دبئی [متحدہ عرب امارات]: دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دو ڈرون گرنے سے کوئی ہلاکت نہیں ہوئی، تاہم چند افراد زخمی ہو گئے۔ دبئی میڈیا آفس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ تھوڑی دیر پہلے دو ڈرون دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے اطراف میں گرے، جس کے نتیجے میں دو گھانین شہریوں اور ایک بنگلہ دیشی شہری کو معمولی چوٹیں آئیں جبکہ ایک بھارتی شہری درمیانی نوعیت کے زخموں کا شکار ہوا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ فضائی ٹریفک معمول کے مطابق جاری ہے۔ یہ حملہ ایران کی جانب سے امریکا اور اسرائیل کے حملوں کے جواب میں جاری میزائل حملوں کے سلسلے کا حصہ بتایا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ کور نے اعلان کیا تھا کہ اس نے امریکی اور صہیونی حساس اور اسٹریٹجک اہداف کے خلاف جاری جوابی کارروائی آپریشن ٹرو پرومس 4 کی مزید نئی لہریں شروع کر دی ہیں۔
آئی آر جی سی کے مطابق اس کارروائی کی “37ویں لہر” منگل کی رات دیر گئے شروع کی گئی۔ بیان کے مطابق یہ حملے تین گھنٹوں سے زیادہ وقت تک جاری رہے اور ان میں مسلسل اور کئی سطحوں پر مشتمل میزائل حملے کیے گئے جن میں بھاری نوعیت کے میزائل بھی شامل تھے۔
آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ اس مرحلے کے دوران عراقی کردستان کے شہر اربیل، بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے اور اسرائیل کے شہروں بیر یعقوب اور تل ابیب میں فوجی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ بیان کے مطابق ان اہداف کو خیبر شکن، قدر اور خرم شہر نامی میزائلوں کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ایران نے یہ کارروائی اس وقت شروع کی جب امریکا اور اسرائیل نے ایرانی حکومت کے خلاف فوجی حملے کیے تھے۔
ادھر اسرائیلی دفاعی افواج نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کی جانب سے اسرائیل پر داغے گئے تقریباً 300 بیلسٹک میزائلوں میں سے تقریباً نصف میں کلسٹر بم وارہیڈز نصب تھے۔ اسرائیلی فوج کے مطابق منگل کے روز زیادہ تر میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا گیا، تاہم ایک بڑا وارہیڈ لے جانے والا میزائل یروشلم کے قریب بیت شیمش کے باہر ایک کھلے علاقے میں گر کر پھٹ گیا۔
اس واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ کلسٹر بم وارہیڈز ایک وسیع علاقے میں درجنوں چھوٹے بم پھیلا دیتے ہیں، جن میں ہر ایک میں کئی کلو گرام دھماکہ خیز مواد ہوتا ہے اور یہ تقریباً دس کلومیٹر کے دائرے میں پھیل سکتے ہیں۔ ایسے ہتھیاروں کا استعمال 2008 کے کلسٹر میونیشنز کنونشن کے تحت ممنوع ہے، تاہم اسرائیل، ایران اور امریکا اس معاہدے کے دستخط کنندگان میں شامل نہیں ہیں۔