ٹرمپ کا بگرام ایئر بیس دوبارہ حاصل کرنے کا پلان

Story by  اے این آئی | Posted by  Aamnah Farooque | Date 20-09-2025
ٹرمپ کا بگرام ایئر بیس دوبارہ حاصل کرنے کا پلان
ٹرمپ کا بگرام ایئر بیس دوبارہ حاصل کرنے کا پلان

 



واشنگٹن/ آواز دی وائس
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ واشنگٹن افغانستان میں بگرام ایئر بیس دوبارہ حاصل کرنے کے لیے کام کر رہا ہے، جسے انہوں نے چین کے جوہری ہتھیاروں کے پیداواری مراکز کے قریب واقع ہونے کی وجہ سے اسٹریٹجک طور پر اہم قرار دیا۔
ٹرمپ نے برطانوی وزیرِاعظم کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ ہم اسے (بگرام ایئر بیس) واپس لینے کی کوشش کر رہے ہیں، یہ شاید ایک بریکنگ نیوز ہو سکتی ہے۔ ہم اسے واپس لینا چاہتے ہیں، کیونکہ انہیں ہم سے کچھ چیزیں چاہیے۔ ہم وہ بیس واپس چاہتے ہیں۔ اس کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ جیسا کہ آپ جانتے ہیں، یہ اس جگہ سے صرف ایک گھنٹے کی دوری پر ہے جہاں چین اپنے جوہری ہتھیار بناتا ہے۔ بہت سی چیزیں ہو رہی ہیں۔
 امریکی کانگریس کے کئی اراکین نے ٹرمپ کے مؤقف کی حمایت کی ہے اور بگرام ایئر بیس دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کو اسٹریٹجک اور درست قرار دیا ہے۔ بیجنگ نے ٹرمپ کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لن جیان نے کہا کہ چین افغانستان کی آزادی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرتا ہے۔ افغانستان کا مستقبل اس کے عوام کے ہاتھ میں ہونا چاہیے۔ ہم تمام فریقوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ علاقائی امن اور استحکام میں تعمیری کردار ادا کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں محاذ آرائی کو ہوا دینا عوامی حمایت سے خالی ہے۔
اسلامی امارت نے ابھی تک کوئی سرکاری ردِعمل نہیں دیا ہے۔ تاہم اس سے قبل افغانستان کے وزیرِ خارجہ امیر خان متقی نے کہا تھا کہ افغان سرزمین کا ایک انچ بھی غیر ملکی فوجی موجودگی کے لیے قابلِ قبول نہیں۔ یہ پیغام صدر ٹرمپ اور دیگر ممالک تک پہنچنا چاہیے۔ روابط صرف سیاسی اور اقتصادی ہوں گے۔
افغان وزارتِ خارجہ کے دوسرے سیاسی شعبے کے سربراہ ذاکر جلالی نے بھی اسی مؤقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ افغانوں نے کبھی فوجی موجودگی کو قبول نہیں کیا۔ یہ دوحہ معاہدے میں مکمل طور پر مسترد کر دیا گیا تھا، لیکن دیگر روابط کے دروازے کھلے ہیں۔
یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حالیہ مہینوں میں روس نے بار بار خبردار کیا ہے کہ مغرب بالخصوص امریکہ افغانستان میں دوبارہ فوجی موجودگی قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔