اقوام متحدہ: عالمی یومِ عدم تشدد پر ہندوستان کی میزبانی میں گاندھیائی اصولوں پر مباحثہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 05-10-2025
اقوام متحدہ: عالمی یومِ عدم تشدد پر ہندوستان کی میزبانی میں گاندھیائی اصولوں پر مباحثہ
اقوام متحدہ: عالمی یومِ عدم تشدد پر ہندوستان کی میزبانی میں گاندھیائی اصولوں پر مباحثہ

 



نیویارک [امریکہ]: اقوام متحدہ میں ہندوستان کے مستقل نمائندے، سفیر پروتھنی ہریش نے عالمی یومِ عدم تشدد کے موقع پر ایک مباحثے کی میزبانی کی، جس میں گاندھیائی اصولوں اور عدم تشدد کی موجودہ عالمی منظرنامے میں اہمیت پر گفتگو کی گئی۔

اس تقریب میں جرمنی، جنوبی افریقہ سمیت مختلف ممالک کے مندوبین نے شرکت کی۔ سفیر ہریش نے سماجی پلیٹ فارم X (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے پیغام میں بتایا کہ کس طرح مہاتما گاندھی کے اصول – اہنسا (عدم تشدد)، ستیاگرہ (سچائی پر ڈٹے رہنا)، اور سروودیہ (سب کی فلاح) – آج کے عالمی مسائل کے حل کے لیے ایک جامع فریم ورک فراہم کرتے ہیں اور دیرپا عالمی امن کے قیام کا راستہ دکھاتے ہیں۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا: "اقوام متحدہ کی جانب سے اس دن کو عالمی یومِ عدم تشدد قرار دینا نہ صرف ہندوستان کی طرف سے باپو جی کو خراجِ عقیدت ہے بلکہ دنیا بھر کے لیے ایک عملی پیغام ہے۔ مہاتما گاندھی کا پیغام صرف ہندوستان یا ماضی تک محدود نہیں، بلکہ وہ آج بھی دنیا کو ایک ایسے مستقبل کی طرف رہنمائی فراہم کرتا ہے جہاں تصادم کی جگہ امن، تفرقے کی جگہ مکالمہ، اور خوف کی جگہ ہمدردی ہو۔"

مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے سفیر ہریش نے کہا کہ 2 اکتوبر کو ہندوستان میں گاندھی جینتی (مہاتما گاندھی کی سالگرہ) کے طور پر منایا جاتا ہے، جبکہ اقوام متحدہ کی جانب سے اسے عالمی یومِ عدم تشدد کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے، جو گاندھی جی کی امن پسندی اور عدم تشدد پر مبنی جدوجہد کو عالمی سطح پر خراج تحسین ہے۔

انہوں نے مزید کہا: "یہ دوہری حیثیت اس دن کو ایک خاص معنویت عطا کرتی ہے جو ایک طرف ہندوستان کی قومی یادداشت سے جڑی ہے اور دوسری جانب انسانیت کے لیے ایک آفاقی پیغام کی حیثیت رکھتی ہے۔" سفیر ہریش نے اپنے خطاب میں زور دیا کہ پائیدار امن اس وقت تک ممکن نہیں جب تک ہم انسانیت کو درپیش مسائل، خاص طور پر غربت، کا خاتمہ نہ کریں۔

انہوں نے کہا: "مہاتما گاندھی سمجھتے تھے کہ حقیقی امن تبھی حاصل ہو سکتا ہے جب ہر فرد کو بااختیار بنایا جائے، اسے غربت سے نکالا جائے، اور اسے اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کا موقع فراہم کیا جائے – قطع نظر اس کے کہ اس کا پس منظر کیا ہو۔"

انہوں نے بتایا کہ گاندھی جی کے نظریات سے متاثر ہو کر ہندوستان نے ہمہ گیر ترقی کو اپنی پالیسی کا مرکزی نقطہ بنایا ہے، اور گزشتہ ایک دہائی میں 25 کروڑ افراد کو کثیرالجہتی غربت سے نکالا گیا ہے۔ یہ پیش رفت اس بات کی غماز ہے کہ ہندوستان 2030 سے پہلے ہی اقوام متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف میں شامل غربت میں کمی کے ہدف کو حاصل کرنے کی جانب گامزن ہے۔

اپنے اختتامی کلمات میں سفیر ہریش نے کہا کہ: "آج کے انتشار اور تصادم سے بھرے دور میں مہاتما گاندھی کا پیغام اب بھی واضح ہے  عدم تشدد ہی وہ سب سے بڑی طاقت ہے جو انسانیت کے لیے پائیدار عالمی امن کی راہ ہموار کر سکتی ہے۔ آئیے، ہم گاندھی جی کے سچائی سے وابستگی، سروودیہ (سب کی فلاح) اور عدم تشدد کے اصولوں کو اپناتے ہوئے ایک پرامن اور منصفانہ دنیا کی طرف بڑھیں۔"