ہنٹا وائرس کے بڑھتے معاملات پر امریکی انتظامیہ الرٹ: ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 09-05-2026
ہنٹا وائرس کے بڑھتے معاملات پر امریکی انتظامیہ الرٹ: ٹرمپ
ہنٹا وائرس کے بڑھتے معاملات پر امریکی انتظامیہ الرٹ: ٹرمپ

 



واشنگٹن
ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعہ کو مقامی وقت کے مطابق کہا کہ ان کی انتظامیہ ہنٹا وائرس کے معاملات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم انہوں نے زور دے کر کہا کہ صورتحال قابو میں ہے اور یہ کووڈ-19 وبا جیسی نہیں ہے۔
ورجینیا کے اسٹرلنگ میں اپنے گالف کورس پر عشائیے کے لیے روانگی سے قبل وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ حکام وائرس کا باریک بینی سے مطالعہ کر رہے ہیں اور یہ وائرس ’’آسانی سے ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا، ’’نہیں، ایسا لگتا ہے کہ صورتحال پوری طرح قابو میں ہے۔ ماہرین اس وائرس کو اچھی طرح جانتے ہیں۔ یہ کافی عرصے سے موجود ہے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ کووڈ کے برعکس آسانی سے منتقل نہیں ہوتا۔ لیکن ہم دیکھ رہے ہیں، ہم اس کا بہت قریب سے مطالعہ کر رہے ہیں۔ ہمارے پاس بہترین ماہرین ہیں جو اس کا تفصیلی جائزہ لے رہے ہیں۔ادھر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) نے بحرِ اوقیانوس میں سفر کرنے والے ایک کروز جہاز پر ہنٹا وائرس کے پانچ تصدیق شدہ معاملات کی اطلاع دی ہے، جن کا تعلق اموات سے ہے۔
تصدیق شدہ معاملات کے علاوہ مزید تین افراد میں بھی وائرس کی اینڈیز قسم ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ صورتحال کی سنگینی کے باوجود عالمی ادارۂ صحت کا کہنا ہے کہ اگرچہ مزید انفیکشن سامنے آ سکتے ہیں، لیکن عوامی صحت کے لیے مجموعی خطرہ کم ہے۔جمعرات کو ایک پریس بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم گیبریئسس نے بتایا کہ برطانیہ نے ادارے کو اطلاع دی تھی کہ ڈچ پرچم والے جہاز ’’ہونڈیئس‘‘ پر متعدد مسافر شدید سانس کی تکلیف میں مبتلا ہیں۔ یہ جہاز اس وقت کیپ ورڈے سے اسپین کے شہر ٹینیرائف کی جانب رواں دواں ہے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ اگرچہ یہ ایک سنگین واقعہ ہے، لیکن ڈبلیو ایچ او عوامی صحت کے خطرے کو کم سمجھتا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اب تک آٹھ معاملات سامنے آ چکے ہیں، ’’جن میں تین اموات، پانچ تصدیق شدہ اور تین مشتبہ کیس شامل ہیں۔ہنٹا وائرس عموماً متاثرہ چوہوں یا ان کے فضلے کے براہِ راست رابطے سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ تاہم اس وبا میں پائی جانے والی اینڈیز قسم منفرد ہے کیونکہ یہ انسان سے انسان میں بھی منتقل ہو سکتی ہے، حالانکہ ماضی میں یہ صرف قریبی یا طویل رابطے، جیسے خاندان کے افراد یا طبی عملے تک محدود تھی۔
وبا کا آغاز ایک مرد مسافر سے ہوا، جس میں 6 اپریل کو علامات ظاہر ہوئیں اور پانچ دن بعد اس کی موت ہو گئی۔
ڈبلیو ایچ او سربراہ نے وضاحت کی کہ پہلی موت کو ابتدا میں ہنٹا وائرس سے منسوب نہیں کیا گیا کیونکہ کوئی نمونہ حاصل نہیں کیا گیا تھا اور علامات دیگر وائرل بیماریوں سے مشابہ تھیں۔ اس شخص کی اہلیہ دوسری ہلاکت بنیں، جو بیمار ہونے کے بعد 25 اپریل کو سینٹ ہیلینا میں انتقال کر گئیں۔ ایک تیسری خاتون بھی 2 مئی کو علامات ظاہر ہونے کے ایک ہفتے بعد وائرس کے باعث جان کی بازی ہار گئیں۔
گیبریئسس نے خبردار کیا کہ نئے معاملات سامنے آنے کا امکان ابھی باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنٹا وائرس کی علامات ظاہر ہونے کی مدت چھ ہفتوں تک ہو سکتی ہے، اس لیے مزید کیس رپورٹ ہونے کا امکان موجود ہے۔
تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ پہلے دو متاثرین جہاز پر سوار ہونے سے قبل چلی، ارجنٹینا اور یوروگوئے میں پرندوں کے مشاہدے کے ایک سفر میں شریک ہوئے تھے۔ یہ علاقے ان مخصوص چوہوں کی قدرتی رہائش گاہیں ہیں جو اس وائرس کو پھیلاتے ہیں۔اس کے جواب میں ارجنٹینا کے حکام اس جوڑے کے سفر کی تفصیلات کا سراغ لگا رہے ہیں، جبکہ ٹیڈروس نے تصدیق کی کہ ارجنٹینا پانچ مختلف ممالک کی لیبارٹریوں میں 2500 تشخیصی کٹس تقسیم کر رہا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے ان 12 ممالک کو بھی الرٹ جاری کیا ہے جن کے شہری سینٹ ہیلینا میں جہاز سے اترے تھے، جن میں برطانیہ، امریکہ، کینیڈا، جرمنی اور سنگاپور سمیت دیگر ممالک شامل ہیں۔