نیویارک
متحدہ عرب امارات نے ایک بار پھر ایران کی جانب سے اپنے ملک اور خلیجی خطے کے دیگر ممالک پر کیے گئے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے انہیں ’’غیر قانونی‘‘ قرار دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی امارات نے آبنائے ہرمز کے ذریعے جہاز رانی کے راستے پر تہران کے کنٹرول پر شدید تشویش ظاہر کی، جس کے باعث عالمی تیل اور گیس سپلائی متاثر ہو رہی ہے۔توانائی اور رسد کی ترسیل کے تحفظ سے متعلق اقتصادی و سماجی کونسل کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کی فرسٹ سیکریٹری سارہ العوضی نے امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کے بعد خلیجی خطے میں پیدا ہونے والی کشیدگی کے تناظر میں ایران کے اقدامات پر تنقید کی۔
سارہ العوضی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات، امارات اور خطے کے دیگر ممالک پر ایران کے غیر قانونی حملوں، آبنائے ہرمز میں رکاوٹیں پیدا کرنے، اور خطے میں تیل و گیس کے بنیادی ڈھانچے اور جہازوں پر حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔آبنائے ہرمز کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے متحدہ عرب امارات نے کہا کہ ایران نے تیل اور گیس کی اہم ترسیل کو یرغمال بنا لیا ہے، جس کے باعث پوری دنیا معاشی بحران کی لپیٹ میں آ سکتی ہے۔
سارہ العوضی نے کہا کہ ایران کے اقدامات کے ’’خوراک کے تحفظ، مہنگائی اور پائیدار ترقی پر براہِ راست اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ بڑھتی ہوئی ایندھن اور نقل و حمل کی لاگت پہلے ہی عالمی سطح پر غذائی نظام، کھاد کی دستیابی، مال برداری کی منڈیوں اور گھریلو بجٹ پر دباؤ بڑھا رہی ہے۔ خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کو معاشی استحکام اور پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول میں شدید خطرات لاحق ہیں۔
متحدہ عرب امارات نے اس بات کو دہرایا کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق تجارتی اور کاروباری جہازوں کی آمد و رفت کے حقوق اور آزادی کا احترام کیا جانا چاہیے، اور ایران سے مطالبہ کیا کہ وہ آبنائے ہرمز میں ٹرانزٹ گزرگاہ اور جہاز رانی کی آزادی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوششیں بند کرے۔
سارہ العوضی نے کہا کہ آبنائے ہرمز کے ذریعے توانائی اور تجارت کی بلا رکاوٹ ترسیل کو یقینی بنانا عالمی ترقی کے مستقبل کے لیے ناگزیر ہے۔ متحدہ عرب امارات توانائی اور رسد کی روانی کے تحفظ کے لیے پُرعزم ہے اور اس معاملے میں مسلسل شراکت داری اور تعاون کا خواہاں ہے۔
دوسری جانب امریکہ اور ایران مغربی ایشیا میں جاری تنازع کے خاتمے کے لیے مستقل جنگ بندی کی شرائط پر مذاکرات جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم اب تک ان مذاکرات میں امن کے حوالے سے کوئی نمایاں پیش رفت سامنے نہیں آئی، کیونکہ واشنگٹن مسلسل ایران پر اس کے جوہری پروگرام کو ترک کرنے کے لیے دباؤ ڈال رہا ہے۔