واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ آئندہ وسط مدتی انتخابات کے نتائج سے زیادہ اپنی طویل مدتی سیاسی طاقت اور 2028 کے صدارتی انتخاب پر اثر و رسوخ برقرار رکھنے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ یہ بات ایک Axios کی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ٹرمپ کے مشیروں کا ماننا ہے کہ اگرچہ وہ چاہتے ہیں کہ ریپبلکن پارٹی ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں اپنی اکثریت برقرار رکھے لیکن اگر ڈیموکریٹک پارٹی کانگریس کا کنٹرول حاصل بھی کر لے تو بھی ریپبلکن پارٹی میں ٹرمپ کی حیثیت کمزور نہیں ہوگی بلکہ مزید مضبوط ہو سکتی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ٹرمپ وسط مدتی انتخابات کے بعد کے دور کو ریپبلکن پارٹی پر اپنی گرفت مزید مضبوط کرنے اور 2028 کے صدارتی انتخاب کی سمت متعین کرنے کے موقع کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔Axios کے مطابق ٹرمپ ایسے رہنما نہیں ہیں جو اپنی سیاسی جگہ دوسروں کے لیے آسانی سے چھوڑ دیں یا اپنے جانشین کو آگے بڑھائیں۔ اس کے برعکس وہ اپنی سیاسی طاقت کے ذریعے پارٹی کی قیادت اور مستقبل کی حکمت عملی پر اثر انداز رہنا چاہتے ہیں۔
اگر ریپبلکن پارٹی سینیٹ میں اکثریت برقرار رکھنے میں کامیاب رہتی ہے تو ٹرمپ کے حامی سینیٹر اہم کمیٹیوں کی قیادت سنبھال سکتے ہیں۔ رپورٹ میں یوٹاہ کے سینیٹر مائیک لی وسکونسن کے رون جانسن اور فلوریڈا کے رک اسکاٹ کے نام بھی لیے گئے ہیں۔رپورٹ کے مطابق ایوان نمائندگان بھی ٹرمپ کے مزید قریب آ سکتا ہے کیونکہ ان کے بعض ناقدین کی جگہ ایسے ارکان لے سکتے ہیں جنہیں ٹرمپ کی حمایت حاصل رہی ہے۔Axios کا کہنا ہے کہ ریپبلکن ووٹروں پر ٹرمپ کی مضبوط گرفت انہیں 2028 کے صدارتی امیدوار کے انتخاب اور پارٹی کے سیاسی بیانیے کی تشکیل میں مرکزی کردار ادا کرنے کا موقع دے گی۔
رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ٹرمپ 2028 کے لیے جے ڈی وینس اور مارکو روبیو کی مشترکہ صدارتی انتخابی ٹکٹ کے خواہاں ہیں اور اگر ان کا اثر و رسوخ برقرار رہا تو وہ اپنی یہ خواہش پوری کر سکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیر خارجہ مارکو روبیو جیسے ممکنہ امیدواروں کے لیے ٹرمپ کی حمایت حاصل کرتے ہوئے ان سے سیاسی فاصلہ اختیار کرنا آسان نہیں ہوگا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمپ صدارت کے بعد بھی اپنے سیاسی روابط اور چندہ جمع کرنے کی صلاحیت کے ذریعے اپنا اثر برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔ ایک مشیر کے مطابق ٹرمپ کو یہ احساس پسند ہے کہ جب وہ کسی سے چندہ مانگتے ہیں تو لوگ انہیں رقم دیتے ہیں۔ ایک اور مشیر نے کہا کہ ریپبلکن رہنما مستقبل میں بھی ٹرمپ کی حمایت حاصل کرنے کے خواہش مند رہیں گے۔
Axios کے مطابق ٹرمپ 2028 میں دوبارہ صدارتی انتخاب لڑنے کے امکان کو آخری وقت تک زندہ رکھ سکتے ہیں۔ اگرچہ یہ امکان ان کے سیاسی اثر و رسوخ کو برقرار رکھنے اور ممکنہ جانشینوں کو اپنے قریب رکھنے کی حکمت عملی کا حصہ بھی ہو سکتا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ وائٹ ہاؤس فلوریڈا کے گورنر رون ڈی سینٹس ٹیکساس کے سینیٹر ٹیڈ کروز اور مسوری کے سینیٹر جوش ہالی جیسے دیگر ممکنہ رہنماؤں پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے۔Axios کے مطابق وسط مدتی انتخابات کے بعد سب سے بڑا سیاسی تصادم کانگریس کی نگرانی کے اختیارات کے معاملے پر ہو سکتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر ٹرمپ اپنی انتظامیہ خاندان یا قریبی ساتھیوں کو کانگریس کی تحقیقات یا معلومات فراہم کرنے سے انکار کرنے کی ہدایت دیتے ہیں تو اس سے آئینی تنازع پیدا ہو سکتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق کانگریس کی نگرانی کا اختیار قانون سازوں کے پاس موجود اہم ترین اختیارات میں سے ایک ہے اور یہی معاملہ ٹرمپ کی صدارت کے آخری دو برسوں میں اختیارات کی حدود پر بڑی کشمکش کا سبب بن سکتا ہے۔