اقوام متحدہ: اقوامِ متحدہ (UN) میں ہندوستان نے پاکستان کو سخت انتباہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے زیرِ قبضہ علاقوں میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فوجی ظلم و ستم کو فوراً بند کرے۔ ہندوستان نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کا تصور ہی “اجنبی” ہے، جبکہ جموں و کشمیر کے عوام ہندوستان کے جمہوری اور آئینی ڈھانچے کے تحت اپنے بنیادی حقوق کا استعمال کر رہے ہیں۔
اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل مندوب پروتھنےنی ہریش نے جمعہ کو سلامتی کونسل (UNSC) کی کھلی بحث میں یہ بیان دیا۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ: “جموں و کشمیر، ہندوستان کا اٹوٹ اور ناقابلِ تقسیم حصہ ہے، اور پاکستان کو اپنے غیر قانونی طور پر قبضہ کیے گئے علاقوں میں جاری سنگین انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو فوراً روکنا چاہیے۔”
ہریش نے کہا: “ہم پاکستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اپنے زیرِ قبضہ علاقوں میں ہونے والی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو ختم کرے۔ وہاں کے لوگ طویل عرصے سے فوجی جبر، قبضے اور ظلم کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں۔” ہندوستانی مندوب نے پاکستان پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام ہندوستان کی آئینی و جمہوری روایات کے تحت اپنے حقوق کا استعمال کرتے ہیں، لیکن یہ تمام تصورات پاکستان کے لیے بالکل اجنبی ہیں۔
ہریش نے اپنے بیان میں سلامتی کونسل میں وسیع اصلاحات (reforms) کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا: “یہ 80 سال پرانا نظام اب موجودہ عالمی حالات کی نمائندگی نہیں کرتا۔ آج کی دنیا 1945 والی دنیا نہیں ہے، اور سلامتی کونسل کا موجودہ ڈھانچہ 2025 کی چیلنجز سے نمٹنے کے قابل نہیں۔” ہندوستانی نمائندے نے کہا کہ گلوبل ساؤتھ (ترقی پذیر ممالک) کی آواز کو عالمی فیصلہ سازی میں زیادہ اہمیت دی جانی چاہیے۔
ان کے مطابق، اصلاحات میں تاخیر کرنا ترقی پذیر ممالک کے عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو ترقی، ماحولیاتی تبدیلی، اور مالیاتی بحران جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، اس لیے فیصلہ سازی کا عمل زیادہ جمہوری اور جامع ہونا چاہیے۔ ہریش نے ہندوستان کے قدیم فلسفے “وسودھیو کٹمبکم” (یعنی "سارا جہان ایک خاندان ہے") کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تمام ممالک کو باہمی اتحاد کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ اقوامِ متحدہ خود کو ایک نئی دنیا کی ضروریات کے مطابق ڈھال سکے۔