اقوام متحدہ : زلزلے کی تباہی،ایک ارب ڈالر کی اپیل

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 17-02-2023
اقوام متحدہ :  زلزلے کی تباہی،ایک ارب ڈالر کی اپیل
اقوام متحدہ : زلزلے کی تباہی،ایک ارب ڈالر کی اپیل

 

 

نیویارک: اقوام متحدہ نے ترکیہ کے زلزلہ متاثرین کی مدد کے لیے ایک ارب ڈالر امداد کی اپیل کی ہے۔ جمعرات کو اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایک بیان میں کہا یہ فنڈز 52 لاکھ افراد کو تین ماہ کے لیے مدد فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس رقم سے ’امدادی تنظیموں کو خوراک، تحفظ، تعلیم، پانی اور پناہ گاہ کے شعبوں میں اپنے کام کو تیزی سے بڑھانے میں مدد ملے گی۔‘ انتونیو گوتریس نے کہا کہ ’ضرورتیں بہت زیادہ ہیں، لوگ تکلیف میں ہیں اور وقت ضائع نہیں کیا جا سکتا۔‘ ’میں بین الاقوامی کمیونٹی پر زور دیتا ہوں کہ وہ آگے آئے اور ہمارے دور کی سب سے بڑی قدرتی آفات میں سے ایک لیے فنڈ فراہم کرے۔‘

حکام کے مطابق چھ فروری کو 7.8 شدت کے آنے والے تباہ کن زلزلے سے اب تک 41 ہزار 732 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ترکی میں 38 ہزار 44 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ شام میں ہلاکتوں کی تعداد 36 سو 88 ہے۔ لاکھوں افراد بے گھر ہیں اور انہیں فوری امداد کی ضرورت ہے۔ ’

ہم آپ کو کبھی نہیں بھولیں گے‘

ترکی میں ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کو ریسکیو اہلکار 248 گھنٹے بعد 17 سالہ نوجوان لڑکی الینا اولمیز کو نکالنے میں کامیاب ہوئے۔ زلزلے کے مرکز کے قریب واقع شہر قہرمان مرعش میں اس ریسکیو آپریشن میں حصہ لینے والے کان کن علی اکدوغن نےبتایا کہ ’اس کی حالت اچھی لگ رہی تھی۔ اس نے اپنی آنکھیں کھولیں اور بند کر لیں۔‘ انہوں نے کہا کہ ’ہم یہاں اس عمارت میں ایک ہفتے سے کام کر رہے ہیں۔۔۔ ہم یہاں آوازیں سننے کی امید کے ساتھ آئے ہیں۔‘ ’ہم خوش ہوتے ہیں جب بھی ہمیں کوئی زندہ ملتا ہے، یہاں تک کہ ایک بلی بھی۔‘

لڑکی کے چچا نے ایک ایک کر کے ریسکیو اہلکاروں کو گلے لگاتے ہوئے کہا ’ہم آپ کو کبھی نہیں بھولیں گے۔‘ خیال رہے کہ ترکیہ اور شام میں حکام نے ابھی تک یہ اعلان نہیں کیا کہ زلزلے کے بعد سے کتنے افراد لاپتہ ہیں۔