ابوظہبی: اماراتی صدر اور قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کی علاقائی استحکام پر اہم بات چیت

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 27-04-2026
ابوظہبی: اماراتی صدر اور قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کی علاقائی استحکام پر اہم بات چیت
ابوظہبی: اماراتی صدر اور قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال کی علاقائی استحکام پر اہم بات چیت

 



ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے ہفتے کے روز بھارت کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوبھال سے ابوظہبی میں ملاقات کی، جس میں خطے کی صورتحال اور اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔رپورٹس کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے مغربی ایشیا میں جاری بدلتی ہوئی صورتحال اور علاقائی استحکام کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔ اس موقع پر سکیورٹی خدشات، معاشی مفادات اور خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے تناظر میں باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

ملاقات میں خاص طور پر اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ حکمت عملی اپنانا ضروری ہے۔اس سے قبل 20 اپریل کو اجیت ڈوبھال نے وزیر اعظم نریندر مودی کی ہدایت پر خلیجی ممالک سے روابط کے سلسلے میں سعودی عرب کا دورہ بھی کیا تھا، جہاں انہوں نے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور علاقائی سلامتی سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

متحدہ عرب امارات کی سرکاری خبر رساں ایجنسی وام کے مطابق اس ملاقات میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان خیرسگالی کے جذبات کا تبادلہ بھی کیا گیا۔ اجیت ڈوبھال نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے متحدہ عرب امارات کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبکہ اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھی بھارت اور اس کے عوام کے لیے اسی طرح کے جذبات کا اظہار کیا۔

دو طرفہ تعلقات کے علاوہ مشرق وسطیٰ کی حالیہ صورتحال اور اس کے علاقائی و عالمی سلامتی پر اثرات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران توانائی سے متعلق خدشات اور خطے میں استحکام کے مسائل گفتگو کا اہم حصہ رہے۔یہ ملاقات ایک ماہ کے اندر دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح کے دوسرے رابطے کی نشاندہی کرتی ہے۔ اس سے قبل بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے بھی دو ملکی دورے کے دوران اماراتی صدر سے ملاقات کی تھی۔

ایس جے شنکر نے اس موقع پر بھارت اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کی مضبوطی کو اجاگر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیچیدہ علاقائی صورتحال کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان روابط مستقل اور شفاف انداز میں جاری ہیں۔ وہ اس دورے سے قبل نویں انڈین اوشن کانفرنس میں شرکت کے بعد متحدہ عرب امارات پہنچے تھے۔