کیف (یوکرین)، یوکرین نے روسی سرزمین کے اندر دو اہم پلوں کو تباہ کر دیا ہے۔ ان پلوں کو سستے ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جو روسی افواج کی جانب سے چھپائے گئے بارودی مواد اور بارودی سرنگوں کے ذخائر پر حملے کے لیے استعمال کیے گئے۔
سی این اینکی رپورٹ کے مطابق، یہ کارروائی یوکرین کی 58ویں علیحدہ موٹرائزڈ انفنٹری بریگیڈنے انجام دی۔فوجی حکام کے مطابق، یہ دونوں پل یوکرین کے خارکیف علاقے کی سرحد کے قریب روسی علاقے میں واقع تھے اور روسی افواج ان کا استعمال اپنے فوجی سازوسامان کی ترسیل کے لیے کر رہی تھیں۔
روسی حکمتِ عملی خود یوکرین کے خلاف استعمال
ان پلوں کو خود روسی افواج نے بارودی سرنگوں سے محفوظ کیا تھا تاکہ اگر یوکرینی افواج پیش قدمی کریں تو وہ انہیں خود ہی تباہ کر سکیں۔
جنگی حکمت عملی کے تحت اکثر اوقات فوجیں اپنی ہی تنصیبات جیسے پل اور شاہراہیں دشمن کی پیش قدمی روکنے کے لیے تباہ کر دیتی ہیں۔ یوکرین نے بھی 2022 میں روسی حملے کے ابتدائی دنوں میں کیف کی جانب بڑھنے والے راستوں پر پل تباہ کر دیے تھے۔تاہم اس واقعے میں یوکرین نے روسی چال کو اسی کے خلاف استعمال کیا۔
پل کے نیچے غیر معمولی سرگرمی
بریگیڈ کے نمائندے نے سی این این کو بتایاکہ ہمیں پل کے نیچے کچھ غیر معمولی سرگرمی محسوس ہوئی۔ ہم عام ڈرون استعمال نہیں کر سکتے تھے کیونکہ سگنل غائب ہو جاتا، اس لیے ہم نے فائبر آپٹکس سے لیس فرسٹ پرسن ویو(FPV) ڈرون استعمال کیا۔ڈرون فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پل کے نیچے اینٹی ٹینک بارودی سرنگوں اور دھماکہ خیز مواد کا بڑا ذخیرہ چھپایا گیا تھا، جس پر ایک کپڑا ڈال کر چھپانے کی کوشش کی گئی تھی۔نمائندے نے بتایا کہ ہم نے بارودی مواد کو دیکھا اور فوراً حملہ کر دیا۔
ڈرون نے خود کو بارودی ذخیرے سے ٹکرا کر شدید دھماکہ کیا، جس کی دور سے لی گئی فوٹیج میں شدت سے تصدیق کی گئی۔ سی این این نے اس مقام کو روسی علاقے بیلگوروڈ میں واقع بتایا ہے، جو یوکرین کی سرحد کے قریب ہے۔بعد ازاں یوکرینی افواج نے دوسرے پل پر بھی یہی طریقہ آزمایا اور اسے بھی تباہ کر دیا۔
یوکرین کے لیے ایک نایاب کامیابی
یہ کارروائی یوکرین کے لیے ایک نایاب کامیابی سمجھی جا رہی ہے، جو اس وقت مختلف محاذوں پر روسی دباؤ کا سامنا کر رہا ہے۔ دوسری جانب روسی افواج یوکرینی شہروں پر مسلسل فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، جن میں شہریوں کی ہلاکتیں اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی ہو رہی ہے۔صدر ولادیمیر پیوٹن جنگ بندی مذاکرات میں تاخیر کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، جبکہ یوکرین اپنی دفاعی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔