امریکہ - چین کے درمیان ہوا ٹک ٹاک معاہدہ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 26-09-2025
امریکہ - چین کے درمیان ہوا ٹک ٹاک معاہدہ
امریکہ - چین کے درمیان ہوا ٹک ٹاک معاہدہ

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعہ کو ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے جس میں مقبول ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک سے متعلق ایک معاہدے کی منظوری دی گئی، جو اس بات کی علامت ہے کہ اب ایپ پر امریکی ملکیت اور کنٹرول ہوگا۔
ٹرمپ نے 20 ستمبر کو چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ اپنی حالیہ گفتگو کا ذکر کیا، جس میں ٹک ٹاک کا معاہدہ ایک اہم موضوع تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ دلچسپ ہے کیونکہ میری صدر شی کے ساتھ بہت اچھی بات چیت ہوئی، میں ان کا بہت احترام کرتا ہوں اور امید ہے کہ وہ بھی مجھ پر اتنا ہی احترام کریں گے۔ ہم نے ٹک ٹاک پر بات کی، اور انہوں نے ہمیں ہری جھنڈی دے دی۔
ٹرمپ نے مزید یقین دہانی کرائی کہ اب ایپ امریکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے ذریعے چلائی جائے گی اور اس میں سیکیورٹی اور حفاظتی خدشات کو دور کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اب امریکی سرمایہ کاروں اور کمپنیوں کے ذریعے چلائی جائے گی، عظیم لوگ، بڑے سرمایہ کار، سب سے بڑے۔ نوجوان واقعی چاہتے تھے کہ یہ ہو۔
ٹرمپ نے اس بات کی طرف بھی اشارہ کیا کہ اوریکل  کے چیف ٹیکنالوجی آفیسر لیری ایلیسن اور اوریکل   کمپنی اس پلیٹ فارم کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہ کہ ہمارے پاس امریکی سرمایہ کار ہیں جو اسے لے کر چلائیں گے، انتہائی ماہر، اور اس میں لیری ایلیسن اور اوریکل  ایک بہت بڑا کردار ادا کریں گے، سیکیورٹی، حفاظت اور ہر چیز کے حوالے سے۔
اوریکل  کورپوریشن ایک امریکی کثیر القومی ٹیکنالوجی کمپنی ہے جس کا صدر دفتر آسٹن، ٹیکساس میں ہے۔ گزشتہ ہفتے، ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے ٹک ٹاک کے معاہدے کی منظوری دی ہے تاکہ یہ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم امریکہ میں اپنی خدمات جاری رکھ سکے۔
اوول آفس میں رپورٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے، ٹرمپ نے کہا کہ میں نے صدر شی کے ساتھ اچھی کال کی۔ انہوں نے ٹک ٹاک معاہدے کی منظوری دی۔ ہم اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے منتظر ہیں۔ اسے دستخط کرنا ضروری ہے، یہ ایک رسمی عمل ہو سکتا ہے۔ ٹک ٹاک کا معاہدہ راستے پر ہے اور سرمایہ کار تیار ہیں۔
ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ایپ پر "سخت کنٹرول" رکھے گا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ واشنگٹن کے لیے ایک بہت اچھا معاہدہ ہے۔ ٹرمپ اور شی جن پنگ نے 20 ستمبر کو ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں مختلف مسائل پر بات ہوئی، بشمول چینی ایپ ٹک ٹاک، جسے اس وقت بند کرنے کا خطرہ تھا کیونکہ سابق امریکی صدر جوبائیڈن کی حکومت نے قانون سازی کی تھی تاکہ پلیٹ فارم اپنی ملکیت چینی انٹرنیٹ کمپنی بائٹ ڈانس سے الگ کرے۔
ٹرمپ اور شی کی گفتگو کے فوراً بعد، بائٹ ڈانس نے بیان جاری کیا کہ کمپنی متعلقہ اقدامات کرے گی تاکہ ٹک ٹاک امریکہ میں کام جاری رکھ سکے۔
بیان میں کہا گیا کہ ہم صدر شی جن پنگ اور صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا ٹک ٹاک پر دھیان دینے کے لیے شکریہ ادا کرتے ہیں۔ بائٹ ڈانس چینی قانون کے مطابق اقدامات کرے گی، تاکہ ٹک ٹاک امریکہ میں امریکی صارفین کی خدمت جاری رکھ سکے۔
اس قانون سازی، جو اپریل 2024 میں منظور ہوئی تھی، کا مقصد تھا کہ ایپ 19 جنوری 2025 سے بند ہو جائے، لیکن ٹرمپ کی حکومت نے اسے ابھی تک نافذ نہیں کیا۔
امریکہ چین کے ساتھ ایک ایسے معاہدے کا خواہاں ہے جس سے امریکی سرمایہ کاروں کو ٹک ٹاک پر زیادہ کنٹرول حاصل ہو۔