ٹرمپ نے دو ہفتوں کے لیے بمباری روک دی، ایران کی دس نکاتی تجویز کو قابلِ عمل قرار دیا

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 08-04-2026
ٹرمپ نے دو ہفتوں کے لیے بمباری روک دی، ایران کی دس نکاتی تجویز کو قابلِ عمل قرار دیا
ٹرمپ نے دو ہفتوں کے لیے بمباری روک دی، ایران کی دس نکاتی تجویز کو قابلِ عمل قرار دیا

 



 واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے خلاف جاری "بمباری اور حملوں" کی مہم کو معطل کرتے ہوئے دو ہفتوں کے لیے دو طرفہ جنگ بندی کا اعلان کیا ہے اور کہا ہے کہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی دس نکاتی تجویز قابلِ عمل ہے۔

ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر ایک بیان میں کہا کہ یہ دس نکاتی تجویز مستقل معاہدے کے لیے بنیاد بن سکتی ہے جبکہ انہوں نے یہ بھی دہرایا کہ امریکہ اپنے زیادہ تر فوجی اہداف حاصل کر چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر سے بات چیت کے بعد اور ان کی درخواست پر کہ آج رات ایران پر بھیجی جانے والی تباہ کن کارروائی کو روکا جائے اور اس شرط پر کہ ایران آبنائے ہرمز کو مکمل فوری اور محفوظ طور پر کھول دے امریکہ نے دو ہفتوں کے لیے ایران پر بمباری اور حملے معطل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ ایک دو طرفہ جنگ بندی ہوگی۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ اس فیصلے کی وجہ یہ ہے کہ امریکہ اپنے تمام فوجی مقاصد حاصل کر چکا ہے اور ایران کے ساتھ طویل مدتی امن کے معاہدے کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کی جانب سے موصول ہونے والی دس نکاتی تجویز مذاکرات کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔

ان کے مطابق ماضی کے تقریباً تمام متنازع نکات پر امریکہ اور ایران کے درمیان اتفاق ہو چکا ہے اور یہ دو ہفتوں کی مہلت معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے دی گئی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کی نمائندگی کرتے ہوئے یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے کہ ایک طویل عرصے سے جاری مسئلہ اب حل کے قریب ہے۔

یہ اعلان ان بیانات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں ٹرمپ نے ممکنہ تباہی کی سخت وارننگ دی تھی اور ایران میں ممکنہ تبدیلی اقتدار کا اشارہ بھی دیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ آج رات ایک پوری تہذیب تباہ ہو سکتی ہے جسے دوبارہ زندہ نہیں کیا جا سکے گا اور وہ ایسا نہیں چاہتے مگر امکان موجود ہے۔

امریکی صدر کی جانب سے اعلان کردہ اس وقفے سے امید پیدا ہوئی ہے کہ 28 مارچ سے جاری کشیدگی اب ختم ہو سکتی ہے اور دونوں فریق امن ک ے لیے پیچھے ہٹ سکتے ہیں۔