ٹرمپ کی نئی تجویز۔ آبنائے ہرمز کا نام بدل کر آبنائے ٹرمپ رکھنے کی بات

Story by  اے این آئی | Posted by  [email protected] | Date 03-09-2026
ٹرمپ کی نئی تجویز۔ آبنائے ہرمز کا نام بدل کر آبنائے ٹرمپ رکھنے کی بات
ٹرمپ کی نئی تجویز۔ آبنائے ہرمز کا نام بدل کر آبنائے ٹرمپ رکھنے کی بات

 



واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آبنائے ہرمز کا نام تبدیل کرکے اسے آبنائے ٹرمپ رکھنے کی تجویز پیش کی ہے۔ یہ تجویز ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایران کے ساتھ جاری جنگ اور اس اہم آبی گزرگاہ پر کشیدگی بدستور برقرار ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹرمپ نے بدھ کو اپنے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پیغام میں کہا کہ اب جبکہ یہ امریکہ کے کنٹرول میں ہے تو کیا آبنائے ہرمز کا نام بدل کر آبنائے ٹرمپ رکھ دینا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی طرح یہ نام بھی پہلے سے زیادہ مشہور ہو جائے گا۔

ٹرمپ کی جانب سے کسی اہم جغرافیائی مقام کا نام تبدیل کرنے کی یہ تازہ ترین تجویز ہے۔ اس سے ایک ہفتہ قبل انہوں نے کینیڈا کے ساتھ تجارتی تنازع کے دوران جھیل اونٹاریو کا نام بدل کر جھیل امریکہ رکھنے کی بھی بات کی تھی۔

اس سے پہلے جنوری 2025 میں اپنی صدارت کے پہلے ہی دن ٹرمپ نے خلیج میکسیکو کا نام تبدیل کرکے خلیج امریکہ رکھنے کا حکم دیا تھا۔ تاہم میکسیکو اور کینیڈا نے ان ناموں کی تبدیلی کو تسلیم نہیں کیا۔

ٹرمپ ماضی میں بھی مختلف مقامات کے نام تبدیل کرنے سے متعلق بیانات دیتے رہے ہیں۔ بعض تجاویز ابتدا میں مزاحیہ یا غیر رسمی انداز میں سامنے آئیں لیکن بعد میں انہوں نے انہیں عملی شکل دینے کی کوشش بھی کی۔

آبنائے ہرمز پر تنازع برقرار

حالیہ ہفتوں کے دوران ٹرمپ متعدد مرتبہ آبنائے ہرمز پر امریکی خودمختاری قائم کرنے کی بات اور دھمکی دے چکے ہیں۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک نقشہ بھی جاری کیا تھا جس میں اس اہم آبی گزرگاہ کو امریکہ کا نیا علاقہ ظاہر کیا گیا تھا۔

امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے شروع کی گئی جنگ کے بعد ایران نے مؤثر طور پر آبنائے ہرمز کے راستے آمدورفت کو بند کر رکھا ہے۔ دنیا بھر میں تیل کی ایک بڑی مقدار اسی آبی راستے سے گزرتی ہے اور اندازاً عالمی تیل کی ترسیل کا تقریباً پانچواں حصہ آبنائے ہرمز کے ذریعے ہوتا ہے۔

منگل کو آبنائے ہرمز کے قریب امریکی افواج کی جانب سے تازہ حملوں کے بعد بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر اضافہ دیکھا گیا۔

امریکی صدر کا کہنا ہے کہ یہ حملے ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز میں نئی بارودی سرنگیں بچھانے کی مبینہ کوششوں کے جواب میں کیے گئے۔

آبنائے ہرمز پر جاری کشیدگی کے درمیان ٹرمپ کی جانب سے اس کا نام تبدیل کرکے آبنائے ٹرمپ رکھنے کی تجویز نے ایک نئے تنازع کو جنم دے دیا ہے۔