ٹرمپ اسرائیل - مصر کا دورہ کریں گے

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 11-10-2025
ٹرمپ اسرائیل - مصر کا دورہ کریں گے
ٹرمپ اسرائیل - مصر کا دورہ کریں گے

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا کہ وہ اسرائیل اور مصر کے دورے پر جائیں گے۔ یہ اعلان اُس وقت سامنے آیا جب اسرائیلی حکومت نے غزہ امن منصوبے کے پہلے مرحلے کی منظوری دی۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کو "دنیا کے لیے ایک عظیم معاہدہ" قرار دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ یرغمالیوں کی رہائی اور تقریباً 28 لاشوں کی واپسی کو یقینی بنائے گا۔
ٹرمپ نے کہا کہ یہ اسرائیل کے لیے ایک بہترین معاہدہ ہے، لیکن درحقیقت یہ سب کے لیے اچھا ہے ۔ عربوں کے لیے، مسلمانوں کے لیے، سب کے لیے، پوری دنیا کے لیے۔ پیر کے روز یرغمالی واپس آئیں گے۔ وہ زمین کے اندر بہت سخت حالات میں رکھے گئے ہیں۔ صرف چند لوگوں کو معلوم ہے کہ وہ کہاں ہیں... اس کے ساتھ تقریباً 28 لاشیں بھی واپس لائی جا رہی ہیں، جن میں سے کچھ کو اسی وقت نکالا جا رہا ہے۔ یہ ایک المیہ ہے۔ میں اسرائیل جا رہا ہوں، کنیسٹ (پارلیمنٹ) میں خطاب کروں گا، اور پھر مصر بھی جاؤں گا۔ ہر کوئی چاہتا ہے کہ یہ معاہدہ کامیاب ہو۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں امن کی جانب ایک بڑے قدم کی نمائندگی کرتا ہے۔ میرا خیال ہے کہ غزہ دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔ وہاں کئی دولت مند ممالک موجود ہیں، اور ان کی دولت کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ اس مقصد کے لیے کافی ہوگا۔ غزہ اہم ہے، مگر یہ معاملہ صرف غزہ تک محدود نہیں۔ یہ پورے مشرقِ وسطیٰ میں امن کا معاملہ ہے، اور یہ ایک خوبصورت پیش رفت ہے۔
اس سے قبل، اسرائیلی حکومت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے 20 نکاتی "غزہ امن منصوبے" کے تحت جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے حق میں ووٹ دیا، سی این این کے مطابق۔ یہ فیصلہ اُس وقت سامنے آیا جب وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے پہلے اسرائیلی سیکیورٹی کابینہ کا اجلاس بلایا اور بعد ازاں وزراء کے ساتھ مشاورت کی۔
دی یروشلم پوسٹ کے مطابق، جمعے کی صبح اسرائیلی وزیرِاعظم کے دفتر نے اعلان کیا کہ حکومت نے تمام یرغمالیوں  زندہ اور مردہ  کی رہائی کے خاکے کی منظوری دے دی ہے۔
 حکام کا کہنا ہے کہ جنگ بندی فوراً نافذ العمل ہو جائے گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشرقِ وسطیٰ کے لیے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کُشنر بھی یروشلم میں اسرائیلی حکومت کے اُس اجلاس میں موجود تھے جہاں اس امریکی ثالثی والے معاہدے پر ووٹنگ ہوئی۔
اسرائیلی حکومت نے جنگ بندی کے "پہلے مرحلے" کی منظوری دے دی، جس میں یرغمالیوں کے تبادلے اور اسرائیلی افواج کے غزہ کے بعض حصوں سے انخلا کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
حماس کے چیف مذاکرات کار خلیل الحیہ نے بتایا کہ امریکہ کی جانب سے انہیں یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ اس معاہدے کے پہلے مرحلے کا مطلب ہے کہ غزہ میں جنگ "مکمل طور پر ختم ہو چکی ہے۔
اس سے قبل، بدھ کے روز امریکی صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ اسرائیل اور حماس نے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر اتفاق کر لیا ہے، جو جنگ بندی کے ساتھ غزہ کی جنگ کو ختم کرے گا، اور اس میں یرغمالیوں کی رہائی شامل ہے۔ بعد ازاں، جمعرات کی صبح وائٹ ہاؤس میں کابینہ کے اجلاس کے دوران ٹرمپ نے کہا، "گزشتہ رات ہم نے مشرقِ وسطیٰ میں ایک تاریخی پیش رفت حاصل کی ۔ ایسی جو لوگوں نے کہا تھا کہ کبھی ممکن نہیں۔ ہم نے غزہ کی جنگ ختم کر دی، اور میرا خیال ہے کہ یہ ایک پائیدار، بلکہ ہمیشہ قائم رہنے والا امن ثابت ہو گا۔
دریں اثناء اسرائیلی پارلیمنٹ (کنیسٹ) کے اسپیکر امیر اوہانا نے ٹرمپ کو خطاب کی دعوت دی اور انہیں "یہودی قوم کے جدید دور کے سب سے بڑے دوست اور اتحادی" قرار دیا۔
جمعرات کو جاری کیے گئے خط میں اوہانا نے ٹرمپ کی قیادت اور بصیرت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اُن کی کوششوں سے نہ صرف 7 اکتوبر کو حماس کے ہاتھوں اغوا ہونے والے تمام اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی ممکن ہوئی، بلکہ مشرقِ وسطیٰ کے تقریباً تمام ممالک کی حمایت سے ایک غیر معمولی علاقائی معاہدہ بھی طے پایا۔
بعد ازاں، اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی سے ہونے والے جنگ بندی اور یرغمالیوں کی رہائی کے معاہدے کے بعد اسرائیل "جنگ کے اپنے مرکزی ہدف" کے حصول کے قریب ہے۔ نیتن یاہو نے اپنے مختصر بیان میں کہا کہ ہم ایک تاریخی موڑ پر کھڑے ہیں۔ گزشتہ دو سالوں میں ہم نے اپنے جنگی اہداف حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کی، اور ان میں سب سے مرکزی ہدف تمام یرغمالیوں  زندہ اور مردہ  کی واپسی تھا، اور اب ہم اس کے قریب ہیں۔
انہوں نے ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس امن عمل میں ثالثی کی، جس نے دو سال سے جاری اُس جنگ کا خاتمہ کیا جس میں دونوں جانب ہزاروں افراد ہلاک ہوئے۔