اقوام متحدہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے عمان کے ساحل کے قریب پالاؤ کے پرچم بردار ایک آئل ٹینکر پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کی ہے، جس میں تین ہندوستانی ملاح ہلاک ہو گئے تھے۔ یہ بات اقوام متحدہ کے ترجمان نے بتائی۔
بدھ کے روز امریکہ نے پالاؤ کے پرچم بردار ایک اور ٹینکر ایم ٹی سیٹی بیلو کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں جہاز پر سوار 24 ہندوستانی ملاحوں میں سے تین ہلاک ہو گئے۔اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن دوجارک نے جمعرات کو روزانہ کی پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ خصوصی طور پر سیٹی بیلو ٹینکر کو نشانہ بنایا گیا، جس میں متعدد ہندوستانی ملاح ہلاک ہوئے۔ اس حملے کی بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن کے سیکریٹری جنرل نے واضح طور پر مذمت کی ہے اور ہم مکمل طور پر اس مؤقف کی حمایت کرتے ہیں۔دوجارک کا اشارہ آئی ایم او کے سیکریٹری جنرل ارسی نیو ڈومنگیز کے اس بیان کی طرف تھا، جس میں انہوں نے عمان کے ساحل کے قریب پالاؤ کے پرچم بردار ٹینکر ایم ٹی سیٹی بیلو پر حملے پر ’’گہرے دکھ‘‘ اور ’’سخت مذمت‘‘ کا اظہار کیا تھا۔
آئی ایم او کے مطابق یہ واقعہ آبنائے ہرمز کے قریب پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر ایک میزائل یا پروجیکٹائل کے حملے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں تین ملاح جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ڈومنگیز نے اپنے بیان میں کہا کہ میں کسی بھی فریق کی جانب سے ایسے ہر اقدام کی سخت مذمت کرتا ہوں جو ملاحوں کی جانوں اور بین الاقوامی بحری نقل و حمل کی سلامتی کو خطرے میں ڈالے۔ یہ بالکل ناقابل قبول ہے۔ میری ہمدردیاں ان تین ملاحوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں جنہوں نے اپنی جانیں گنوائیں، اور ان تمام لوگوں کے ساتھ بھی جو جہاز کے دیگر عملے کی خیریت کے منتظر ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ آئی ایم او ہمیشہ اس بات پر زور دیتا آیا ہے کہ ملاحوں، شہری جہاز رانی اور جہاز رانی کی آزادی کا ہر حال میں تحفظ کیا جانا چاہیے۔
ڈومنگیز کے مطابق:بین الاقوامی جہاز رانی کو متاثر کرنے والے تمام اقدامات میں بین الاقوامی قانون اور سمندر میں انسانی جانوں کے تحفظ کا مکمل احترام ہونا چاہیے۔ ملاحوں کا تحفظ ایک مشترکہ ذمہ داری ہے اور اسے ہر حال میں ترجیح دی جانی چاہیے۔
آئی ایم او نے کہا کہ وہ صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہے۔دریں اثنا، مغربی ایشیا کی صورتحال پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے انتونیو گوتریس نے کہا کہ وہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش رکھتے ہیں، جس میں ایران پر امریکہ کے حملے، خلیجی خطے اور دیگر پڑوسی ممالک پر ایران کے حملے، اور اشتعال انگیز بیانات میں اضافہ شامل ہے۔
گوتریس نے تمام فریقوں سے جنگ بندی پر مکمل عمل درآمد کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مزید کشیدگی ایک بار پھر وسیع تنازع کو جنم دے سکتی ہے، جس کے نتائج نہ صرف خطے بلکہ پوری دنیا، خصوصاً کمزور ممالک کے لیے غیر متوقع اور خطرناک ہو سکتے ہیں۔انہوں نے زور دیا کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق جہاز رانی کے حقوق اور آزادیوں کا احترام کیا جانا چاہیے۔
سیکریٹری جنرل نے تمام فریقوں سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی قانون کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور شہریوں کے تحفظ کے لیے ہر ممکن احتیاطی اقدام اختیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ بحران کا واحد حل حقیقی مذاکرات اور سفارتی بات چیت میں مضمر ہے۔گوتریس نے امریکہ اور ایران پر زور دیا کہ وہ خطے اور دنیا میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے ایک پائیدار، جامع اور پرامن معاہدے کی جانب اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔
بدھ کے واقعے کے بعد ہندوستان کی وزارتِ خارجہ نے امریکہ کے ناظم الامور جیسن میکس کو طلب کیا اور انہیں باضابطہ احتجاجی مراسلہ (ڈپلومیٹک نوٹ) حوالے کیا۔ہندوستان نے تجارتی جہازوں پر حملوں کو ’’انتہائی تشویش ناک‘‘ قرار دیتے ہوئے اس معاملے کو امریکہ کے ساتھ سختی سے اٹھایا ہے۔
ہندوستان نے جمعرات کو بتایا کہ گزشتہ چار دنوں کے دوران عمان کے ساحل کے قریب ہندوستانی عملے والے تین تجارتی جہاز امریکی فوجی کارروائیوں کا نشانہ بنے، جس کے نتیجے میں تین ہندوستانی شہری ہلاک ہوئے۔8 جون کو پالاؤ کے پرچم بردار آئل ٹینکر ماری ویکس، جس پر 24 ہندوستانی ملاح سوار تھے، امریکی کارروائی کے باعث ناکارہ ہو گیا تھا، تاہم تمام عملے کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
10 جون کو سیٹی بیلو پر حملے میں تین ہندوستانی ملاح ہلاک ہو گئے، جبکہ جمعرات کو گنی بساؤ کے پرچم بردار ٹینکر جل ویر ، جس پر 20 ہندوستانی سوار تھے، بھی حملے کا نشانہ بنا۔وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے جمعہ کو پریس بریفنگ میں کہا کہ سیٹی بیلو، ماری ویکس اور جل ویر پر ہونے والے تینوں حملے ’’امریکی بحریہ‘‘ کی جانب سے کیے گئے تھے۔
ادھر امریکی فوج نے ایرانی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کر دی ہے، جب کہ ایران نے مؤثر طور پر آبنائے ہرمز کو بند کر دیا ہے۔ یہ ایک انتہائی اہم سمندری گزرگاہ ہے جس کے ذریعے عام حالات میں دنیا کی تقریباً 20 فیصد توانائی کی ترسیل ہوتی ہے۔