مغربی ایشیا کی کشیدگی بڑھی تو ہندوستان میں مہنگائی کا خدشہ سابق را سربراہ کا انتباہ

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 31-03-2026
مغربی ایشیا کی کشیدگی بڑھی تو ہندوستان میں مہنگائی کا خدشہ سابق را سربراہ کا انتباہ
مغربی ایشیا کی کشیدگی بڑھی تو ہندوستان میں مہنگائی کا خدشہ سابق را سربراہ کا انتباہ

 



نئی دہلی: ہندوستان کے سابق خفیہ ایجنسی را کے سربراہ وکرم سود نے کہا ہے کہ مغربی ایشیا کی کشیدہ صورتحال اگر مزید بگڑتی ہے تو ہندوستان میں مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے اور یہ حکومت کے لیے ایک مشکل صورتحال ہوگی۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 سے 3 مہینوں میں سب سے بڑا چیلنج تیل اور کھاد کی قلت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہندوستان کی زیادہ تر ایل این جی قطر سے آتی ہے جبکہ تیل کا بڑا حصہ عرب ممالک اور مشرق وسطیٰ سے آتا ہے۔ اگر اس کی فراہمی متاثر ہوئی یا قیمتیں بڑھیں تو مہنگائی میں اضافہ ہوگا جس سے نمٹنا آسان نہیں ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان اور اسرائیل کے درمیان قریبی تعلقات ہیں اور کئی سکیورٹی معاملات میں انحصار بھی ہے لیکن ایران پر حملہ اور اس کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کا قتل ایک افسوسناک واقعہ ہے۔ان کے مطابق نہ تو ہندوستان نے یہ صورتحال پیدا کی اور نہ ہی ایران نے بلکہ یہ حالات اسرائیل اور امریکہ کی کارروائیوں کے باعث پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے لیے اصل اہمیت آبنائے ہرمز کی ہے کیونکہ اسی راستے سے توانائی کی بڑی سپلائی آتی ہے۔

وکرم سود نے کہا کہ امریکہ بھی اس غیر اعلانیہ جنگ میں شامل ہو چکا ہے اور حالات تیزی سے پیچیدہ ہوتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کو دوست مانتے ہوئے بھی اس قتل کو درست قرار نہیں دیا جا سکتا اور اسے ٹالا جا سکتا تھا۔انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اس تنازع میں ایران کو صحیح انداز میں نہیں سمجھا۔ ان کے مطابق ایران مضبوط مزاحمت کر رہا ہے اور صورتحال کا حتمی نتیجہ وقت ہی بتائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جنگ کا دائرہ پھیل رہا ہے اور امریکہ مزید ہتھیار اور فوجی قوت تعینات کر رہا ہے۔ کچھ آرا کے مطابق نیتن یاہو اس جنگ کو طول دینا چاہتے ہیں جبکہ ٹرمپ ایسا نہیں چاہتے لیکن ایک رائے یہ بھی ہے کہ دونوں ایک ہی حکمت عملی پر کام کر رہے ہیں۔ادھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ٹرمپ ہمیشہ سفارت کاری کو ترجیح دیتے ہیں لیکن آبنائے ہرمز کی جزوی بندش پر ایران کو سنگین نتائج کی وارننگ بھی دی گئی ہے۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیویٹ نے کہا کہ آپریشن ایپک فیوری کے لیے 4 سے 6 ہفتوں کا وقت مقرر کیا گیا ہے اور اس کا مقصد ایرانی بحریہ کو تباہ کرنا میزائل اور ڈرون پروگرام کو ختم کرنا اور ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولنے کی کوششیں جاری ہیں۔