہونے والا اب تک کا سب سے سنگین حملہ ہے۔
سید سہیل الدین کے ساتھی ملازمین نے انہیں خوش مزاج اور دوسروں کی مدد کرنے والا انسان قرار دیا۔ ان کی ساتھی لونا نونیز نے بتایا کہ اگر کسی گاہک کی وجہ سے کوئی ملازم خوف محسوس کرتا تو سب سے پہلے سید سہیل الدین کو بلایا جاتا کیونکہ وہ ہمیشہ دوسروں کی حفاظت کے لیے آگے آتے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ سید سہیل الدین اپنی اہلیہ اور دو کم سن بچوں سے بے حد محبت کرتے تھے اور اکثر دفتر میں ان کا ذکر کیا کرتے تھے۔
سید سہیل الدین اب بھی سخت طبی نگرانی میں زیر علاج ہیں جبکہ مقامی برادری اس نفرت انگیز حملے پر شدید تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔ ساتھ ہی ان شہریوں کی بہادری کو بھی سراہا جا رہا ہے جنہوں نے بروقت مداخلت کر کے مزید جانی نقصان کو روک دیا۔