یوکرین: خارکیف میں داخل ہوگئی روسی فوج

Story by  ایم فریدی | Posted by  [email protected] | Date 02-03-2022
یوکرین: خارکیف میں داخل ہوگئی روسی فوج
یوکرین: خارکیف میں داخل ہوگئی روسی فوج

 

 

کیف : یوکرین کی جنگ ایک اہم موڑ پر پہنچ  گئی ہے۔ روس کی پیشقدمی جاری ہے۔ آج روس کی فوج یوکرین کے دوسرے بڑے شہر خارکیف میں داخل ہوئی ہے۔ 

یوکرینی فوج کا کہنا ہے کہ روسی فوجی ملک کے دوسرے بڑے شہر خارکیو میں اتر گئے ہیں جس کے فوراً بعد ہی شہر کی سڑکوں پر جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

 اس سے قبل شہر میں شیلنگ جاری رہی اور علاقائی گورنر کے مطابق روسی میزائلوں سے گذشتہ 24 گھنٹوں میں 21 افراد جان سے جا چکے ہیں اور 100 سے زائد زخمی ہیں۔ یوکرینی فوج نے بدھ کو ٹیلی گرام ایپ پر جاری ایک بیان میں کہاکہ روسی فضائی دستے خارکیو میں اترے۔

حملہ آوروں اور یوکرینیوں کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ روس نے پیر کو شہر میں ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا جس میں آٹھ افراد مارے گئے۔ اس کی بڑے پیمانے پر مذمت کی گئی اور یوکرینی صدر وولودی میر زیلنسکی نے اسے ’جنگی جرم‘ قرار دیا۔

یوکرینی وزیر داخلہ کے مشیر اینٹون گیراشچینکو کے مطابق خارکیو کا کوئی حصہ نہیں رہا جہاں گولہ باری نہ ہوئی ہو۔ خارکیو زیادہ تر روسی زبان بولنے والوں کا شہر ہے جس کی آبادی 14 لاکھ سے زائد ہے۔

روسی کا یوکرینی شہر خیرسون فتح کرنے کا دعویٰ یوکرین پر روسی حملے کے ساتویں دن روسی فوج نے جنوبی یوکرینی شہر خیرسون کو فتح کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ روس کی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشونکوف نے بدھ کو ایک ٹی وی پیغام میں کہاکہ روسی فوجی دستوں نے خیرسون کے علاقائی مرکز کو کنٹرول میں لے لیا ہے۔‘

 انہوں نے کہا کہ شہر میں عوامی سہولیات اور ٹرانسپورٹ معمول کے مطابق چل رہی ہیں۔ شہر میں اشیائے خوردونوش اور ضروری سامان کی کوئی قلت نہیں۔‘ ان کا کہنا تھا کہ روسی فوج اور مقامی حکام کے درمیان بات چیت جاری ہے تاکہ امن و امان قائم رکھا جا سکے، رہائشیوں کو محفوظ رکھا جا سکے اور عوامی سہولیات کو جاری رکھا جا سکے۔

خیرسون کے میئر ایگور نکولایف نے فیس بک پر ایک پوسٹ میں کہاکہ ہم اب بھی یوکرین ہیں۔ اب بھی مضبوط۔‘ بظاہر روسی فوج کے دعوے کی نفی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں ’مرنے والوں کی لاشیں اٹھانے‘ اور ’جہاں جہاں بجلی، گیس، پانی اور ہیٹنگ کی سہولیات متاثر ہوئی ہیں انہیں بحال کرنے‘ کا راستہ تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔