ایران کے ساتھ جنگ ​​بندی پر معاہدہ، "اگلے ہفتے میں" متوقع: ٹرمپ

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 02-06-2026
ایران کے ساتھ جنگ ​​بندی پر معاہدہ،
ایران کے ساتھ جنگ ​​بندی پر معاہدہ، "اگلے ہفتے میں" متوقع: ٹرمپ

 



واشنگٹن
 امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرقِ وسطیٰ میں سفارتی پیش رفت کے حوالے سے امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں توقع ہے کہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران تہران کے ساتھ ایسا معاہدہ طے پا جائے گا جس سے جنگ بندی میں توسیع ہوگی اور اہم بحری گزرگاہ میں بحری آمد و رفت بحال ہو سکے گی۔
امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے اس اہم بحری راستے کو دوبارہ کھولنے کے لیے تیار کیے گئے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) کی حتمی منظوری ابھی نہیں دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے ابھی چند نکات پر مزید اتفاق رائے درکار ہے۔
ٹرمپ کا یہ بیان اس اعلان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات "تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں"، حالانکہ حالیہ دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان جوابی حملوں کے تبادلے نے جنگ بندی کو شدید دباؤ میں ڈال دیا ہے۔
پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر اپنے پیغام میں ٹرمپ نے لکھا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ مذاکرات تیز رفتاری سے جاری ہیں۔تاہم یہ سفارتی پیش رفت ایک انتہائی کشیدہ ماحول میں ہو رہی ہے۔ تقریباً دو ماہ قبل کئی ہفتوں کی شدید کشیدگی کے بعد قائم ہونے والی جنگ بندی کو اس وقت نئے خطرات لاحق ہو گئے جب ہفتے کے اختتام اور پیر کے روز امریکی اور ایرانی افواج کے درمیان جوابی حملے ہوئے۔ ان واقعات کے بعد خدشات پیدا ہو گئے ہیں کہ جنگ بندی ٹوٹ سکتی ہے اور سفارتی عمل مکمل طور پر تعطل کا شکار ہو سکتا ہے۔
علاقائی کشیدگی کو کم کرنے کی کوششوں کے تحت ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو اور حزب اللہ کے نمائندوں سے بھی بات چیت کی ہے۔
ٹرمپ نے کہا کہ میری اسرائیل کے وزیر اعظم بی بی نیتن یاہو سے انتہائی مثبت گفتگو ہوئی اور اب کوئی فوج بیروت نہیں جائے گی، جبکہ جو فوجی وہاں جا رہے تھے انہیں بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔امریکی صدر نے مزید دعویٰ کیا کہ حزب اللہ نے بھی اسرائیل کے خلاف کارروائیاں روکنے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے اتفاق کیا ہے کہ ہر قسم کی فائرنگ بند ہو جائے گی۔ اسرائیل ان پر حملہ نہیں کرے گا اور وہ اسرائیل پر حملہ نہیں کریں گے۔دوسری جانب ایسی اطلاعات بھی سامنے آئیں کہ تہران مذاکراتی عمل سے دستبردار ہو سکتا ہے، تاہم ٹرمپ نے ان خبروں کو مسترد کر دیا۔
این بی سی نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ اگر وہ بات چیت ختم بھی کر دیں تو مجھے لگتا ہے یہ بھی ٹھیک ہے، لیکن انہوں نے ہمیں اس بارے میں باضابطہ طور پر کچھ نہیں بتایا۔انہوں نے مزید کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم وہاں جا کر ہر طرف بمباری شروع کر دیں گے۔یہ تمام سفارتی سرگرمیاں ایسے وقت میں جاری ہیں جب لبنان میں اسرائیل کی فوجی کارروائیاں خطے میں امن کی کوششوں کو متاثر کر سکتی ہیں۔
ہفتے کے اختتام پر اسرائیلی افواج نے گزشتہ 26 برسوں میں پہلی مرتبہ لبنان کے اندر اپنی سب سے گہری زمینی کارروائی انجام دی۔اس کے بعد پیر کو نیتن یاہو نے بیروت کے جنوبی مضافاتی علاقوں، جو حزب اللہ کے زیرِ اثر سمجھے جاتے ہیں، پر نئے حملوں کا حکم دیا، جس سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھ گئی۔رپورٹس کے مطابق ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ انہی فضائی حملوں کے فوراً بعد ہوا تھا۔ادھر ایران نے لبنان میں فوجی کارروائیوں کے بعد واشنگٹن کے ساتھ سفارتی ثالثوں کے ذریعے پیغامات کے تبادلے کا عمل معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے پیر کو ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ بندی ہر محاذ پر لاگو ہوتی ہے، جس میں لبنان بھی شامل ہے۔ اگر کسی ایک محاذ پر جنگ بندی کی خلاف ورزی ہوتی ہے تو اسے تمام محاذوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔ امریکہ اور اسرائیل ایسی کسی بھی خلاف ورزی کے نتائج کے ذمہ دار ہوں گے۔