منیلا
فلپائن کے جنوبی جزیرے مینڈاناؤ کے قریب ایک طاقتور زلزلے کے فوراً بعد ایشیا کے کئی ممالک میں سونامی کے انتباہات جاری کر دیے گئے ہیں۔ الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق پیر کی علی الصبح آنے والے اس زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی۔شدید زلزلے کے باعث ملک میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور متعدد بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچا ہے، تاہم ہلاکتوں اور زخمیوں کی حتمی تعداد ابھی تک سامنے نہیں آئی۔
الجزیرہ نے فلپائن انسٹی ٹیوٹ آف وولکینولوجی اینڈ سیسمولوجی کے حوالے سے بتایا کہ ابتدائی زلزلے کے بعد ایک گھنٹے سے زائد عرصے تک آفٹر شاکس (بعد از زلزلہ جھٹکے) محسوس کیے گئے۔
فلپائن کے صدر فرڈینینڈ مارکوس جونیئر نے پیر کی صبح کہا کہ ہنگامی امدادی اداروں کو متحرک کر دیا گیا ہے، جن میں آفس آف سول ڈیفنس اور نیشنل ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ کونسل شامل ہیں۔
ملکی حکام کے مطابق سارانگانی، داواؤ اوکسیڈینٹل، تاوی تاوی اور سولو سمیت نو صوبوں کے رہائشیوں کو فوری طور پر بلند مقامات یا ساحل سے دور اندرونِ ملک منتقل ہونے کی ہدایت دی گئی ہے۔
الجزیرہ کے مطابق انڈونیشیا میں بھی شمالی سولاویسی، شمالی گورونتالو صوبے اور سانگھی جزائر کے بعض علاقوں کے لیے انخلا کے احکامات جاری کیے گئے ہیں، جبکہ شہریوں کو محفوظ اور بلند مقامات پر منتقل ہونے کی تلقین کی گئی ہے۔دوسری جانب جاپان، فلپائن اور انڈونیشیا کے حکام نے بھی خطرناک سمندری لہروں کے بارے میں خبردار کرتے ہوئے ساحلی علاقوں میں رہنے والے افراد کو محفوظ مقامات پر جانے کی ہدایت دی ہے۔
امریکہ میں قائم پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے پہلے بتایا تھا کہ فلپائن کے ساحلی علاقوں سے 3 میٹر (9.8 فٹ) بلند سونامی لہریں ٹکرا سکتی ہیں، جبکہ انڈونیشیا اور ملائیشیا کے بعض حصوں میں ایک میٹر (3.3 فٹ) تک بلند لہروں کا امکان ہے۔
جاپان کی محکمہ موسمیات ایجنسی کے مطابق پہلی لہریں مقامی وقت کے مطابق صبح تقریباً 10 بجے فلپائن اور انڈونیشیا کے بعض علاقوں تک پہنچنے کی توقع تھی۔ اس کے بعد تقریباً 11 بجے جنوبی جاپان اور تائیوان میں لہروں کے پہنچنے کا امکان ظاہر کیا گیا، جبکہ ایک گھنٹے بعد مائیکرونیشیا، پاپوا نیو گنی اور سولومن جزائر متاثر ہو سکتے ہیں۔
ایجنسی نے مزید بتایا کہ امریکی نیشنل سونامی وارننگ سینٹر نے زلزلے کی ابتدائی 8.2 شدت کے اندازے کو کم کر کے 7.7 کر دیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے امریکہ کے ساحلی علاقوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔جاپان کے دور دراز جزیروں، جن میں اوکیناوا اور ملک کے جنوبی ساحلی علاقے شامل ہیں، کے لیے بھی سونامی وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔
الجزیرہ کے مطابق شمالی ماریانا جزائر اور گوام کے حکام نے پہلے جاری کیے گئے سونامی انتباہات واپس لے لیے ہیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا ہے کہ سمندر میں تیز لہروں، خطرناک سمندری دھاروں اور ساحلی علاقوں میں غیر محفوظ حالات کا خطرہ اب بھی موجود ہے۔