واشنگٹن ڈی سی:امریکی کوسٹ گارڈ نے بدھ کے روز ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں شمالی اوقیانوس میں تیل بردار جہاز بیلا آئی پر امریکی فورسز کے سوار ہونے اور اس کا کنٹرول سنبھالنے کی کارروائی دکھائی گئی ہے۔ بعد میں اس جہاز کا نام میرینیرا: رکھا گیا۔ یہ کارروائی وینزویلا کی تیل تجارت سے متعلق پابندیوں کے نفاذ کے لیے کوششوں میں اضافے کا حصہ ہے۔
ویڈیو کے ساتھ جاری بیان میں کوسٹ گارڈ نے کہا کہ یہ آپریشن اس کی خصوصی صلاحیتوں عالمی اثر اور مشترکہ فورس کی طاقت کا مظہر ہے۔ اس میں بین الاقوامی پابندیوں کے نفاذ کے لیے مربوط سمندری قانون نافذ کرنے والے اقدامات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
کوسٹ گارڈ کے مطابق محکمہ دفاع کے ساتھ مل کر امریکی کوسٹ گارڈ نے آج صبح شمالی اوقیانوس میں موٹر ٹینکر بیلا آئی پر سوار ہو کر اسے ضبط کیا۔ کوسٹ گارڈ کٹر منرو کی جانب سے بحر اوقیانوس میں مسلسل نگرانی کے بعد خصوصی ٹیموں نے سمندری قانون نافذ کرنے کے اختیارات استعمال کرتے ہوئے مشترکہ اور منظم آپریشن کے ذریعے جہاز کو اپنی تحویل میں لیا۔
اداروں کے درمیان تعاون پر زور دیتے ہوئے بیان میں کہا گیا کہ حکومت کے تمام اداروں کی مشترکہ کوشش اور مؤثر ہم آہنگی کے ذریعے سمندری فورس کو سمندر پر کنٹرول بین الاقوامی قانون کے تحفظ اور امریکہ کے دفاع پر فخر ہے۔
بیلا آئی کی ضبطی وینزویلا کی تیل تجارت سے منسلک جہازوں کے خلاف امریکی کارروائیوں کا حصہ ہے۔ امریکہ نے وینزویلا سے جڑے دو تیل بردار جہازوں پر کنٹرول حاصل کیا ہے جن میں سے ایک روسی پرچم تلے چل رہا تھا۔ وائٹ ہاؤس نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ پابندیوں کے تحت آنے والے جہازوں کو ضبط کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے اگرچہ اس سے روس اور چین کے ساتھ کشیدگی بڑھنے کے خدشات موجود ہیں۔
مزید تفصیلات کے مطابق ایک جہاز کئی ہفتوں تک امریکی حکام سے بچتا رہا جبکہ دوسرا جہاز تقریباً 2 ملین بیرل وینزویلا کا خام تیل لے جا رہا تھا۔ یہ معلومات عالمی تیل ترسیل پر نظر رکھنے والی کمپنیوں نے فراہم کیں۔
نیویارک ٹائمز کے مطابق شپنگ انٹیلیجنس اداروں کلپر اور ٹینکر ٹریکرز ڈاٹ کام نے بتایا کہ دونوں جہاز نام نہاد گھوسٹ فلیٹ کا حصہ تھے۔ یہ ایسے جہاز ہوتے ہیں جو امریکہ اور دیگر ممالک کی عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے روس ایران یا وینزویلا کے لیے خفیہ طور پر تیل منتقل کرتے ہیں۔
ضبطیوں کے چند گھنٹوں بعد امریکی وزیر خارجہ نے وینزویلا کے قریبی مستقبل سے متعلق ایک منصوبہ پیش کیا۔ اس منصوبے میں امریکہ کی جانب سے ضبط شدہ وینزویلا کے تیل میں سے 50 ملین بیرل تک فروخت کرنے اور اس کی آمدنی کی تقسیم سے متعلق فیصلے شامل تھے۔
روسی پرچم والے جہاز کی ضبطی ماسکو کے ساتھ کشیدگی میں مزید اضافے کی علامت ہے۔ یہ پیش رفت وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی حکومت کے خاتمے کے بعد سامنے آئی جو روس کے اتحادی تھے۔ امریکی فوج نے بیان میں کہا کہ شمالی اوقیانوس میں اسکاٹ لینڈ اور آئس لینڈ کے درمیان اس جہاز کو امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی پر ضبط کیا گیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ ضبطی کے وقت جہاز پر تیل موجود نہیں تھا۔ تاہم اس نے پہلے وینزویلا جا کر خام تیل لوڈ کرنے کی کوشش کی تھی اور اسے روکے جانے سے پہلے دو ہفتوں سے زائد عرصے تک امریکی فورسز سے بچتا رہا تھا۔