واشنگٹن :ایران کے کئی صوبوں میں ہونے والے بڑے پیمانے پر مظاہروں کے دوران جن میں اطلاعات کے مطابق 500 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو مقامی وقت کے مطابق کہا کہ اسلامی جمہوریہ بظاہر ان کی انتظامیہ کی مقرر کردہ سرخ لکیر عبور کرنے کے قریب ہے کیونکہ زیادہ تر مظاہرین کی ہلاکتوں کی رپورٹس سامنے آئی ہیں جس پر واشنگٹن ان کے بقول نہایت سخت آپشنز پر غور کر رہا ہے۔
ایئر فورس ون میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ایران نے مظاہرین کے ساتھ سلوک کے معاملے پر کھینچی گئی سرخ لکیر عبور کر لی ہے تو ٹرمپ نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے کہ وہ اس طرف بڑھ رہے ہیں۔
امریکی صدر نے اسلامی جمہوریہ میں جاری مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں بیٹھے لوگ تشدد کے ذریعے حکومت کر رہے ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ صورتحال پر امریکی حکومت کی اعلیٰ ترین سطح پر گہری نظر رکھی جا رہی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ کچھ ایسے لوگ مارے گئے ہیں جنہیں نہیں مارا جانا چاہیے تھا اگر آپ انہیں رہنما کہیں تو میں نہیں جانتا کہ وہ رہنما ہیں یا صرف تشدد کے ذریعے حکومت کرتے ہیں مگر ہم اس معاملے کو نہایت سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں فوج بھی دیکھ رہی ہے ہم کچھ بہت سخت آپشنز پر غور کر رہے ہیں اور فیصلہ کریں گے۔
امریکی صدر نے اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ واشنگٹن کون سے مخصوص اقدامات کر سکتا ہے تاہم نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کو ایران کے خلاف فوجی آپشنز کی ایک رینج پر بریفنگ دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے سامنے جو آپشنز رکھے گئے ان میں تہران میں چند منتخب مقامات پر ہدفی حملے شامل ہیں جن میں حکومت کے داخلی سلامتی کے ڈھانچے سے جڑی غیر فوجی تنصیبات بھی شامل ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ یہ بریفنگز ہنگامی منصوبہ بندی کا حصہ ہیں کیونکہ انتظامیہ ایرانی حکام کی جانب سے مزید تشدد روکنے کے لیے سفارتی معاشی اور فوجی ذرائع کا جائزہ لے رہی ہے۔
اس سے قبل ٹرمپ نے کہا تھا کہ امریکا مشرق وسطیٰ کے اس ملک کی مدد کے لیے تیار ہے جو پہلے سے کہیں زیادہ آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے۔
ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے کہا کہ ایران شاید پہلے سے کہیں زیادہ آزادی کی طرف دیکھ رہا ہے اور امریکا مدد کے لیے تیار ہے۔
گزشتہ 15 دنوں سے ایران مہنگائی اور معاشی مشکلات کے خلاف ملک کے کئی صوبوں میں شدید بدامنی اور مظاہروں کی زد میں ہے۔
یہ مظاہرے جلد ہی پورے ملک میں پھیلی ہوئی کشیدگی میں بدل گئے جن میں مظاہرین اور سکیورٹی فورسز کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئیں۔
ہیومن رائٹس ایکٹیوسٹس ان ایران کے پریس ونگ کے مطابق حکومت مخالف مظاہروں کے دوران کم از کم 544 افراد کے مارے جانے کی اطلاع ہے جبکہ درجنوں دیگر کیسز کی تفتیش جاری ہے۔
اس کے علاوہ 10,681 سے زائد افراد کو حراست میں لے کر جیلوں میں منتقل کیا گیا اور ملک بھر میں 585 مقامات پر مظاہرے رپورٹ ہوئے جو تمام 31 صوبوں کے 186 شہروں پر محیط تھے۔
مظاہروں کا آغاز 28 دسمبر کو ہوا جب متعدد شہروں میں احتجاج پھیلا اور حکام نے گرفتاریوں کریک ڈاؤن اور طاقت کے استعمال کے ذریعے جواب دیا۔
امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم نے بھی ٹرمپ کی حمایت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم کا ڈراؤنا خواب جلد ختم ہونے والا ہے۔
گراہم نے ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ صدر ٹرمپ اوباما نہیں ہیں آزادی اب آزادی ہمیشہ کے لیے اور میں سمجھتا ہوں کہ آپ کی قوم کا ڈراؤنا خواب جلد ختم ہو جائے گا میک ایران گریٹ اگین۔
ادھر گزشتہ دو دنوں سے اسلامی جمہوریہ میں انٹرنیٹ سروسز بند ہیں اور جب ٹرمپ سے پوچھا گیا کہ کیا ان کی انتظامیہ ایران میں انٹرنیٹ رسائی ممکن بنانے پر غور کر رہی ہے جن میں ایلون مسک کی اسٹارلنک سروس بھی شامل ہے تو انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بات چیت جاری ہے تاہم کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
امریکی صدر نے کہا کہ ہم اس پر بات کریں گے ممکن ہے ہم انٹرنیٹ بحال کریں ممکن ہے ہم ایلون مسک سے بات کریں میں انہیں فون کرنے والا ہوں۔