واشنگٹن ڈی سی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 8 جولائی کو ترکیہ میں نیٹو سربراہ اجلاس میں شرکت کے فوراً بعد ایران کی جانب سے ممکنہ قاتلانہ حملے کے خطرے کے پیش نظر ایک خفیہ پرواز کے ذریعے ترکیہ سے روانگی اختیار کی تھی۔ واشنگٹن پوسٹ کی ایک رپورٹ میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق یہ خفیہ کارروائی اس سے قبل منظر عام پر نہیں آئی تھی۔ صحافیوں اور وائٹ ہاؤس کے بعض عملے کو بھی اس کا علم نہیں تھا۔ انہیں یقین تھا کہ وہ صدر ٹرمپ کے ساتھ اسی طیارے میں سفر کر رہے ہیں۔ واشنگٹن پوسٹ نے اس کارروائی سے واقف ایک امریکی عہدیدار اور صدر کے سفری انتظامات سے واقف ایک دوسرے شخص سے معلومات حاصل کیں۔ دونوں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر گفتگو کی۔
واشنگٹن پوسٹ کی جانب سے جائزے میں لیے گئے متعلقہ مواد اور امریکی عہدیدار کے مطابق ٹرمپ کیمروں کی موجودگی میں پرانے ایئر فورس ون طیارے میں سوار ہوئے۔ تاہم چند منٹ بعد انہیں خفیہ طور پر ایک چھوٹے طیارے ایئر فورس C-32A میں منتقل کردیا گیا۔ یہ منتقلی ہوائی اڈے کے ایک کیٹرنگ ٹرک کے ذریعے کی گئی جو عام طور پر پرواز سے قبل کھانے اور دیگر سامان طیارے تک پہنچانے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔
امریکی عہدیدار اور واشنگٹن پوسٹ کے جائزے میں لیے گئے دیگر مواد کے مطابق ٹرمپ اور ان کے کئی معاونین نے اس طیارے سے باہر نکلنے کے لیے ہوائی اڈے کے کیٹرنگ ٹرک میں سوار ہوئے۔ ہائیڈرولک نظام کے ذریعے ٹرک کو طیارے کے قریب بلند کیا گیا اور اسے ایئر فورس ون کے مرکزی دروازے کے مخالف جانب موجود دروازے کے سامنے کھڑا کیا گیا تاکہ یہ منتقلی نظروں سے پوشیدہ رہے۔امریکی عہدیدار کے مطابق ایئر فورس ون دراصل ایک ’’متبادل طیارے‘‘ کے طور پر استعمال کیا گیا تھا جس میں میڈیا کے نمائندے اور وائٹ ہاؤس کے بعض اہلکار سوار تھے۔
امریکی عہدیدار نے بتایا کہ نیلے اور سفید رنگ کا C-32A ایک تبدیل شدہ بوئنگ 757 طیارہ ہے جو امریکی حکام کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ صدر کے دورے میں معاونت کے لیے اسے پرانے ایئر فورس ون اور قطر سے ملنے والے سابق طیارے کے ساتھ ترکیہ لایا گیا تھا۔
قطر کی جانب سے دیے گئے طیارے کا دفاع کرتے ہوئے وائٹ ہاؤس کے کمیونیکیشنز ڈائریکٹر اسٹیون چیونگ نے واشنگٹن پوسٹ کے سوال کے جواب میں ایک بیان میں کہا کہ نیا ایئر فورس ون ایک جدید ترین طیارہ ہے جس میں اعلیٰ سطح کے حفاظتی نظام نصب کیے گئے ہیں جو صدر اور ان کے عملے کی حفاظت کو یقینی بناتے ہیں۔بیان میں مزید کہا گیا کہ جیسا کہ صدر حال ہی میں کہہ چکے ہیں۔ امریکہ کے بہت سے دشمن ہیں جو انہیں نشانہ بنانے کے لیے تیار ہیں اور ان خطرات سے نمٹنے کے لیے دستیاب تمام ذرائع استعمال کیے جاتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق وزیر جنگ پیٹ ہیگستھ بھی الگ سے C-32A میں سوار ہوئے۔ انہوں نے بیرونی سیڑھیوں کے ذریعے طیارے میں داخل ہوکر اس پرواز کو معمول کی کارروائی ظاہر کرنے میں مدد کی۔
واشنگٹن پوسٹ کے مطابق C-32A کے لیے کوئی فلائٹ ٹریکر ڈیٹا دستیاب نہیں ہوسکا۔ تاہم یوٹیوب پر پوسٹ کی گئی ویڈیوز میں سابق قطری طیارے کو لینڈ کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ اس کے چند گھنٹے بعد C-32A جبکہ کئی منٹ بعد پرانا ایئر فورس ون بھی وہاں پہنچا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ یہ واضح نہیں ہوسکا کہ لینڈنگ کے بعد ٹرمپ C-32A سے دوبارہ پرانے ایئر فورس ون میں کیسے منتقل ہوئے۔ تاہم واشنگٹن پوسٹ نے میڈیا پول کی ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ ٹرمپ رات 10:56 بجے ایئر فورس ون سے باہر نکلے۔
ٹرمپ جولائی میں عالمی رہنماؤں کے ساتھ نیٹو سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے انقرہ میں موجود تھے۔اس خفیہ متبادل انتظام نے اس سوال کو جنم دیا ہے کہ امریکی انتظامیہ نے اس کارروائی کے بارے میں کتنی معلومات ظاہر کی ہیں۔ کیونکہ صدر کی حقیقی موجودگی کے مقام کو کئی اعلیٰ امریکی حکام اور عوام سے بھی پوشیدہ رکھا گیا تھا۔واشنگٹن پوسٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ ٹرمپ کی یہ کارروائی اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ امریکی سکیورٹی حکام کو ترکیہ سے صدر کی روانگی کے حوالے سے کس قدر تشویش تھی۔ ترکیہ کی سرحد ایران سے ملتی ہے۔
امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ایران سے متعلق ٹرمپ کو درپیش ایک قابل اعتماد خطرے نے اس ’’فریب پر مبنی کارروائی‘‘ کا آغاز کیا۔ایک دوسرے امریکی عہدیدار نے بتایا کہ گزشتہ 30 برسوں کے دوران بھی ایسے مواقع آئے ہیں جب کسی سنگین خطرے کے باعث یا صدر کے کسی خطرناک مقام کا سفر کرنے کی صورت میں ایئر فورس ون کو صدر کے لیے متبادل طیارے کے طور پر استعمال کیا گیا۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے انکار کیا۔