ٹرمپ کا دورہ امریکہ چین تعلقات کو "مستحکم اور بہتر بنانے" کا موقع فراہم کرے گا : چینی میڈیا
بیجنگ
چائنا ڈیلی میں پیر کے روز شائع ہونے والے ایک اداریے میں کہا گیا ہے کہ 13 سے 15 مئی تک امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا چین کا دورہ، بڑھتی ہوئی عالمی غیر یقینی صورتحال کے درمیان دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے تعلقات کو بہتر بنانے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے۔’’چین۔امریکہ تعلقات کو مستحکم اور بہتر بنانے کے لیے سربراہانِ مملکت کی سفارت کاری کا موقع‘‘ کے عنوان سے شائع اداریے میں کہا گیا کہ امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا آئندہ دورۂ چین، ایسے وقت میں چین۔امریکہ تعلقات کو مستحکم اور بہتر بنانے میں مدد دینے کا ایک قیمتی موقع فراہم کرتا ہے جب دنیا بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال سے گزر رہی ہے۔
اداریے میں فروری میں صدر ٹرمپ کے ساتھ ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے کہا گیا کہ چینی صدر شی جن پنگ نے اس بات پر زور دیا تھا کہ ’’دونوں ممالک کو اس سال کو باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کا سال بنانا چاہیے، اور چین۔امریکہ تعلقات کے عظیم جہاز کو آندھیوں اور طوفانوں کے باوجود مضبوطی سے آگے بڑھانا چاہیے تاکہ مزید بڑے اور بہتر کام انجام دیے جا سکیں۔
اداریے میں کہا گیا کہ ٹرمپ کا یہ دورہ ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب عالمی معیشت سست رفتار ترقی، مسلسل جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور سپلائی نظام و مالیاتی بازاروں پر بڑھتے دباؤ کا سامنا کر رہی ہے۔اس میں کہا گیا کہ ایسے پس منظر میں چین اور امریکہ کے درمیان قریبی تال میل عالمی توقعات کو مستحکم کرنے، بین الاقوامی بازاروں کو سہارا دینے اور عالمی معاشی بحالی پر اعتماد مضبوط کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان براہِ راست گفتگو کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اداریے میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں کے لیے ضروری ہے کہ وہ آمنے سامنے کھل کر اور گہرائی کے ساتھ بات چیت کریں تاکہ یہ طے کیا جا سکے کہ دونوں ممالک اہم عالمی اور علاقائی مسائل کو مل کر کس طرح حل کر سکتے ہیں اور عملی تعاون کو کیسے آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔ یہ نہ صرف چین اور امریکہ کے مشترکہ مفادات کے مطابق ہے بلکہ پوری دنیا کے امن، استحکام اور ترقی کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
اداریے میں واشنگٹن اور بیجنگ کے درمیان جاری مسابقت کو بھی تسلیم کیا گیا، جس میں محصولاتی تنازعات اور ٹیکنالوجی کی دوڑ شامل ہے، تاہم اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ دونوں معیشتیں ایک دوسرے سے گہرائی سے جڑی ہوئی ہیں۔
اداریے میں کہا گیا کہ محصولاتی جنگ، پابندیوں اور امریکہ کی جانب سے ’خطرات کم کرنے‘ کے اقدامات کے باوجود دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتیں عالمی قدراتی زنجیروں میں گہرائی سے پیوست ہیں،‘‘ اور مزید کہا گیا کہ ’’کوئی بھی فریق معاشی علیحدگی کی قیمت سے نہیں بچ سکتا۔‘‘
اس میں مزید کہا گیا کہ اس صورتحال سے ’’عملی مذاکرات اور تعاون کی گنجائش پیدا ہوتی ہے‘‘، خاص طور پر ماحولیاتی نظم و نسق، مصنوعی ذہانت کے ضابطے، منشیات کے خلاف تعاون اور معاشی استحکام جیسے شعبوں میں۔
ساتھ ہی اداریے میں اس بات پر زور دیا گیا کہ تائیوان کا مسئلہ دوطرفہ تعلقات کے مرکز میں برقرار ہے۔ اداریے میں کہا گیا، ’’تائیوان کا سوال کئی مسائل میں سے صرف ایک مسئلہ نہیں بلکہ چین کے بنیادی مفادات کا مرکز اور دوطرفہ تعلقات میں سب سے حساس سرخ لکیر ہے۔‘‘
اس میں مزید کہا گیا کہ ’’ایک چین اصول اور چین۔امریکہ کے تین مشترکہ اعلامیوں کا احترام کوئی ایسی سفارتی ترجیح نہیں جس پر سودے بازی کی جا سکے، بلکہ یہ مستحکم تعلقات کے لیے ایک لازمی شرط ہے۔‘‘
کسی بھی غلط فہمی یا لغزش سے خبردار کرتے ہوئے اداریے میں کہا گیا کہ اختلافات کو دانشمندی سے حل کرنا اور تائیوان کے معاملے میں کسی بھی غلط فہمی سے بچنا نہ صرف دوطرفہ استحکام بلکہ ایشیا۔بحرالکاہل خطے میں امن اور سلامتی کے لیے بھی انتہائی ضروری ہے۔
اداریے میں یہ مؤقف بھی اختیار کیا گیا کہ امریکہ اور چین کے درمیان بہتر مکالمہ اور تعاون دونوں ممالک کے ساتھ پوری دنیا کے لیے فائدہ مند ہوگا۔ اس میں کہا گیا، ’’دنیا کی دو سب سے بڑی معیشتوں کے درمیان اگر بے قابو مسابقت شروع ہو جائے تو اس سے کسی کا فائدہ نہیں ہوگا۔چین کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کی جانب سے پیر کے روز جاری اعلان کے مطابق، امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ چینی صدر شی جن پنگ کی دعوت پر 13 سے 15 مئی تک چین کے سرکاری دورے پر جائیں گے۔’’ایکس‘‘ پر ایک پوسٹ میں چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے کہا، ’’صدر شی جن پنگ کی دعوت پر امریکہ کے صدر ڈونالڈ جے ٹرمپ 13 سے 15 مئی تک چین کے سرکاری دورے پر رہیں گے۔‘‘