نیویارک : : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے منگل کو کہا کہ غزہ کی صورتحال پر ہونے والی اعلیٰ سطحی میٹنگ "بہت کامیاب" رہی، اگرچہ فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے معاملے پر اختلافات بدستور موجود ہیں۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی (یو این جی اے) کے 80 ویں اجلاس کے دوران نیویارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز سے روانگی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا: "ہمارا غزہ کے حوالے سے ایک بہت اچھا اجلاس ہوا۔ یہ بڑے بڑے کھلاڑیوں کے ساتھ بہت کامیاب میٹنگ تھی، اسرائیل کے علاوہ۔ لیکن وہ اگلا مرحلہ ہوگا۔"
اپنے خطاب میں صدر ٹرمپ نے بعض ممالک کی جانب سے فلسطینی ریاست کو یکطرفہ طور پر تسلیم کرنے کی کوششوں کی مخالفت دہراتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات "حماس کو انعام دینے" کے مترادف ہیں۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی اور جاری تنازع کے خاتمے پر بھی زور دیا۔
ٹرمپ نے کہا: "جیسے یہ تنازع کو بڑھاوا دینا ہو، اس ادارے کے کچھ لوگ یکطرفہ طور پر فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ حماس کے دہشت گردوں کو ان کے مظالم پر بہت بڑا انعام ہوگا۔"
یہ بیان یورپی ممالک کے اس فیصلے کے تناظر میں آیا، جس کے تحت انہوں نے پیر کے روز یو این جی اے کے اجلاس کے دوران فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا۔ اگرچہ یہ قدم زیادہ تر علامتی ہے، مگر اس نے اسرائیل کی سفارتی پوزیشن کو مزید مشکل میں ڈال دیا ہے۔ تاہم امریکہ نے اس کی حمایت نہیں کی ہے۔
ٹرمپ نے کہا: "فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا ان خوفناک مظالم کا انعام ہوگا، جن میں 7 اکتوبر بھی شامل ہے، جب کہ وہ نہ تو یرغمالیوں کو رہا کر رہے ہیں اور نہ ہی جنگ بندی پر آمادہ ہیں۔" انہوں نے تجویز دی: "جو لوگ امن چاہتے ہیں انہیں ایک پیغام پر متحد ہونا چاہیے: یرغمالیوں کو رہا کرو، فوراً رہا کرو۔"
انہوں نے زور دیا کہ "غزہ کی جنگ کو فوراً روکنا ہوگا۔ ہمیں بات چیت کرنی ہوگی، امن پر بات کرنی ہوگی اور یرغمالیوں کو واپس لانا ہوگا۔"
دوسری جانب فلسطینی صدر محمود عباس نے یورپی موقف کو تقویت دیتے ہوئے حماس اور اس کی جماعتوں کو سخت تنبیہ کی کہ وہ اپنے ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ صرف ریاستِ فلسطین ہی غزہ میں حکمرانی اور سیکیورٹی کی ذمہ داری سنبھالنے کی اہل ہے۔
یو این جی اے میں دو ریاستی حل پر خصوصی اجلاس سے ویڈیو لنک خطاب میں عباس نے کہا: "ریاستِ فلسطین ہی وہ واحد فریق ہے جو غزہ میں مکمل حکمرانی اور سیکیورٹی کی ذمہ داری لے سکتا ہے۔ یہ ایک عبوری انتظامی کمیٹی کے ذریعے ہوگا جو مغربی کنارے کی فلسطینی حکومت کے ماتحت ہوگی اور عرب و بین الاقوامی حمایت و شمولیت کے ساتھ چلے گا۔"
انہوں نے کہا: "حماس کو حکومت میں کوئی کردار نہیں ملے گا۔ حماس اور دیگر گروپوں کو اپنے ہتھیار فلسطینی اتھارٹی کے حوالے کرنے ہوں گے۔ ہم ایک متحدہ ریاست چاہتے ہیں، ہتھیاروں کے بغیر، ایک قانون والی ریاست، ایک جائز سیکیورٹی فورس والی ریاست۔"
عباس نے یو این جی اے کی جانب سے جولائی میں منظور کیے گئے "نیویارک ڈیکلریشن" کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلسطینی ریاست کے قیام کے "ناقابلِ واپسی راستے" کی شروعات ہے، جو مشرقی یروشلم کو دارالحکومت بنائے گی اور اسرائیل کے ساتھ امن سے رہے گی۔
انہوں نے فوری اور مستقل جنگ بندی، اقوام متحدہ کے ذریعے انسانی امداد تک غیر مشروط رسائی، تمام یرغمالیوں اور قیدیوں کی رہائی اور اسرائیلی فوج کے غزہ سے انخلا کا مطالبہ کیا۔ عباس نے قاہرہ انٹرنیشنل کانفرنس کے ذریعے غزہ اور مغربی کنارے کی تعمیر نو پر بھی زور دیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا: "ہم قابض افواج کے جرائم کی مذمت کرتے ہیں۔ ہم شہریوں کے قتل اور گرفتاریوں کی بھی مذمت کرتے ہیں، جن میں 7 اکتوبر 2023 کو حماس کے اقدامات بھی شامل ہیں۔" انہوں نے اسرائیل کی بستیوں کے توسیعی منصوبوں، الحاقی پالیسیوں، آبادکاروں کے تشدد اور اسلامی و مسیحی مقدس مقامات پر حملوں پر بھی کڑی تنقید کی۔
اسرائیل کے مطابق 7 اکتوبر کے حماس حملوں میں 1,200 افراد ہلاک ہوئے، جبکہ غزہ میں اسرائیلی جوابی کارروائیوں کے نتیجے میں 65,000 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ (اے این آئی)