کیف۔ یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی نے پیر کو کہا کہ یوکرینی افواج نے روسی تیل صاف کرنے کی تنصیبات، حملہ آور ڈرونز کو ذخیرہ کرنے اور لانچ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ایک جگہ اور بحیرہ اسود میں ایک ہدف کو نشانہ بنایا ہے۔ یہ کارروائیاں یوکرین پر روسی حملوں کے جواب میں کی گئیں۔ زیلنسکی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ یوکرینی افواج نے روس کے ریازان خطے میں ایک آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا، جبکہ طویل فاصلے تک مار کرنے والی صلاحیتوں کا استعمال پرم خطے اور تاتارستان میں تیل صاف کرنے کی تنصیبات کے خلاف کیا گیا۔
انہوں نے کہا، ’’ہمارے جنگجو یوکرین پر روسی حملوں کا مناسب جواب دے رہے ہیں۔ ریازان خطے میں ایک آئل ریفائنری کو نشانہ بنایا گیا۔ ہماری طویل فاصلے تک مار کرنے والی صلاحیتوں کا استعمال پرم خطے اور تاتارستان میں تیل صاف کرنے کی تنصیبات اور کرسک خطے میں حملہ آور ڈرونز کو ذخیرہ کرنے اور لانچ کرنے کے لیے استعمال ہونے والی ایک جگہ کے خلاف کیا گیا۔ بحیرہ اسود میں بھی ایک ہدف کو نشانہ بنایا گیا۔ میں اپنی تمام یونٹوں کی درست کارروائی کے لیے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘‘ یوکرین کے یہ دعوے ایسے وقت سامنے آئے ہیں جب روس نے بھی یوکرین کے بندرگاہی بنیادی ڈھانچے اور بحری جہازوں پر حملے جاری رکھے ہیں۔
روسی سرکاری خبر رساں ایجنسی تاس نے روسی وزارت دفاع کے حوالے سے یہ اطلاع دی ہے۔ تاس کے مطابق، روسی حملہ آور ڈرونز نے اتوار کی شام چورنومورسک بندرگاہ پر ’ماوکا‘ نامی خشک مال بردار جہاز کو نشانہ بنایا۔ روسی دعوے کے مطابق اس جہاز میں فوجی سازوسامان لے جایا جا رہا تھا۔ تاس نے بتایا کہ روسی افواج نے پیر 7 ستمبر کی صبح ازمائل بندرگاہ میں ایک پیداواری اور لوڈنگ کمپلیکس کو بھی نشانہ بنایا۔
روسی وزارت دفاع کا دعویٰ ہے کہ اس کمپلیکس کو مغربی ممالک کی جانب سے یوکرین پہنچائے جانے والے فوجی سامان کو بحری جہازوں سے اتارنے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔ تاس نے مزید بتایا کہ بحیرہ اسود میں فوجی سامان لے جانے والے بحری جہازوں کی حفاظت کے لیے استعمال ہونے والی ایک گشتی کشتی کو بھی نشانہ بنایا گیا۔
تاس کے مطابق روسی وزارت دفاع نے اس سے پہلے 6 ستمبر کو کہا تھا کہ اس کی افواج نے یوکرین کے اوڈیسا خطے میں دو لاجسٹک مراکز کو ’گیران-4‘ سییکر ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا۔ تاس نے یہ بھی کہا کہ روسی حملہ آور ڈرونز نے بحیرہ اسود میں یوکرین کے لیے مغربی ممالک کی جانب سے فراہم کیے گئے فوجی سازوسامان کو لے جانے والے ایک خشک مال بردار جہاز کو نشانہ بنایا۔
دوسری جانب سی این این کے مطابق اتوار کو امریکی خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کشنر نے کیف میں یوکرینی حکام کے ساتھ ’’اہم‘‘ بات چیت کی اور کیف و ماسکو پر مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے لیے زور دیا۔ تنازع شروع ہونے کے بعد ٹرمپ کے دونوں اہم معاونین کا یہ کیف کا پہلا دورہ تھا۔ اتوار کی بات چیت کے بعد کسی بڑی پیش رفت کا اعلان نہیں کیا گیا، تاہم وٹکوف نے کہا کہ انہیں ’’یقین ہے کہ یہاں ایک اچھا حل نکلے گا۔‘‘ یہ بات چیت ان تفصیلی ملاقاتوں کے بعد ہوئی جو وٹکوف اور کشنر نے ہفتے کے روز ماسکو میں روسی صدر پوتن کے ساتھ کی تھیں۔
یہ ملاقاتیں روس اور یوکرین کے درمیان جنگ ختم کرانے کے لیے امریکہ کی نئی کوششوں کا حصہ تھیں۔ سی این این کے مطابق امریکہ اور یوکرین کے درمیان مذاکرات مقامی وقت کے مطابق اتوار کی شام دو ادوار کی بات چیت کے بعد ختم ہوئے، جس کے بعد یورپی نمائندوں کے ساتھ مذاکرات کا تیسرا دور ہوا۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق یوکرینی صدارتی دفتر کے سربراہ کیریلو بودانوف نے بتایا کہ برطانیہ، فرانس اور جرمنی کے حکام بھی کیف میں موجود تھے۔ امریکی نمائندوں کے دورے کے دوران روس اور یوکرین نے 72 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی بھی کی، جس کے تحت دونوں ممالک کے دارالحکومتوں پر فضائی حملے روک دیے گئے۔ سی این این نے یوکرین کی فضائیہ کے حوالے سے بتایا کہ روسی حملے جاری رہے، تاہم کیف کو نشانہ بنانے سے گریز کیا گیا۔