برطانیہ: کشمیری تارکین وطن کا پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاج

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 23-06-2026
برطانیہ: کشمیری تارکین وطن کا پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاج
برطانیہ: کشمیری تارکین وطن کا پاکستانی سفارت خانے کے باہر احتجاج

 



لندن
برطانیہ میں مقیم کشمیری تارکینِ وطن نے لندن میں پاکستانی سفارت خانے کے باہر ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا، جس میں انہوں نے پاکستان کے زیرِ انتظام جموں و کشمیر (پی او جے کے) میں مبینہ طور پر 15 روزہ محاصرے اور کشمیری شہریوں کی ہلاکتوں کے خلاف آواز اٹھائی۔
مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھائے اور نعرے لگاتے ہوئے مبینہ انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے عالمی برادری، اقوام متحدہ اور بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیموں سے مداخلت کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ پی او جے کے کے عوام کے حقوق کے تحفظ اور وہاں بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ انصاف، امن اور حقِ خودارادیت کے حصول تک اس مسئلے کو عالمی سطح پر اجاگر کرتے رہیں گے۔
پاکستانی سفارت خانے کے باہر خطاب کرتے ہوئے جموں کشمیر نیشنل انڈیپنڈنس الائنس کے چیئرمین محمود کشمیری نے الزام عائد کیا کہ اسلام آباد حکومت نے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی سے کیے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ایک معاہدہ کیا تھا۔ پاکستان اور کشمیر دونوں حکومتوں نے تسلیم کیا تھا کہ ہمارے مطالبات جائز ہیں، لیکن جب معاہدے پر عملدرآمد کا وقت آیا تو کمیٹی کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا گیا۔
محمود کشمیری نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستان نے پی او جے کے میں ہزاروں سکیورٹی اہلکار تعینات کر رکھے ہیں، جس سے مقامی آبادی میں خوف و ہراس کی فضا پیدا ہو گئی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستانی فورسز کو علاقے سے واپس بلایا جائے اور کشمیری شہریوں کی مبینہ ہلاکتوں کے ذمہ دار افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔انہوں نے اعلان کیا کہ احتجاجی مہم عالمی سطح پر جاری رہے گی۔
ان کے بقول:جب تک یہ فورسز واپس نہیں بلائی جاتیں اور ہلاکتوں کے ذمہ دار افراد گرفتار نہیں ہوتے، ہم دنیا بھر میں احتجاج جاری رکھیں گے۔ 26 جون کو ہم اقوام متحدہ کے دفتر کے باہر احتجاج کریں گے اور دنیا کو بتائیں گے کہ پی او جے کے میں کیا ہو رہا ہے۔الائنس کے چیئرمین نے مزید الزام لگایا کہ راولاکوٹ کے متعدد رہائشی پاکستانی سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں مارے گئے ہیں جبکہ سینکڑوں افراد کو حراست میں لیا گیا یا زخمی کیا گیا ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی او جے کے عملاً محاصرے کی حالت میں ہے اور خوراک، ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی ترسیل پر پابندیاں عائد ہیں۔
محمود کشمیری نے کہا کہ خوراک کو اندر آنے نہیں دیا جا رہا، ادویات کی ترسیل روکی جا رہی ہے۔ کینسر کے مریض اپنی دواؤں سے محروم ہو گئے ہیں، حتیٰ کہ بچوں کے دودھ کی بوتلیں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔
پاکستانی اقدامات پر سوال اٹھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کشمیری اپنے مطالبات پُرامن طریقے سے پیش کر رہے ہیں اور اسلام آباد کو چاہیے کہ طاقت کے استعمال کے بجائے ان کے جائز حقوق کو تسلیم کرے۔