امریکہ:’لنچنگ‘ کو نفرت انگیز جرم قرار دینے کا قانون منظور

Story by  منصورالدین فریدی | Posted by  [email protected] | Date 13-03-2022
امریکہ:’لنچنگ‘ کو نفرت انگیز جرم قرار دینے کا قانون  منظور
امریکہ:’لنچنگ‘ کو نفرت انگیز جرم قرار دینے کا قانون منظور

 



 

واشنگٹن : امریکی سینیٹ نے حال ہی میں لنچنگ کو نفرت آمیز جرم قرار دینے کے قانون پر ہونے والی ووٹنگ میں متفقہ طور پر اس کی منظوری دے دی۔ اب یہ بل صدر جو بائیڈن کے دستخط کے ساتھ قانونی شکل اختیار کر لے گا۔

اس قانون کے تحت کسی بھی انسان کو نفرت انگیزی کا شکار بنا کر جسمانی اذیت دینے، مار پیٹ کرنے اور زدو کوب کرتے ہوئے اس کی جان لینے کا عمل نفرت پر مبنی ایک جرم قرار دیا جائے گا اور اس کی سزا 30 سال تک کی قید ہو سکتی ہے۔

امریکہ میں اس نوعیت کی قانون سازی کی کوششوں کی تاریخ قریب ایک صدی سے بھی زیادہ پرانی ہے۔ اب جا کر اس بل کو وفاقی سطح پر قانون کی شکل دینا اس امر کی علامت ہے کہ امریکہ میں گزشتہ چند سالوں کے دوران رونما ہونے والے ایسے واقعات جن میں خاص طور سے نسل پرستی اور سیاہ فام امریکی باشندوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور انہیں اذیت رسانی کا شکار بناکر ان کی جان لے لینے جیسے واقعات کے خلاف عوامی سطح پر پُرزور احتجاج سامنے آتا رہا ہے۔

تک کہ لنچنگ کو نفرت انگیز جرم قرار دینے کے قانون کی منظوری سینیٹ نے دے دی اور اس سے بھی بڑھ کر اہم بات یہ کہ اس بل کا نام ایک افریقی نژاد امریکی نوجوان ''ایمٹ ٹلِ‘‘ کے نام پر رکھا گیا۔ اس شخص کو 1950 ء کی دہائی میں وحشیانہ طریقے سے قتل کر دیا گیا تھا جس کے بعد امریکہ کی شہری حقوق کی تحریک نے غیر معمولی شدت اور تیزی اختیار کی۔

''ایمٹ ٹلِ اینٹی لنچنگ لاء‘‘ امریکی سینیٹ کے اکثریتی ڈیموکریٹس کے رہنما سینیٹر چک شومر نے اس تاریخی قانون کے بارے میں کہا، '' دو سو سال سے زائد کے عرصے سے لنچنگ کو غیر قانونی قرار دینے کی ناکام کوششوں اور طریل التوا کے بعد اس بل کو پاس کرنا ممکن ہوا۔‘‘ انہوں نے ایک ٹویٹ میں لکھا، '' یہ ایک اہم قدم ہے تاہم اسے اُٹھانے میں جتنا طویل وقت لگا یہ امریکہ پر لگنے والا ایک سیاہ داغ ہے۔‘‘ یاد رہے کہ امریکی شہر شیکاگو سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ ایمٹ ٹلِ کو اگست 1955 ء میں جنوبی ریاست میسیسپی میں اُس کے رشتے داروں سے ملنے کے دوران اغوا کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ اس کی مسخ شدہ لاش تین روز بعد ایک مقامی ندی سے برآمد ہوئی تھی۔